اگر آپ سے پوچھا جائے کہ انڈین فلم انڈسٹری کی امیر ترین اداکارہ کون ہیں تو شاید آپ کا جواب دپیکا پاڈوکون، ایشوریہ رائے، عالیہ بھٹ، پرینکا چوپڑا یا کترینہ کیف ہو سکتا ہے۔
لیکن ان میں سے کوئی جواب بھی درست نہیں ہے بلکہ ان سب کی دولت کو اگر ایک پلڑے میں رکھا جائے اور دوسرے پلڑے میں جوہی چاؤلہ کی دولت کو رکھا جائے تو جوہی چاؤلہ کی دولت کا پلڑا جُھک جائے گا۔
انڈیا کی یہ امیر ترین اداکارہ یوں ہی امیر ترین نہیں ہیں بلکہ اس میں ان کے کاروباری فیصلوں کا عمل دخل شامل ہے۔
ایک بار جب جوہی چاؤلہ سے کسی نے ان کی ناکام فلموں کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ اُن کے ’خراب فیصلے تھے۔‘
ہاں! تو ہم لوگ آج جوہی چاؤلہ کی بات کیوں کر رہے ہیں۔ دراصل وہ 57 سال قبل آج ہی کے دن دہلی کے قریب معروف ہریانوی شہر امبالہ میں ایک پنجابی خاندان میں پیدا ہوئیں۔
اُن کے والد انڈین ریوینیو سروس میں ملازمت کرتے تھے جس کی وجہ سے اُن کا کنبہ بمبئی (آج ممبئی) منتقل ہو گيا جہاں انہوں نے اپنے سکول اور کالج کی تعلیم مکمل کی۔
دنیا بھر میں اداکاراؤں کے لیے مقابلۂ حسن کے راستے فلموں میں آنے کا راستہ سب سے آسان مانا جاتا ہے اور انڈیا میں 1980 کی دہائی کے بعد سے اس میں کافی تیزی نظر آتی ہے۔
پہلے میناکشی سیشادری 1981 میں 17 سال کی عمر میں مس انڈیا بنتی ہیں اور 1984 میں فلم ’ہیرو‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھتی ہیں اور اُن کی پہلی ہی فلم سُپرہٹ ہوتی ہے۔
ان کے نقش قدم پر 13 نومبر سنہ 1967 کو پیدا ہونے والی جوہی چاؤلہ بھی 17 برس کی عمر میں مس انڈیا بنتی ہیں اور پھر 1986 میں فلم ’سلطنت‘ میں ایک چھوٹے سے رول سے فلموں میں آتی ہیں۔
تاہم عامر خان کی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں وہ پہلی بار ہیروئن کے طور پر آتی ہیں اور یہ فلم ان کی زندگی کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔
اس فلم کے بعد جوہی چاؤلہ نے اپنے حسن اور اداکاری سے جو قیامت ڈھائی ہے اس کی دھنک آج بھی محسوس کی جاتی ہے۔
شیکسپیئر کے معروف ڈرامے ’رومیو جولیٹ‘ کی طرز پر بننے والی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کے لیے انہیں فلم فیئر کے لکس نیو فیس آف دی ایئر کا خطاب ملتا ہے وہیں انہیں بہترین اداکارہ کے لیے بھی نامزد کیا جاتا ہے۔
اداکارہ جوہی چاؤلہ نے سنہ 1995 میں کروڑ پتی تاجر جے مہتا کے ساتھ شادی کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یہ فلم لیلیٰ مجنوں، ہیر رانجھا اور رومیو جولیٹ کی کہانیوں کی طرح کلٹ فلموں میں شامل ہوئی اور جوہی چاؤلہ عامر خان کے ساتھ راتوں رات مشہور ہو گئیں۔
اس کے بعد ان کی جوڑی نے 1988 سے 1993 کے درمیان کئی فلمیں دیں جن میں ’لوَو لوَو لوَو‘، ’تم میرے ہو‘، ’دولت کی جنگ‘ اور ’ہم ہیں راہی پیار کے‘ شامل ہیں۔
’ہم ہیں راہی پیار‘ کے لیے جوہی چاؤلہ کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس دوران انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ بھی کی تھی۔
ان کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے زمانے کی بہترین اداکاراؤں پر بھاری پڑتی تھیں۔ فلم ’عشق‘ میں ان کے ساتھ کاجول تھیں لیکن جوہی چاؤلہ ان پر سبقت لے جاتی نظر آئیں۔ اسی طرح ’گلاب گینگ‘ میں وہ مادھوری ڈکشٹ پر حاوی نظر آئیں۔
ان کی خوب صورتی کو ہر عمر کے افراد نے سراہا۔ وہ ایک ایسی اداکارہ ہیں جنہیں سلمان خان نے شادی کی پیش کش کی لیکن جوہی چاؤلہ کی جانب سے اس پیش کش کو مسترد کر دیا گیا۔
شاید یہی وجہ ہے کہ سلمان خان کے ساتھ اُن کی کوئی بڑی فلم نہیں ہے، البتہ انہوں نے سلمان خان کی فلم میں چھوٹے چھوٹے کردار ضرور ادا کیے ہیں۔
جوہی چاؤلہ نے ’امر پریم‘، ’بول رادھا بول‘ اور ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ جیسی فلموں سے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
جوہی چاؤلہ آئی پی ایل میں شاہ رخ خان کے ساتھ کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں حصہ دار ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’شاہ رخ کو سٹار بنا دیا‘
عامر خان کے بعد انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کئی کامیاب فلمیں کیں۔ ان دونوں نے ایک ساتھ کم سے کم ایک درجن فلموں میں کام کیا۔ ان میں ’ڈر‘، ’رام جانے‘، ’ون ٹو کا فور‘، ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘، ’یس باس‘ اور ’قسمت کنکشن‘ اہم ہیں۔
جوہی چاؤلہ نے کئی جگہ برملا کہا کہ جب انہوں نے شاہ رخ خان کو ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ کے سیٹ پر پہلی بار دیکھا تھا تو انہیں گہرا صدمہ پہنچا تھا اور انہوں نے کہا کہ پروڈیوسر نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا۔
انہیں بتايا گیا تھا کہ شاہ رخ خان، عامر خان ہی کی طرح ہیں۔ تو جوہی چاؤلہ نے پوچھا وہ کس زاویے سے عامر خان کی طرح ہیں؟
انہوں نے شاہ رخ خان کے بارے میں کہا کہ ’یہ کالا ہے، یہ دیکھنے میں گندا ہے اور اس کے بال بھی عجیب سے ہیں‘ لیکن پھر ان دونوں نے رنگ رُوپ سے اوپر اٹھ کر کام کیا۔
جوہی چاؤلہ جو اپنی کامک ٹائمنگ کے لیے جانی جاتی ہیں نے کئی مواقع پر کہا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کو سٹار بنا دیا۔
یاد رہے کہ فلم ’قسمت کنکشن‘ ان کی آخری ہٹ فلم ہے جو سنہ 2008 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے وہ اب بھی فلموں میں مختلف النوع کردار کرتی نظر آتی ہیں جن میں زیادہ تر ماں اور بہن کا رول ہوتا ہے۔
لیکن اس سے کہیں زیادہ وہ کرکٹ کی معروف ترین لیگ آئی پی ایل میں منہمک نظر آتی ہیں کیونکہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں حصہ دار ہیں۔
جوہی چاؤلہ کو سلمان خان نے شادی کی پیش کش کی تھی لیکن انہوں نے اسے قبول نہ کیا (فائل فوٹو: سکرین گریب)
ان کی اپنی انٹرٹینمنٹ کمپنی ’ریڈ چیلیز‘ ہے جو فلمیں پروڈیوس کرنے کے علاوہ فلموں سے منسلک بہت سے وینچرز میں شامل ہے۔
وہ شاہ رخ خان کے بعد انڈیا کی امیر ترین فلمی ہستی ہیں۔ وہ ان برانڈ ناموں میں سے ایک ہیں جو انڈین سنیما میں دلکشی اور ٹیلنٹ کا امتزاج کہی جا سکتے ہیں۔
وہ 2024 کے ہورون کی امیروں کی فہرست میں انڈیا کی امیر ترین اداکارہ کے طور پر سرفہرست ہیں اور اُن کی مجموعی دولت 4 ہزار 600 کروڑ انڈین روپے بتائی گئی ہے جو کہ تقریباً 580 ملین امریکی ڈالر بنتے ہیں۔
ان کے بعد ایشوریہ رائے بچن آتی ہیں جن کی مجموعی دولت 100 ملین امریکی ڈالر ہے جبکہ اُن کے بعد پرینکا چوپڑا ہیں جن کی دولت کوئی 80 ملین ڈالر ہے۔
دپیکا پاڈوکون اور عالیہ بھٹ ان کے بعد آتی ہیں جن کی دولت 60 ملین ڈالر ہے جبکہ کترینہ کیف 24 ملین ڈالر دولت کی مالک ہیں۔
اس طرح ان سب کی دولت کو ملا دیا جائے تو بھی جوہی چاؤلہ کی دولت ان سے کہیں زیادہ بنتی ہے۔
تاہم ان کی دولت صرف فلموں کی کمائی کا نتیجہ نہیں ہے۔ فلموں کی کمائی تو آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ ریڈ چیلیز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے علاوہ ان کی مختلف فرینچائزز میں شراکت داری ہے اور پھر ان کے کروڑ پتی تاجر شوہر جے مہتا کی دولت اس میں مزید اضافہ کرتی ہے۔
جوہی چاؤلہ نے سنہ 1995 میں جے مہتا کے ساتھ شادی کی اور پھر انہوں نے شاہ رخ کے ساتھ ڈریمز ان لمیٹڈ پروڈکشن کمپنی قائم کی جو بعد میں ریڈ چیلیز بن گئی۔ ڈریمز ان لمیٹڈ کے بینر تلے ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘ سمیت کئی فلمیں بنیں۔
اپنی 57 ویں سالگرہ پر جب وہ پیچھے مُڑ کر اپنی کامیابیوں کو دیکھیں گی تو انہیں یک گونہ سکون کے ساتھ اپنے فیصلوں پر فخر بھی ہوگا۔ ان کی اولاد میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے اور وہ بتاتی ہیں کہ ان کی بیٹی کو فلموں کے بجائے تصنیف و تالیف کا شوق ہے۔