پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات پر آمادہ مگر ’عمران خان کو مطمئن کرنا مشکل ہوگا‘

طویل احتجاجی مہم اور حکومتی اداروں سے جھڑپوں کے بعد بالآخر پاکستان تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر حکومت سے مذاکرات کا عندیہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک پانچ رُکنی کمیٹی بھی قائم کی ہے۔ لیکن پھر بھی فریقین کے درمیان مذاکرات کی فی الحال کوئی راہ نظر نہیں آ رہی۔
ایک طرف تو پی ٹی آئی کی قیادت حکومت سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے اور دوسری طرف بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد کی ایک عدالت میں حکومت کے خلاف ایک درخواست دائر کر دی ہے
Getty Images
ایک طرف تو پی ٹی آئی کی قیادت حکومت سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے اور دوسری طرف بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد کی ایک عدالت میں حکومت کے خلاف ایک درخواست دائر کر دی ہے

طویل احتجاجی مہم اور حکومتی اداروں سے جھڑپوں کے بعد بالآخر پاکستان تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر حکومت سے مذاکرات کا عندیہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک پانچ رُکنی کمیٹی بھی قائم کی ہے۔ لیکن پھر بھی فریقین کے درمیان مذاکرات کی فی الحال کوئی راہ نظر نہیں آ رہی۔

ابھی گذشتہ مہینے کی ہی بات ہے کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین عمران خان کی رہائی کا مطالبہ لیے دھرنا دینے اسلام آباد آئے تھے اوراس دوران پاکستانی دارالحکومت دو دنوں تک بند رہا۔ اس دوران پانچ سکیورٹی اہلکار اور پی ٹی آئی کے 12 کارکنان ہلاک ہوئے تھے۔

اس وقت بھی پی ٹی آئی کی جانب سے یہی کہا جاتا رہا کہ مذاکرات 'بااختیار' افراد سے ہوں گے اور یہاں بااختیار لوگوں سے مراد پاکستان کی طاقتور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ہی تھی۔

پھر ایسا کیا ہوا کہ چند ہی ہفتوں میں اچانک پی ٹی آئی کے مؤقف میں تبدیلی آ گئی اور انھوں نے حکومت سے مذاکرات کے لیے حامی بھرلی؟ اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش میں جو ایک اور سوال سامنے آیا وہ یہ تھا کہ مذاکراتی کمیٹی بننے کے باوجود کوئی بات چیت کیوں نہیں ہو رہی؟

پی ٹی آئی اور حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین سے گفتگو کے نتیجے میں یہ بات دیکھنے کو ملی کہ فریقین ایک دوسرے سے بات چیت میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے۔

نہ ہی حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے کوئی کمیٹی تشکیل دی ہے اور نہ ہی دونوں کے درمیان کوئی رابطے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی
Getty Images
’تحریک انصاف 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کروانے کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی‘

تاہم پاکستانی سیاست کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کم ہوتا ہوا دیکھنے کی خواہش رکھنے والوں کو ایک امید کی کرن اس وقت نظر آئی تھی جب قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کی ہمشیرہ کی موت پر تعزیت کرنے کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے علاوہ پی ٹی آئی کا وفد بھی آیا۔

لوگوں کو امید تھی کہ شاید اب قومی اسمبلی کے سپیکر کے دفتر سے مذاکراتی عمل شروع ہو سکے گا۔

مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی قیادت اتنے 'یوٹرن' لے چکی ہے کہ ان کی بات پر حکومت کو کوئی اعتبار نہیں ہے۔

بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جب تک پی ٹی آئی کی قیادت 9 مئی کے واقعات پر سرِعام معافی نہیں مانگتی اس وقت تک اس جماعت کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔‘

اگرچہ حکومتی وزرا 9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراؤ پر تحریک انصاف کی قیادت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں تاہم خود تحریک انصاف نے اُن پُرتشدد واقعات سے لاتعلقی ظاہر کی تھی، بلکہ عمران خان نے عسکری تنصیبات سمیت کئی سرکاری عمارتوں پر حملوں کو ’فالس فلیگ آپریشن‘ کہا تھا۔

ادھر پاکستانی سیاسی تجزیہ کار طلعت حسین کا بھی ماننا یہی ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر کسی طور بھی مذاکرات نہیں ہوں گے اور 'ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے یہ پیغام واضح ہے۔'

رانا ثنا اللہ کے مطابق اگر حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ہوں بھی جائیں تب بھی 'عمران خان کو مطمئن کرنا مشکل ہوگا کیونکہ اس جماعت میں اعتماد کا فقدان ہے۔'

پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم اور رانا ثنا اللہ دونوں نے تصدیق کی ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان کوئی رابطے میں نہیں۔

ایک طرف تو پی ٹی آئی کی قیادت حکومت سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے اور دوسری طرف جماعت کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں ایک درخواست دائر کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 26نومبر کو احتجاج کے دوران ڈی چوک پر کارکنان کے خلاف کارروائی کا مقدمہ وزیر اعظم سمیت دیگر افراد کے خلاف درج کیا جائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ مہینے پاکستان تحریکِ انصاف کے احتجاج کے دوران تین رینجرز اہلکاروں کی ہلاکت پر اسلام آباد کے ایک تھانے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف رینجرز کی مدعیت میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے آمادہ کیسے ہوئی؟

پی ٹی آئی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ بتاتے ہیں کہ ان کی جماعت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی عدالتی تحقیقات کروانے کے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد حکومت نے عدلیہ سمیت دیگر اداروں کواپنے 'تابع کرلیا ہے تو پھر ان واقعات سے متعلق عدالتی تحقیقات کروانے سے کیوں بھاگ رہی ہے۔'

انھوں نے کہا کہ 'عمران خان نے ہر ایک سے مذاکرات کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی ضرور بنائی ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائے۔'

تاہم پی ٹی آئی رہنما کے مطابق مذاکرات میں تمام ’سٹیک ہولڈرز‘ کو شامل کرنے سے ہی کامیابی مل سکتی ہے۔

پی ٹی آئی
Getty Images
رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی قیادت اتنے 'یوٹرن' لے چکی ہے کہ ان کی بات پر حکومت کو کوئی اعتبار نہیں ہے

سیاسی صوتحال پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کار طلعت حسین کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کا حکومت سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار دراصل اسٹیبلشمنٹ سے بڑھتی ہوئی دوری کا نتیجہ ہے۔

'مذاکرات کی بات اس وجہ سے کی جا رہی ہے کہ ان (پی ٹی آئی) کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کے تعلقات مزید خراب ہوئے ہیں اور ان کا مقصد اس بات سے توجہ ہٹانا ہے۔'

وہ کہتے ہیں کہ ’اگر 26 نومبر کے واقعات میں پی ٹی آئی کے کارکنان ہلاک ہوئے ہیں یا ان کے کچھ لوگ لاپتہ ہوئے ہیں تو خیبرپختونخوا میں ذمہ داران کے خلاف مقدمات کیوں نہیں درج کروائے گئے؟‘

’خیبر پختونخوا میں عدلیہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ریلیفدے رہی ہے تو پھر 26 نومبر کے واقعات سے متعلق عدالتی کمیشن تشکیل دینے کے لیے کوئی درخواست کیوں دائر نہیں کی گئی؟‘

انھوں نے کہا کہ 'پی ٹی آئی کی حکمت عملی یہ ہے کہ وہ مذاکرات کی بات کرکےخود کو معقول جماعت بنائیں۔'

تاہم سیاسی تجزیہ کار ماجد نظامی کہتے ہیں کہ ’26 نومبر کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کے لیے رضامندی کا اظہار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ 26 نومبر کا سخت حکومتی ردعمل ان کی سوچ میں تبدیلی کا سبب بنا ہے۔‘

'کیونکہ تحریک انصاف کی قیادت اس طرح کے حکومتی ردعمل کی توقع نہیں کر رہی تھی۔ چونکہ اس لمحے پر اندرونی اختلافات، کارکنوں میں مایوسی کی وجہ سے تحریک کسی خونی انقلاب یا مزید جلاو گھیراؤ کی متحمل نہیں ہو سکتی اس لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔'

تاہم طلعت حسین کے مطابق پی ٹی آئی کا مقصد عمران خان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کروانا ہے۔

'اگر پی ٹی آئی حکومت کے سامنے یہ مطالبہ رکھتی کہ کچھانتحابی حلقے کھول دیے جائیں یا الیکشن ٹربیونلز جلد درخواستوں پر فیصلہ سنا دے پھر تو کہا جاسکتا تھا کہ حکومت ان کے مطالبات ماننے کو تیار ہے۔ لیکن جب یہ کہا جائے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تو یہ معاملہ تو خود حکومت کے اختیار میں نہیں ہے۔'

دیگر سیاسی تجزیہ کاروں کے خیال میں اسٹیبلشمنٹ اب بھی پی ٹی آئی سے بات کرنے کو تیار ہے جس کی وجہ ملک کے معاشی حالات ہیں۔

ماجد نظامی کہتے ہیں کہ ’ملک کے نامساعد معاشی حالات اور سیاسی عدم استحکام کے پیشں نظر پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اس معاملے کو حل کرنے کی خواہش مند ضرور نظر آتی ہے۔

’لیکن اسٹیبلشمنٹ یہ بھی چاہتی ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو اس قدر کمزور اور مجبور کر دیا جائے کہ وہ مذاکرات کی میز پر من پسند شرائط کے ساتھ بیٹھنے کی بجائے عملی طور پر ممکن معاملات پر بات کریں۔'


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.