آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈالنے کی منظوری دے دی، رواں مالی سال کے لیے گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہونے والا ہے۔
اوگرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سوئی نادرن گیس کے نرخوں میں 8.71 فیصد جبکہ سوئی سدرن گیس کے لیے قیمت میں 25.78 فیصد کا بڑا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ تاہم، حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
سوئی نادرن گیس کے لیے اوسط قیمت 1778 روپے 35 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس کے لیے اوسط قیمت 1762 روپے 51 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اوگرا نے یہ سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہیں، اور اب سب کی نظریں حکومت کے حتمی فیصلے پر ہیں کہ آیا یہ اضافہ منظور کیا جائے گا یا نہیں۔
دوسری جانب عوام اس ممکنہ اضافے سے پریشان ہیں کہ بجلی، ایندھن اور دیگر اخراجات کے ساتھ گیس کے نرخوں میں اضافہ مزید مہنگائی کا طوفان لا سکتا ہے۔ اگر حکومت نے اوگرا کی سفارشات مان لیں تو گھریلو صارفین اور صنعتی شعبے کے لیے گیس مزید مہنگی ہوجائے گی۔