فلپائن کی حکومت نے عالمی حلال فوڈ مارکیٹ میں آئندہ سال اہم حیثیت اختیار کرنے کے لیے منگل کو نیشنل حلال انڈسٹری ڈویلپمنٹ آفس کا افتتاح کیا۔عرب نیوز کے مطابق اکثریتی کیتھولک عسیائی آبادی والے ملک فلپائن کی تقریباً 120 ملین آبادی میں 10 فیصد مسلمان آباد ہیں۔فلپائن کا یہ اقدام عالمی حلال فوڈ مارکیٹ جس کی مالیت 7 ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہے اس میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش ہے۔فلپائن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے اپنی رپورٹ میں بتایاہے’نیشنل حلال انڈسٹری ڈویلپمنٹ کا قیام فلپائن کو 2025 تک عالمی حلال انڈسٹری میں سب سے آگے لانے کے لیے ہے۔فلپائن میں حلال تصدیق شدہ مصنوعات اور خدمات کی تعداد کو دوگنا کرکے 230 ارب پیسو( 3.9 ارب ڈالر) تک سرمایہ کاری بڑھانے اور 2028 تک تقریباً 120000ملازمتیں فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔منیلا نے فلپائنی حلال مارکیٹ کے حوالے سے سعودی عرب اور ملائیشیا سمیت بین الاقوامی نمائشوں میں اپنی مصنوعات، ناریل کا تیل اور دیگر اشیاء سمیت اپنے مقامی حلال شعبے کو خاص فروغ دیا ہے۔
فلپائن عالمی حلال فوڈ مارکیٹ میں اہم حیثیت اختیار کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ڈی ٹی آئی حلال انڈسٹری اور تجارتی دفتر کے پروگرام مینجر دمنتانگ رادیا نے بتایا ہے ’نیشنل حلال انڈسٹری ڈویلپمنٹ کے قیام کے ساتھ یہ دفتر فلپائن میں تمام حلال ترقیاتی اقدامات کے لیے ایک مرکزی مربوط ادارے کے طور پر کام کرے گا۔‘
نیشنل حلال انڈسٹری ڈویلپمنٹ کا ادارہ ملک گیر ’حلال فرینڈلی فلپائن‘ مہم کی قیادت کرے گا جس کا مقصد حلال مصنوعات کی معاشی صلاحیت کے بارے میں آگہی بڑھانا اور غیر مسلموں کو بھی اس جانب راغب کرنا ہے۔
فلپائن میں حلال تصدیق شدہ مصنوعات اور خدمات کو دوگنا کرے گا۔ فوٹو عرب نیوز
دمنتانگ رادیا نے کہا نیشنل حلال انڈسٹری ڈویلپمنٹ کا قیام فلپائن کی حلال فوڈ انڈسٹری کے لیے ایک اہم موڑ ہے جو ہمارے اہداف کو حقیقیت میں بدلنے اور مزید کاروباری مواقع فراہم کرے گا۔
حلال انڈسٹری کا قیام مزید ملازمتیں فراہم کرنے کے ساتھ فلپائن کو عالمی سطح پر ’حلال دوست منزل‘ کے طور پر متعارف کرائے گا۔