عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایا جائے گا

image

اسلام آباد کی احتساب عدالت پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنائے گی۔

پیر کو عدالتی عملے نے تحریک انصاف کے وکیل خالد یوسف کو نئی تاریخ سے آگاہ کیا۔

گزشتہ ہفتے بدھ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی تھی۔

جج ناصر جاوید رانا نے کہا تھا کہ آج 23 دسمبر کو محفوظ فیصلہ سنایا جائے گا جس کی نئی تاریخ 6 جنوری کی دی گئی ہے۔

 بدھ کو فریقین کے وکلاء جبکہ اس سے ایک دن قبل پراسیکیوشن ٹیم نے اپنے حتمی دلائل مکمل کر لیے تھے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کے ٹرائل کو مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگا ہے۔

نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے۔ عمران خان  کے وکلا کی جانب سے 35 گواہان پر جرح بھی کی گئی۔ 

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک نے بیان ریکارڈ کروائے تھے۔ اس کیس میں سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی اپنا بیان رکارڈ کروایا تھا۔

بدھ کو کیس کی سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔ دونوں ملزمان کی جانب سے بیرسٹرسلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیرعباس چوہدری نے حتمی دلائل دیے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.