"الحمدللہ، اللہ نے اقصیٰ اور نصیر کو خوبصورت بیٹی آئیرا جیسی نعمت سے نوازا ہے۔ بیٹیاں اللہ کی رحمت کی جھلک ہوتی ہیں اور سب سے زیادہ قیمتی نعمت بھی۔ دعاؤں میں یاد رکھیے۔"
پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ اور عوام کے دلوں پر راج کرنے والے شاہد آفریدی ایک بار پھر اپنی زندگی کے خوبصورت ترین لمحات کا حصہ بنے۔ کرکٹ کے میدان میں چھکوں سے دل جیتنے والے ’لالہ‘ نے حال ہی میں اپنی بڑی بیٹی اقصیٰ کے ہاں بیٹی کی پیدائش کی خوشخبری شیئر کی، جس نے ان کے مداحوں کے چہروں پر بھی خوشی بکھیر دی۔
اقصیٰ آفریدی کی شادی گزشتہ سال نصیر ناصر خان کے ساتھ انجام پائی تھی اور اب وہ ایک ننھی پری کی ماں بن چکی ہیں۔ شاہد آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نواسی کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے ایک دل کو چھو لینے والی تصویر شیئر کی جس میں صرف ننھی جان کے معصوم پیر نظر آرہے ہیں۔
آفریدی نے کیپشن میں بیٹیوں کی عظمت کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ اللہ کی سب سے بڑی رحمت اور بے مثال نعمت ہیں۔ مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے ان کے الفاظ نے ہزاروں دلوں کو محبت اور احترام سے بھر دیا۔
یہ لمحہ آفریدی خاندان کے لیے کسی جشن سے کم نہیں کیونکہ رواں سال ہی شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا کے ہاں بھی بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد لالہ پہلی مرتبہ نانا بنے تھے۔ مگر اس بار وہ ایک نواسی کے نانا بنے ہیں، اور ان کی خوشی دیدنی ہے۔
شاہد آفریدی کی یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور مداحوں نے کمنٹس میں دعاؤں اور محبتوں کا سیلاب بہا دیا۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے نہ صرف آفریدی کی خوشی میں شریک ہونے کا اظہار کیا بلکہ ننھی آئیرا کو دعاؤں اور نیک تمناؤں سے نوازا۔
لالہ کی یہ خوشخبری جہاں ان کے مداحوں کے لیے خوشی کی نوید لے کر آئی، وہیں یہ لمحہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ بیٹیاں واقعی قدرت کا انمول تحفہ ہیں۔