حکومت نے سال 2025 کے لیے عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق آئندہ سال عوام کو مجموعی طور پر 40 چھٹیاں دی جائیں گی۔ ان میں سے 17 عام تعطیلات ہیں، جبکہ 23 اختیاری چھٹیاں ہوں گی۔ اہم قومی اور مذہبی مواقع پر چھٹیوں کی فہرست خاصی دلچسپ ہے۔ 5 فروری کو یومِ کشمیر کی چھٹی ہو گی، جبکہ 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔
مئی میں یکم کو یومِ مزدور اور 28 کو یومِ تکبیر منایا جائے گا۔ عیدالفطر کی خوشیاں 30 مارچ سے یکم اپریل تک تین دن تک جاری رہیں گی۔ اسی طرح عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں 7 سے 9 جون تک ہوں گی۔ محرم الحرام کی مناسبت سے 5 اور 6 جولائی کو نویں اور دسویں محرم کی چھٹی ہو گی۔ 14 اگست کو یومِ آزادی کا جشن منایا جائے گا، جبکہ 5 یا 6 ستمبر کو عید میلاد النبی ﷺ کی چھٹی دی جائے گی۔ 9 نومبر کو یومِ اقبال اور 25 دسمبر کو یومِ قائداعظم و کرسمس کی عام تعطیلات ہوں گی، جبکہ 26 دسمبر کو مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے بعد کی چھٹی مخصوص ہوگی۔
سال 2025 میں 1 جنوری، 1 مارچ، اور 1 جولائی کو بینکوں کی چھٹی بھی ہو گی، تاہم یہ صرف مالیاتی اداروں کے لیے مخصوص ہو گی۔ اسلامی چھٹیاں چاند کی رویت کے مطابق منائی جائیں گی، جن کے لیے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلم ملازمین کو سال بھر میں صرف ایک اختیاری چھٹی کی اجازت ہو گی، جبکہ غیر مسلم ملازمین تین اختیاری چھٹیاں لے سکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2023 میں کل چھٹیوں کی تعداد 38 تھی، جو 2025 میں بڑھا کر 40 کر دی گئی ہے۔ عوام کے لیے یہ خبر یقیناً خوش آئند ہے اور چھٹیاں پلان کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے