صوبہ بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس، رواں سال کیسز کی تعداد 65 ہو گئی

image

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے پولیو وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 65 ہو گئی ہے۔

منگل کو انسداد پولیو کے لیے کام کرنے والے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  پولیو کا نیا کیس بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سامنے آیا ہے۔

رواں سال کے دوران قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہونے والا یہ پولیو کا ساتواں کیس ہے۔

ہمسایہ ملک افغانستان اور پاکستان دنیا کے واحد ممالک ہیں جہاں پولیو کے وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا۔

نیشنل ایمرجنسی سینٹر کا کہنا ہے کہ رواں سال پولیو وائرس کے کُل 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 27 صوبہ بلوچستان سے، 18 خیبر پختونخوا، 18 سندھ اور ایک ایک کیس صوبہ پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد میں سامنے آیا ہے۔

بلوچستان میں پولیو مہم کا آغاز 30 دسمبر سے ہونا ہے جس کے تحت تمام 36 اضلاع  میں بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے۔

بلوچستان میں انسداد پولیو مہم تین مرتبہ مؤخر ہو چکی ہے۔ 

سات روزہ مہم شروع کرنے کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم سکیورٹی خدشات کی بنا پر مؤخر کر دی گئی

خیال رہے کہ پاکستان میں سنہ 1990 کی دہائی کے دوران تقریباً 20 ہزار کیسز سالانہ رپورٹ ہوتے تھے تاہم 2018 میں یہ تعداد کم ہو کر 8 رہ گئی تھی۔ سال 2023 میں پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2021 میں پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.