روس کی ایک عدالت نے امریکی شہری یوجین سپیکٹر کو جاسوسی کے الزام میں 15 برس قید کی سزا سنائی ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نے منگل کو رپورٹ کیا ہے کہ ایک امریکی شہری کو گزشتہ برس اگست میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔امریکی شہری یوجین سپیکٹر اس وقت روس میں رشوت ستانی کے الزام میں ساڑھے تین برس کی قید کاٹ رہے ہیں۔روس میں پیدا ہونے والے یوجین سپیکٹر امریکہ منتقل ہو گئے تھے اور وہ 2021 میں رشوت کیس میں گرفتاری سے قبل کینسر کے علاج کے لیے ادویات تیار کرنے میں مہارت رکھنے والی کمپنی میڈپولیمرپرام گروپ کے بورڈ کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔امریکی شہری یوجین سپیکٹر نے اپنے پہلے کیس سے متعلق عدالت میں مقدمے کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے روس کے سابق نائب وزیراعظم کے معاون کو رشوت دینے میں مدد کی تھی۔