9 مئی کے منصوبہ سازوں کے کیفر کردار تک پہنچنے تک انصاف کا سلسلہ جاری رہیگا ، ترجمان پاک فوج

image

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ جھوٹا بیانیہ کون بنا رہا ہے ، 9 مئی کا مقدمہ افواج پاکستان کا نہیں ، عوام پاکستان کا مقدمہ ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ 9 مئی کے حوالے سے افواج پاکستان کا موقف بہت واضح ہے۔ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے 9 مئی کے مجرمان کو سزائیں دینے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس پر بات کرنے والے کچھ عناصر ماضی میں اس کے حق میں تھے ، انصاف کا سلسلہ اس وقت تک چلے گا جب تک 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک کے ڈیجیٹل سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، احساس محرومی کا جھوٹا، مصنوعی بیانیہ بنایاجاتا ہے، بلوچستان میں احساس محرومی کے جھوٹے بیانے کا پردہ چاک ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ پاکستان ہی مضبوط پاکستان ہے ، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز کئے۔ دہشتگردی کی لعنت سے نمٹنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ  دہشتگرد معصوم لوگوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے نوجوانوں کو استعمال کرتے ہیں۔ ملک سے آخری خارجی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ، ملک کی سالمیت اور خودمختاری کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ہم اپنے ایمان، وطن اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج بھارت کے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم رکھا ہے  بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت دیگر ممالک میں سکھوں کے قتل میں بھی ملوث ہے، بھارت میں سازش کے تحت اقلیتوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ، مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کی قانونی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں جو منصوبہ بندی کر رہا ہے اس سے بخوبی واقف ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا، بھارت نے 2024 میں سیز فائر کی 25 خلاف ورزیاں کیں اور 525 فائرنگ کے واقعات ہوئے، بھارت کی جانب سے 61 بار فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے متعدد فالس فلیگ آپریشنز بھی کئے جن کا مقصد بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانا تھا، بارڈر مینجمنٹ کے تحت اسمگلنگ میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے، بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر خطرات سے بخوبی واقف ہیں۔ بھارتی را کے اکاؤنٹس سے منفی پروپیگنڈا بھی کیا جاتا رہا ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.