اوورسیز پاکستانی کے گھر چوری کرنے والے معذرتی خط کے ساتھ سونا واپس رکھ گئے

image
پنجاب کے ضلع ٹوبہ سنگھ میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جس میں چور نے چوری کے بعد چرایا گیا سونا اگلی ہی رات گھر میں واپس رکھ دیا، اور ساتھ ایک مختصر معافی نامہ بھی لکھا۔

پولیس کے مطابق چور نے چوری کی اگلی رات گھر میں سونے واپس رکھنے کے ساتھ ایک خط بھی رکھا جس میں معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ وہ کسی اور گھر میں چوری کرنے جا رہا تھا غلطی سے اس گھر میں چوری ہو گئی۔

یہ واقعہ 16 اور 17 دسمبر کی درمیانی شب تھانہ چٹیانہ کی حدود میں پیش آیا۔ تھانہ چٹیانہ میں درج ایف آئی آر میں مدعی عبدالطیف نے بتایا ہے کہ 16 اور 17 دسمبر کی درمیانی شب نا معلوم چور ان کی بیٹی کے گھر میں داخل ہوئے۔

مقدمے کے متن کے مطابق ’چور نے گھر میں کمروں کے تالے توڑ کر سونا اور نقدی چرائی۔ کل 45 لاکھ کی چوری کرنے کے بعد چور فرار ہوگئے تو سائل کی چھوٹی بیٹی سامان لینے کمرے گئی تو سامان غائب پایا۔‘

عبدالطیف نے اردو نیوز کو بتایا کہ چور نے سونا، نقدی اور سعودی ریال چوری کیے۔ ان کے بقول ’چور نے کل 14 تولہ سونا، 7 ہزار سعودی ریال، اور 35 ہزار پاکستانی کرنسی چوری کی۔‘

ایف آئی آر کے مطابق 39 لاکھ 90 ہزار کے سونے میں 4 عدد 3 تولہ سونے کی چوڑیاں، 4 تولہ 2 عدد کڑے، 5۔1 تولہ سونے کا چین، 5۔1 تولہ لاکٹ، 1 تولہ چھلا، آدھا تولہ 2 عدد ٹاپس، اور 2 تولہ سونے کے دو بسکٹس شامل ہیں، جبکہ 7 ہزار سعودی ریال کی لاگت 5 لاکھ 25 ہزار بتائی گئی ہے۔ 

یہ چوری ایک اوورسیز پاکستانی محمد انیس کے گھر میں ہوئی ہے جو 18 سال سے بیرون ملک مقیم ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق چوری محمد انیس کے گھر اس وقت ہوئی جب گھر کو تالا لگا تھا۔ عبدالطیف کے بقول ’یہ چوری دراصل میری بیٹی کے گھر ہوئی ہے جو میرے ذاتی گھر کے سامنے واقع ہے، لیکن 15 دسمبر کو میری بیٹی اپنے بیٹے کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئی تو گھر کی ذمہ داری میرے اوپر آ گئی۔‘

چوروں نے لکھا کہ وہ کسی اور گھر میں چوری کرنے جا رہا تھا غلطی سے اس گھر میں چوری ہوگئی (فوٹو: جاوید بھٹی)

ایف آئی آر میں عبدالطیف نے مؤقف اپنایا کہ ’چور دیوار پھلانک کر گھر میں داخل ہوئے اور تالے توڑ کر سامان چوری کر لیا۔‘

مقدمے کے مطابق اس گھر میں عبدالطیف کی بیٹی اور ان کا نواسا اکیلے رہائش پذیر تھے۔ عبدالطیف نے کہا کہ ’میری بیٹی عمرہ ادائیگی کے لیے گئی ہے، ہم نے انہیں معمولی چوری کا بتایا ہے۔ یقیناً وہ یہ سن کر شدید پریشان ہوں گی۔‘

ایس ایچ او تھانہ چٹیانہ ناصر عظیم نے اردو نیوز کو بتایا کہ اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم تفتیش جاری ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ’پولیس نے کرائم سین کا معائنہ کیا ہے اور انگلیوں کے پرنٹس بھی لیے ہیں، امید ہے چور جلدی قانون کے گرفت میں ہوں گے۔‘

 ایس ایچ او ناصر عظیم کے مطابق مدعی مقدمہ کو 12 تولہ سونا واپس مل گیا ہے۔ اس حوالے سے عبدالطیف نے بتایا کہ ’جب یہ چوری ہوئی تو ہم نے فوری طور پر 15 پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے کارروائی شروع کی تو علاقے میں اتنی بڑی چوری پر باتیں ہونے لگی۔‘

مدعی نے کہا کہ ’اب تک 2 تولہ سونا، سعودی کرنسی اور پاکستانی 35 ہزار ہمیں نہیں ملے۔‘ (فوٹو: جاوید بھٹی)

’ابھی تفتیش جاری ہی تھی کہ اگلی رات ہمارے گھر کے صحن سے ایک عدد پرچی اور ایک پوٹلی ملی۔ پرچی پر لکھا گیا تھا کہ ہم کسی اور گھر میں چوری کرنا چاہتے تھے غلطی سے آپ کے گھر آگئے۔‘

عبدالطیف کے مطابق جب انہوں نے پوٹلی کھول کے دیکھی تو اس میں 12 تولہ سونا پڑا ہوا تھا۔ ان کے بقول ’اس میں کڑے، لاکٹ، ٹاپس، اور بسکٹ پڑے تھے۔ یہ 12 تولہ سونا تھا جو اس پرچی کے ساتھ واپس دیا گیا لیکن اب تک 2 تولہ سونا، سعودی کرنسی اور پاکستانی 35 ہزار ہمیں نہیں ملے۔‘

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اب تک کسی قسم کا مصدقہ ڈیٹا نہیں ملا۔ عبدالطیف بتاتے ہیں کہ انہوں نے مقامی ڈی ایس پی کی کھلی کچہری میں اس واردات کی نشاندہی کی ہے جس پر ڈی ایس پی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بقیہ سامان انہیں واپس مل جائے گا اور چور کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.