ٹھٹھرتی سردی کے دن صرف کمبل میں دبکنے کا نہیں بلکہ صحت کا خاص خیال رکھنے کا موسم بھی ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سخت ٹھنڈ نہ صرف نزلہ و زکام جیسی وائرل بیماریوں کو بڑھا سکتی ہے بلکہ دل کے دورے اور فالج کے واقعات کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر رضا خیرات رضوی نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں، جس کی بڑی وجہ واسکونسٹرکٹرز، جیسے ناراڈرینالین، میں اضافہ ہے۔ یہ خون کے دباؤ کو بڑھا کر فالج جیسے خطرناک حملوں کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سردی کے دوران پلیٹلیٹس کا جمع ہونا اور خون کا جمنا زیادہ آسان ہو جاتا ہے، جو شریانوں میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرد موسم میں فالج کا خطرہ دوچند ہو جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف ہائی بلڈ پریشر ہی نہیں، بلکہ لو بلڈ پریشر بھی فالج کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔
ڈاکٹر رضوی نے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ سردی میں صحت مند رہنے کے لیے سگریٹ نوشی کو خیرباد کہہ دیں، وزن کو کنٹرول میں رکھیں، متوازن غذا کھائیں، اور باقاعدگی سے اپنی صحت کی جانچ کروائیں۔
یہ موسم صرف گرم چائے اور سوپ کا نہیں، اپنی صحت کو بھی ترجیح دینے کا ہے۔ محتاط رہیں اور محفوظ رہیں!