"میں چاہتی تھی کہ ہر کمرے میں قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی بھرپور سہولت ہو، اسی لیے ہم نے 27ویں منزل پر رہنے کا انتخاب کیا،" نیتا امبانی نے اپنے محل نما گھر ’انٹیلیا‘ میں رہائش کی حیران کن وجہ بتاتے ہوئے کہا۔
امبانی خاندان، جسے ایشیا کے امیر ترین اور منفرد اندازِ زندگی کے لیے جانا جاتا ہے، ہمیشہ ہی خبروں میں رہتا ہے۔ ان کے محل نما گھر ’انٹیلیا‘ نے نہ صرف اپنی شان و شوکت سے دنیا کو حیران کیا بلکہ یہ بھی ایک معمہ رہا کہ انہوں نے اس 27 منزلہ عمارت کی سب سے اوپر والی منزل پر رہنے کو کیوں ترجیح دی۔
ممبئی کے کمبالہ ہل میں واقع ’انٹیلیا‘ دنیا کے مہنگے ترین نجی گھروں میں شمار ہوتا ہے۔ اس شاندار رہائش گاہ کی تعمیر 2008 میں شروع ہوئی اور دو سال بعد مکمل ہوئی۔ 568 فٹ بلند، 4 لاکھ مربع فٹ پر پھیلی یہ عمارت نہ صرف امبانی خاندان کی شان و شوکت بلکہ ان کے اعلیٰ معیارات کی بھی عکاس ہے۔
یہ گھر اپنی تعمیراتی مہارت اور عیش و عشرت کی انوکھی مثال ہے۔ تین ہیلی پیڈز، نو تیز رفتار لفٹس، کثیر منزلہ پارکنگ، رقص اور یوگا اسٹوڈیوز، اور حتیٰ کہ مصنوعی برف سے لیس ایک برف کا کمرہ بھی شامل ہے۔ یہاں 600 سے زائد ملازمین ہر وقت خدمت پر مامور ہیں، جو اس عمارت کی اعلیٰ دیکھ بھال کو یقینی بناتے ہیں۔
اگرچہ یہ عمارت کئی منزلوں پر مشتمل ہے، لیکن 27ویں منزل امبانی خاندان کے لیے مخصوص ہے۔ مکیش امبانی، نیتا امبانی، ان کے بیٹے، بہو، اور بچوں کے علاوہ، اننت امبانی اور ان کی اہلیہ بھی یہی مقیم ہیں۔