پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایک آپریشن کے دوران چھ شدت پسند مارے گئے ہیں۔
جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق ’آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی موثر جوابی کارروائی کی وجہ سے چھ خوارجی واصل جہنم ہوئے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’فائرنگ کے تبادلے میں آپریشن کو لیڈ کرنے والے 29 سالہ میجر حمزہ اسرار، جن کا تعلق راولپنڈی سے تھا، شہید ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ دینے والے نصیر آباد کے 26 سالہ محمد نعیم بھی شہد ہو گئے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ایسی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔‘
یہ آپریشن ان کارروائیوں کے چند روز بعد سامنے آیا ہے جن میں فوجی اہلکاروں نے لکی مروت، کرک اور خیبر پختونخوا کے دوسرے اضلاع میں شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔
حالیہ مہنیوں میں تحریک طالبان پاکستان اور دیگر جنگجو گروپوں کی جانب سے سرکاری اہلکاروں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ فوج پر حملوں کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے
اسلام آباد اکثر افغانستان پر پاکستان کے مخالف گروپوں کو پناہ دینے کے الزامات لگاتا ہے تاہم افغان حکام اس کی تردید کرتے ہیں۔