بیرون ملک جانے والے پاکستانی کھانے پینے کی کون سی اشیاء ساتھ لے جا سکتے ہیں؟

image

پاکستان سے بیرون ملک جانے یا وہاں سے آنے والے شہریوں کے لیے قوائد و ضوابط بنائے گئے ہیں جن کے تحت انہیں اپنے ساتھ سامان رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)  نے بیرون ملک جانے اور وہاں سے پاکستان آنے والوں کے لیے بیگج رولز (2006) کے تحت یہ ضوابط طے کیے ہیں۔

ان قوانین میں یہ بھی وضع کیا گیا ہے کہ شہری کھانے پینے کی کون سی اشیاء اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں، مختلف ممالک اپنے معیارات اور حفاظتی اقدامات کو مدّنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو اپنے ساتھ کھانے کی اشیاء لانے کی اجازت دیتے ہیں۔

ایف بی آر کے ترجمان سعید اکبر خان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’ایف بی آر اپنے بیگیج رولز کے تحت ہی پاکستان سے بیرونِ ممالک جانے والے شہریوں کو  کھانے پینے کی اشیاء لے جانے کے حوالے سے اجازت دیتا ہے۔‘

کون سی اشیاء ملک میں لائی اور باہر لے جائی جا سکتی ہیں؟

ایف بی آر کے ترجمان سعید اکبر خان نے اس سوال کا جواب کچھ یوں دیا کہ عالمی سطح پر رائج کسٹمز رولز کے تحت مسافروں کو گھر میں پکا ہوا کھانا اپنے ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوتی کیونکہ یہ غیر صحت بخش، یا آلودہ ہو سکتا ہے۔

’اسی لیے گھر میں تیار ہونے والی کھانے پینے کی تمام کُھلی اشیاء بیرون ممالک لے جانے یا وہاں سے پاکستان لانے پر پابندی عائد ہوتی ہے تاہم ان اشیاء کو ڈبے میں بند (Canned) کر کے بیرونِ ممالک یا پاکستان لایا جا سکتا ہے۔‘

ترجمان ایف بی آر کے مطابق کھانے پینے کی کُھلی اشیاء کو ایئر لائنز حفاظتی وجوہات کی بنا پر بھی ساتھ لے جانے سے منع کرتی ہیں۔ ایئرلائنز مسافروں کو کھانے کی کُھلی اشیاء اور پانی کی بوتلوں کے ساتھ جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دیتیں۔

فیڈرل بورڈ آف رینیو کے بیگیج رولز میں بتایا گیا ہے کہ ’مسافر کھانے پینے کی ایسی اشیاء جو ڈبے میں پیک ہوں، کو اپنے ساتھ بیرونِ ممالک لے جا سکتے ہیں جن میں گھر میں پکی ہوئی اشیاء بھی شامل ہیں۔

تاہم ایف بی آر بیگیج رولز میں بتایا گیا ہے کہ ڈبّے میں بند اشیاء کو انسانی استعمال کے لیے موزوں ہونا چاہیے جبکہ بیرونِ ملک سے پاکستان واپسی پر ضروری ہے کہ ’تمام اشیاء کسی بھی حرام عنصر یا جزو سے پاک ہوں۔‘

پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کو تازہ کریم کے بغیر کیک، بسکٹ، چاکلیٹ اور کنفیکشنری لے جانے کی اجازت ہے (فوٹو: فری پک)

بیگیج رولز کے تحت پیک شدہ کھانے کی صورت میں، حلال سرٹفیکیشن کو واضح طور پر پیکیجنگ پر پرنٹ کیا جانا ضروری ہے۔ 

ایف بی آر کے مطابق پاکستان میں ہر قسم کی منشیات، ہیلوسیجن، نشہ آور اشیاء اور ہر قسم کی شراب لانے پر پابندی ہے۔ یہ اشیاء اگر کسی مسافر کے جسم یا سامان میں پائی جائیں تو مسافر کے خلاف مجرمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔

برطانیہ، سکاٹ لینڈ اور ویلز جانے والے شہری کون سی اشیاء ساتھ لے جا سکتے ہیں؟

برطانیہ، سکاٹ لینڈ اور ویلز جانے والے مسافر اپنے ساتھ ڈبّے میں بند روٹی جو گوشت یا دودھ کی مصنوعات سے بھرے سینڈوچ پر مشتمل نہ ہو، کو اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں۔

اسی طرح پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کو تازہ کریم کے بغیر کیک، بسکٹ، چاکلیٹ اور کنفیکشنری لے جانے کی اجازت ہے تاہم، شرط یہ ہے کہ ان میں غیر پراسیس شدہ ڈیری اجزا موجود نہ ہوں۔

پاکستان سے برطانیہ جانے والے شہری اپنے ہمراہ پاستا اور نوڈلز جو گوشت یا گوشت کی مصنوعات سے بنا ہوا نہ ہو، لے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ پیک شدہ سوپ، سٹاک، پراسیس شدہ اور پیک شدہ پودوں کی مصنوعات، جیسے  پیک شدہ سلاد اور منجمد پودوں کا مواد، غذائی سپلیمنٹس جن میں جانوروں کی مصنوعات کی تھوڑی مقدار جیسے مچھلی کے تیل کے کیپسول جیسی اشیاء بھی  اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہے۔

پاکستان سے برطانیہ جانے والے شہری اپنے ہمراہ پاستا اور نوڈلز جو گوشت یا گوشت کی مصنوعات سے بنا ہوا نہ ہو، لے جا سکتے ہیں (فوٹو:فری پک)

اس کے برعکس پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کو اپنے ہمراہ گوشت، ڈیری، مچھلی،جانوروں کی مصنوعات اور پھل، سبزیاں، گری دار میوے اور بیج لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

ماہرین کے خیال میں ٹن میں پیک اشیاء بیرون ممالک لے جانے کی اجازت تو ہوتی ہے تاہم، کسٹم حکام کو ڈبوں کے اندر ممنوعہ اشیاء موجود ہونے کا بھی خدشہ رہتا ہے جس کی وجہ سے ان کی سخت جانچ کی جاتی ہے۔

کھانے کی اشیاء ٹن یا ڈبے میں بند کرنے کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی (سید فوڈ کیننگ)کے مالک سید اسفند طارق نے اُردو نیوز کو بتایا کہ وہ گھر میں بنائے گئے تمام دیسی کھانوں بشمول بریانی، پائے وغیرہ کو مشینوں کی مدد سے تیار کر کے ٹن کے ڈبوں میں پیک کرتے ہیں جنہیں پاکستانی شہری دُنیا کے مختلف ممالک میں لے کر جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اُن کے پاس ایسے گاہک بھی آتے ہیں جو چھ چھ ماہ کا کھانا تیار کروا کر اپنے ساتھ بیرونِ ملک لے جاتے ہیں جو مشینوں کی مدد سے قابلِ استعمال بنایا جاتا ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.