چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان: ’رانا کی ٹیم میں واپسی‘ اور صائم ایوب کو شامل نہ کرنے پر تبصرے

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہو گا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہو گا جبکہ اختتام نو مارچ کو ہو گا۔
فخر زمان
Getty Images

جیسے جیسے چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کا وقت قریب آ رہا ہے ویسے ویسے پاکستان کے کرکٹ شائقین کی دلچپسی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ پہلے لاہور کے قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کو لے کر کرکٹ شائقین پرجوش تھے تو اب پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعلان نے تو جیسے ان میں ایک نئی روح پھونک دی ہو۔

اور ایسا کیوں نہ ہو کیونکہ قومی کرکٹ ٹیم میں فخر زمان، خوشدل شاہ،سعود شکیل اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے تاہم اس سکواڈ میں نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کو شامل نہ کیے جانے پر پاکستانی کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کو قدرے افسوس ہے۔

واضح رہے کہ صائم ایوب گزشتہ برس دورہ آسٹریلیا کے دوران پاؤں میں چوٹ آنے کے باعث ان فٹ ہو گئے تھے۔

اس وقت لندن میں ان کا علاج چل رہا ہے اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے مطابق صائم ایوب کے پاؤں کا پلستر اتار دیا گیا ہے تاہم انھیں ابھی کم از کم ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہو گا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہو گا جبکہ اختتام نو مارچ کو ہو گا۔

قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑی

پی سی بی کی جانب سے جس 15 رکنی قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان کیا گیا، اس میں کپتان محمد رضوان،سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ٹیم میں عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخرزمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا۔

ٹیم میں پانچ بلے باز، تین آل راؤنڈرز، دو وکٹ کیپر بلے باز، ایک سپنر اور چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1885321051309039690

پی سی بی کے پاس کرکٹ سکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے اس کے بعد تبدیلی کی اجازت صرف طبی بنیادوں پر آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے ہو گی۔

واضح رہے کہ یہی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھی حصہ لے گی جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

تاہم پاکستان کی قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق کرکٹر اسد شفیق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلیکٹرز نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اس سکواڈ کے انتخاب میں ہماری توجہ ایسے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مرکوز تھی جنھوں نے ان کنڈیشنز میں ڈومیسٹک کرکٹ کے مقابلوں میں مستقل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس عالمی ایونٹ میں اپنی جگہ بنائی۔

انھوں نے صائم ایوب کو چیمپیئنز ٹرافی کے سکواڈ میں شامل نہ کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’صائم ایوب کو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا لیکن ہم ان کی صحت یابی کے لیے پر امید ہیں۔ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ انھیں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا کتنا انتظار تھا اور یہ تسلیم کرتے ہیں کہ عالمی ایونٹ سے محروم ہونا ان کے لیے کتنا افسوسناک ہو گا، خاص طور پر جب وہ اس طرح کی غیر معمولی بیٹنگ فارم میں ہیں۔‘

’تاہم، وہ ہماری ٹیم کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمیں ان کی صحت کو ترجیح دینا اور کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا جو ان کی مستقبل کی کرکٹ اور صحت کے لیے نقصان مند ثابت ہو۔‘

خیال رہے کہ سنہ 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح سکواڈ میں سے موجودہ ٹیم میں بابر اعظم، فہیم اشرف اور فخر زمان شامل ہیں۔

فخر زمان نے 2017 کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کے خلاف سنچری سکور کی تھی، وہ جون 2024 سے بیماری اور انجری کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور تھے اور انھوں نے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل آئرلینڈ کے خلاف جون 2024 میں کھیلا تھا تاہم آخری ون ڈے انٹرنیشنل نومبر 2023 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

فہیم اشرف نے اپنا 34 واں اورآخری ون ڈے انٹرنیشنل ستمبر 2023 میں کھیلا تھا جبکہ خوشدل شاہ نے آخری بار اگست 2022 میں ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

’بابر اور فخر کے علاوہ یہ بیٹنگ لائن صفر ہے‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جیسے ہی 15 رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا تو فوراً ہی کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے کرکٹ تجزیہ کاروں اوو مبصرین کا روپ دھار لیا اور قومی سکواڈ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے رائے کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔

کوئی فخر زمان کی ٹیم میں واپسی پر خوش تھا تو کوئی صائم ایوب کی کمی کو محسوس کرتا ہوا دکھائی دیا۔ کوئی فہیم اشرف کو ’رانا کی واپسی‘ کہہ کر تبصرہ کر رہا ہے تو کوئی ٹیم بیلنس کی بات کر رہا ہے۔

سیف خان نامی صارف نے ٹویٹ میں یہ ہی پوچھ لیا کہ ’پاکستان کے اعلان کردہ قومی سکواڈ سے آپ کتنے مطمئن ہیں؟‘

https://twitter.com/Im_Saifkhan/status/1885326820993560589

جبکہ جنید افضل نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جیسا کہ پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا لیکن میں شرط لگاتا ہوں کہ یہ انڈیا کے خلاف ایک بھی میچ جیت نہیں سکیں گے، بابر اور فخر کے علاوہ یہ بیٹنگ لائن صفر ہے، ٹیم میں سپنرز بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ صرف شاہین ہی ایک امید ہے جو شاید انھیں سپر ایٹ مرحلے تک لے جائے۔‘

https://twitter.com/Optimistic399/status/1885330462878671143

جبکہ ایک اور صارف نے ٹیم سلیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فہیم اشرف کے لیے عرفان خان نیازی کو ڈراپ کرنا بہت ہی بری سلیکشن کا ثبوت ہے۔‘

https://twitter.com/HamzaRevelion/status/1885329808340504751

عثمان خان نامی صارف نے سکواڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے جس کا سب سے زیادہ انتظار تھا اس پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا مگر نہ شاداب خان، نہ امام الحق، نہ عبداللہ شفیق اور بدقسمتی سے صائم ایوب بھی ٹخنے کی انجری کے باعث شامل نہیں۔‘

https://twitter.com/usmann_khann/status/1885322406694166553

تاہم کچھ ایسے کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین بھی ہیں جنھوں نے اس سکواڈ کو بہترین قرار دیتے ہوئے عالمی ایونٹ میں بہترین کارکردگی کی امیدیں لگا لی ہیں۔

عبداللہ ظفر نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان ایک مرتبہ پھر چھا جانے کو تیار ہے۔ اگرچہ صائم ایوب کی کمی محسوس کی جا رہی ہے لیکن مجموعی طور پر ایک بیلنسڈ سکواڈ ہے اور فہیم اشرف اور خوشدل کی حالیہ فارم کے ساتھ یہ بہترین ہے۔ پاکستان کے لیے نیک تمنائیں۔‘

https://twitter.com/Arain_417/status/1885324246215221562


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.