پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کارکنوں سے کہا ہے کہ صوبے میں ایک ہزار ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو پارٹی کو ماہانہ پانچ ہزار فنڈ کے طور پر دے سکیں۔
خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور تنظیمی سطح پر امور کو چلانے کے لیے پارٹی نے ورکرز سے چندہ لینے کی تیاری کی ہے۔پشاور میں صوبائی صدر جنید اکبر نے پارٹی عہدیداروں سے کہا کہ پارٹی کے معاملات کو چلانے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے۔ ’یہ ہماری پارٹی ہے، اپنا لگائیں گے اور اپنا کھائیں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کو جمع کرنے اور انہیں خرچ کے حوالے سے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا۔پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا تھا کہ یہ عام ورکر کی جماعت ہے کسی جاگیردار کی نہیں اس لیے خود آگے بڑھ اس کے لیے کام کرنا ہو گا۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی نے بتایا کہ عمران خان کے لیے جان دینے کو تیار ہیں رقم تو بہت معمولی چیز ہے۔انہوں نے کہا پارٹی کو چلانے کے لیے جذبہ چاہیے جو کہ پی ٹی آئی کے ورکرز میں موجود ہے۔ ایم پی اے فضل الہی کے مطابق 8 فروری کو صوابی میں جلسے کے لیے کارکنوں سے پیسے نہیں مانگے بلکہ ٹرانسپورٹ کا بندوبست اپنے پیسوں سے کیا ہے۔ پی ٹی آئی پشاور کے صدر عرفان سلیم نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوابی جلسہ کے لیے 9 ہزار کارکنوں کو ساتھ لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے جس کے تمام اخراجات جیب سے ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہر عہدیدار کو اپنے ورکرز کو ساتھ لے کر جانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔سینیئر تجزیہ کار صفی اللہ گل کا موقف ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے اسلام آباد مارچ کی ناکام کوشش کی وجہ سے بیشتر ورکرز نالاں نظر آ رہے ہیں۔ ’عام کارکن کو قیادت پر یقین نہیں تھا مگر نئی صوبائی قیادت کے آنے کے بعد ورکرز کو دوبارہ سے تیار کیا جارہا ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے متعدد رہنما پہلے مالی طور پر بھرپور سپورٹ کرتے تھے مگر پارٹی کے اندرونی اختلافات کی وجہ سے وہ پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ دوسری جانب بیرون ملک سے فنڈنگ کا عمل بھی معطل ہوچکا ہے۔صفی اللہ کے مطابق اگر صوبائی حکومت کے وسائل استعمال نہیں ہوتے تو پی ٹی آئی کے پاس بطور جماعت جلسے کے انتظامات کے لیے فنڈز موجود نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو کسی بڑے معرکے پر جانے سے پہلے بھاری فنڈز کی ضرورت ہوگی۔ وزیراعلٰی نے اپنی جیب سے پارٹی کے اخراجات برداشت کیےپی ٹی آئی ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور نے گزشتہ ہونے والے جلسوں اور احتجاج پر 50 کروڑ سے زائد خرچ کیے ہیں۔وزیراعلٰی کے میڈیا کوآڈنیٹر کے مطابق صوابی میں ہونے والے جلسے کے لیے وزیراعلی نے اپنی جیب سے 50 لاکھ روپے کا فنڈ پارٹی کو دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان ریجن سے بڑا قافلہ صوابی پہنچے گا۔