لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام اور میرا پیار کا رشتہ ہے، لیکن لوگوں سے یہ برداشت نہیں ہوتا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جشن اسٹیم پنجاب کی تقریب میں شرکت کی اور طلبا میں انعامات تقسیم کیے۔ پنجاب کے 5 ہزار اسکولوں میں اسٹیم مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ اور ان مقابلوں میں 8 ہزار طلبا اور 14 ہزار اساتذہ نے حصہ لیا۔
مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صلاحیتوں سے بھرپور ان طلبا پر ہمیں فخر ہے۔ اور میں نے کہا طلبا کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھیں۔بچوں کے مختلف ماڈلز دیکھ کر بہت اچھا لگا۔
انہوں نے کہا کہ مقابلے میں شرکت کرنے والے 1100 طلبا کو لیپ ٹاپ دوں گی۔ طبا کے بڑے بڑے خواب ہیں اور طلبا کو تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے۔ طلبا نے اپنے گولز حاصل کرنے ہیں اور ہم سپورٹ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: طلبا کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس معاملے کو کوئی نہیں دیکھ رہا، اسلام آباد ہائیکورٹ
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اسکولز اور لیبز کو اپ ڈیٹ کر رہے ہیں۔ اور باصلاحیت بچے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ دنیا سے مقابلہ کرنے کے لیے انگریزی سمیت دیگر زبانوں پر عبور حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 30 ہزار مستحق طلبا کو میرٹ پر ہونہار اسکالر شپس دے چکے ہیں۔ اور ہونہار اسکالر شپس کو 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ عوام اور میرا پیار کا رشتہ ہے اور یہ لوگوں سے برداشت نہیں ہوتا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ والدہ دنیا سے رخصت ہوئیں تو میں جیل میں تھی مگر روئی نہیں۔ اور جو اونچا اڑنا چاہتے ہیں ان کی ٹانگیں کھینچے والے بہت ہوتے ہیں۔ زندگی میں مسائل آئیں گے مگر آپ نے پیچھے نہیں ہٹنا۔
طلبا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ اور آپ نے ملک کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھانا۔ ملک پر حملہ کرنے والے آپ کے دوست نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے طلبا مجھ سے رابطہ کر رہے ہیں کہ ہمیں اسکالر شپس دیں۔ اور وہ لیپ ٹاپ اسکیم میں شمولیت کا کہتے ہیں۔