اسلام آباد: قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن ام لیلیٰ اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام خواتین متحد ہو جائیں اور خود کو بااختیار بنائیں۔
قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن ام لیلیٰ اظہر نے پاکستان کی تمام خواتین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متحد ہو جائیں۔ خود کو بااختیار بنائیں اور ایک روشن مستقبل کی جستجو کریں۔
انہوں نے کہا کہ آئیے آج کے دن کی مناسبت سے پاکستان میں خواتین کی نمایاں شراکت کو تسلیم کریں جو آبادی کا 49 فیصد سے زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، نواز شریف
ام لیلیٰ اظہر نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد کے باوجود پاکستان میں خواتین کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ جن میں صنفی بنیاد پر تشدد، معاشی عدم مساوات اور تعلیم و صحت کی دیکھ بھال تک محدود رسائی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ہم خواتین کو اپنے آپ کو معاشی طور پر بہتر کرنے، فیصلہ ساز بننے، اور ایک دوسرے کی آواز کو مضبوط کرنے جیسے اقدامات کی طرف بڑھنا ہو گا۔ تاکہ ہم اپنے جینے، توانا ہونے اور سبقت حاصل کرنے کے حقوق کے لیے لڑیں۔