چار سال سے اضافی بجلی بل، ہزاروں صارفین کو رقم کیسے واپس ہو گی؟

image
آپ اگر پاکستان کے شہری ہیں اور ان صارفین میں سے ہیں جن کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے میٹر خراب ہونے یا سست ہونے کی وجہ سے کئی مہینوں کا اوسط بل بھیج دیا تھا تو اب نیپرا نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو اضافی بل صارفین کو واپس دینے کا حکم دے دیا ہے۔

محمد رضوان کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے اور ان کے زرعی میٹر میں خرابی کے باعث گیپکو نے ان کو ایک سال کا اوسط بل 12 ہزار یونٹ کا ڈال دیا۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’یہ نومبر 2023 کی بات ہے جب ایک طوفانی بارش کی وجہ سے میٹر گر گیا تو ہم نے لائن مین کو اس کی اطلاع دی۔ اس کے بعد تین مہینے تک میٹر تبدیل نہیں ہوا اور کم بل آتا رہا جس کے بعد میٹر تو تبدیل کر دیا گیا لیکن کچھ ماہ بعد ہمیں 12 ہزار یونٹ کے بقایا جات ڈال دیے گئے۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس کے بعد ہم نے پتا نہیں کہاں کہاں کا رُخ نہیں کیا لیکن کوئی بندہ بات سننے کو تیار نہیں تھا۔ بس وہ یہی کہتے تھے کہ میٹر خراب ہوا تو قانون کے مطابق سال کی اوسط ریڈنگ ہی ڈالی جائے گی۔ پھر ان کے منت ترلے کر کے قسطوں میں سے وہ پیسے کٹوائے۔‘

’ہم جب گیپکو کے دفتر کے چکر لگا رہے تھے تو ہمیں عملے سے ہی یہ معلوم ہوا تھا کہ تقریباً 12 ایسے افراد ہیں جن کو ایک لاکھ سے زیادہ یونٹ کا بل بھیجا گیا ہے کیوں کہ جو لائن لاسز ہوئے تھے یا بجلی چوری ہوئی تھی اس کے اعدادوشمار پورے کرنے کے لیے جن لوگوں کے میٹرز میں مسائل پیدا ہوئے، تو یہ ان پر تقسیم کر دیے گئے۔‘

اس طرح کی صورتِ حال کا سامنا ہر اس بجلی کے صارف کو کرنا پڑتا ہے جس کے میٹر کے ساتھ کوئی مسئلہ درپیش ہوا ہو۔ وہ چاہے کسی بھی بجلی کی تقسیم کار کمپنی کی حدود میں آتا ہے۔

محمد بدر کا تعلق لاہور سے ہے اور ان کے گھر  کا میٹر چلتے چلتے خراب ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ایک دن لائن مین آیا اور اس نے کہا کہ آپ کا میٹر سست چل رہا ہے تو میں نے کہا بھائی میں نے تو کچھ نہیں کیا۔ اس نے کہا کہ آپ اس کی تبدیلی کی درخواست دیں۔ درخواست دی اور میٹر تبدیل ہونے میں چند ماہ لگ گئے جس کے بعد لیسکو نے جون کے مہینے کی اوسط کے مطابق چھ ماہ کے بقایا جات بل میں شامل کر کے بھیج دیے۔ ‘

نیپرا کے مطابق جنوری 2021 سے جنوری 2025 تک چار برسوں میں جن صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ہزاروں صارفین کو میٹر کی سست رفتاری کے باعث بجلی کے زائد بل بھیجنے کے اس معاملے کی انکوائری بجلی کی قیمتوں کے ریگولیٹری ادارے نیپرا نے کئی مہینے لگا کر کی ہے۔ اور اب تمام کمپنیوں کو 25 فروری تک ایسے صارفین کے بلوں کی تصحیح کر کے رپورٹ جمع کروانے کا کہا ہے۔

نیپرا کے اس حکم کے مطابق جنوری 2021 سے جنوری 2025 تک چار برسوں میں جن صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے اب ان کو ان کی اضافی رقم واپس کی جائے گی۔

خیال رہے کہ نیپرا کے قانون کے مطابق میٹر سست ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ دو مہینے کا بل اوسط کی مد میں ڈالا جا سکتا ہے اس سے زیادہ مہینوں کا بل غیر قانونی ہے۔

لیسکو کے ڈائریکٹر کسٹمر سروسز عباس علی کہتے ہیں کہ ’ہم نے نیپرا کے احکامات کے تحت اپنے تمام ایس ایز کو مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں ان کو اپنے اپنے علاقوں میں ایسے صارفین کی نشاندہی کر کے ان کے بلوں کی تصحیح کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ چناںچہ جن جن صارفین کو زیادہ بل گئے اتنے یونٹ ان کے آںے والے بجلی کے بلوں سے واپس کر دیے جائیں گے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.