گورنر سندھ کا شہریوں کیلئے مفت پلاٹس دینے کا اعلان

image

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپر سے متعلق حادثات کے مسئلے کو حل کرنے میں صوبائی حکومت کی غیر فعالیت پر بے بسی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کے طور پر رہائشی پلاٹ فراہم کریں گے۔

کراچی میں گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے عوام کے حقوق کی وکالت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اگر ان کے پاس ضروری انتظامی اختیارات ہوتے تو کسی کو ہیوی ٹریفک تلے کچلنے نہیں دیا جاتا۔

گورنر نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران ڈمپر، ٹریلر اور ٹرکوں کے ڈرائیورز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے اور انہیں مالی امداد کے طور پر پلاٹ فراہم کرنے کا بھی وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی جانی نقصان کی تلافی نہیں کر سکتا، لیکن مالی امداد ان کے آنسو پونچھنے میں مدد کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھا تھا اور ہیوی ٹریفک کے حادثات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے پر زور دیا تھا، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

گورنر نے کہا کہ میں خط لکھ سکتا ہوں، جواب مانگ سکتا ہوں، اور حالات پر نظر رکھ سکتا ہوں، لیکن میں اور کیا کر سکتا ہوں؟ لوگوں کے بچوں کو کچلا جا رہا ہے، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک سے کہا ہے کہ وہ خود کارروائی کریں، بصورت دیگر وہ دخل اندازی پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ صوبے میں منشیات سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے گورنر ہاؤس میں شکایت سیل قائم کیا جائے گا۔

مصطفیٰ عامر قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔

گورنر کامران ٹیسوری نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی کڑی نگرانی کریں اور انہیں دوسروں کی طرف سے دیے جانے والے ’زہر‘ سے بچانے کے بارے میں ٓآگاہی دیں۔

انہوں نے اسکولوں اور کالجوں کو خط لکھنے کے منصوبوں کا اعلان کیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ کے منشیات ٹیسٹ کی درخواست کی جائے گی۔

مزید برآں انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ’بے گھر افراد کو قرعہ اندازی سسٹم‘ کے ذریعے پلاٹ الاٹ کیے جائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اتحاد رمضان پروگرام کے دوران گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے رہیں گے، اور توقع ہے کہ اس مقام پر 10 لاکھ افراد روزہ افطار کریں گے۔

گورنر نے لوگوں کو اس پروگرام کے لیے اندراج کرنے کی ترغیب دی اور مذہبی اقلیتوں کو بھی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا ’اتحاد رمضان‘ مرحلہ گورنر ہاؤس میں تیار کیا جا رہا ہے اور شہر بھر میں افطار کے مزید اجتماعات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اس تقریب میں افطار، عشائیہ، نماز تراویح، نعت خوانی، قوالی کے سیشن بھی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ گورنر انیشی ایٹو میں کوئی عوامی فنڈ شامل نہیں تھا، فلاحی منصوبوں کو ذاتی عطیات اور دوستوں کی مدد سے چلایا گیا تھا۔

سیکیورٹی خدشات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ اور ہوم سیکریٹری کو خط لکھیں گے اور اس بات پر زور دیں گے کہ کسی بھی فرد کو غیر رجسٹرڈ سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.