پاکستانی ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کو 50 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ خرد برد کے الزام میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے حراست میں لے لیا۔ کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 9/25 درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، نجی بینک کے گروپ ہیڈ کی شکایت پر تحقیقات شروع کی گئیں، جس میں انکشاف ہوا کہ بینک کے سی ایف او اور دیگر افراد نے بھی اس مالی بے ضابطگی میں معاونت کی۔ عاطف خان نے مبینہ طور پر بینکنگ قوانین کی خلاف ورزی، اختیارات کا ناجائز استعمال، کھاتوں میں رد و بدل، فنڈز کی ہیرا پھیری، اور مالی رپورٹس میں جعل سازی کی۔
عاطف محمد خان اس نجی بینک کی ایک سیکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے سابق سی ای او رہ چکے ہیں۔ خیال رہے کہ نادیہ حسین اور عاطف خان 2003 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کے چار بچے ہیں۔