انڈیا چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح: ’ایک اور ٹورنامنٹ میں ناقابلِ تسخیر انڈین ٹیم بلاشبہ دنیا کی بہترین وائٹ بال ٹیم ہے‘

انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 جیت لی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ہے کہ انڈیا نے یہ ٹرافی اپنے نام کی ہے، اس سے قبل سنہ 2013 میں بھی انڈیا ہی اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم تھی۔
india
Getty Images

انڈیا نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 جیت لی ہے۔

یہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ہے کہ انڈیا نے یہ ٹرافی اپنے نام کی ہے، اس سے قبل سنہ 2013 میں بھی انڈیا ہی اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم تھی۔

ایک ہی سٹیڈیم میں تمام میچ، کنڈیشنز سے شناسائی اور ٹیم میں سپنرز کی بھرمار۔ ٹورنامنٹ میں ناقابلِ تسخیر رہنے والی انڈیا کے بارے میں یہ بیانات سابق اور موجودہ کھلاڑیوں، تجزیہ کاروں اور مداحوں کی جانب سے دیے جاتے رہے ہیں۔

یہ تنقید اپنی جگہ لیکن آج یہ بات خاصی واضح تھی کہ اس انڈین ٹیم کی صلاحیتوں اور کوالٹی کے آگے ٹورنامنٹ کی کوئی بھی ٹیم نہیں ٹک سکی، نیوزی لینڈ دوسری کوشش میں بھی نہیں۔

انڈیا کی جانب سے ٹیم میں چار سپنرز کا فارمولا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور ورن چکرورتھی اور کلدیپ یادو نے جس طرح کیوی بلے بازوں کو چکرائے رکھا وہ یقیناً سپن بولنگ میں ایک ماسٹر کلاس کا درجہ رکھتی ہے۔

ایسا نہیں ہے کہ کیوی ٹیم نے مقابلہ کرنے میں کوئی کسر چھوڑی ہو، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر رچن رویندرا نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور انڈین فاسٹ بولرز کا چھکے، چوکوں سے استقبال کیا۔

تاہم انڈین کپتان روہت شرما نے فوری طور پر اپنے ٹرمپ کارڈ ورن چکر ورتھی کو بولنگ پر بلایا اور انھوں نے ہرگز مایوس نہیں کیا اور آتے ہی ول ینگ کو پویلین لوٹا دیا۔ اس کے بعد ان کے ساتھی کلدیپ یادو بھی جلد ہی بولنگ اٹیک میں آئے اور آتے ہی 37 رنز پر کھیلنے والے رچن رویندرا اور پھر کیوی سٹار بلے باز کین ولیمسن کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ میں انڈیا کی برتری یقینی بنا دی۔

انڈیا
Getty Images

جب ٹام لیتھم کو رویندرا جڈیجہ نے ایل بی ڈبلیو کیا تو نیوزی لینڈ 24ویں اوور 108 پر چار وکٹوں گنوا چکا تھا اور اب ڈیرل مچل کے کندھوں پر ٹیم کو 50 اوورز کھلانے کی ذمہ داری موجود تھی۔

فلپس اور مچل نے جارحانہ بیٹنگ کے لیے آخری اوورز کا انتظار کرنے کی ٹھانی، لیکن انڈین سپنرز کے لیے یہ بات خاصی موزوں تھی اور وہ کہیں بھی کیوی جوڑی کو آسان گیندیں دیتے دکھائی نہیں دیے۔

انڈین سپنرز نے 50 میں سے 38 اوورز کیے اور صرف 144 رنز دے کر پانچ آؤٹ کیے۔ اس کے برعکس شامی اور پانڈیا کی بولنگ جوڑی 12 اوورز میں 104 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکی۔

نیوزی لینڈ مائیکل بریسول کی جارحانہ نصف سنچری کے باعث انڈیا کو 251 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔

جواب میں انڈیا نے سینیئر کیوی بولر میٹ ہینری کی عدم موجودگی میں پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا، اور روہت شرما کی جارحانہ بلے بازی کے باعث پہلے دس اوورز میں 64 رنز بنا ڈالے اور جب تک انڈیا کی پہلی وکٹ گری سکور صرف 19 اوورز میں 108 تک پہنچ چکا تھا۔

نیوزی لینڈ کے سپنرز نے میچ میں اچھی واپسی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کر کے یہ یقینی بنایا کہ انڈیا پر دباؤ ڈالا جا سکے، لیکن پہلے شریاس ایئر اور پھر کے ایل راہل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا کو باآسانی فتح سے ہمکنار کروایا۔

روہت شرما 75، شریاس ایئر 48 اور راہل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل سینٹنر اور بریسویل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہاں یہ بات بتانا بھی اہم ہے کہ یہ ٹورنامنٹ انڈیا نے اپنے سٹار بولر جسپریت بمرا کی خدمات کے بغیر اپنے نام کیا ہے۔

rohit
Getty Images

’کیا روہت شرما انڈیا کے عظیم ترین کپتان ہیں؟‘

اس تعاقب کے دوران روہت شرما کی جانب سے جس طرح کیوی بولرز پر فوری طور پر اٹیک کیا گیا، اس کے باعث نیوزی لینڈ کے پاس انڈیا کی تواتر سے وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود دباؤ بڑھانے کا موقع نہیں تھا کیونکہ وہ جب آؤٹ ہوئے تو آدھے سے زیادہ رنز سکور ہو چکے تھے اور انڈین مڈل آرڈر کو قدرے ناتجربہ کار کیوی بولنگ کے خلاف محتاط انداز اپنانے کا وقت مل گیا۔

کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز نے لکھا کہ 'کیا روہت شرما انڈیا کے عظیم ترین کپتان ہیں؟'

کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے نے کہا کہ 'انڈیا نے ایک بار پھر ایک وائٹ بال ٹورنامنٹ میں ناقابلِ تسخیر رہ کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین وائٹ بال ٹیم ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کے بعد سے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں انڈیا نے 24 میچ کھیلے اور 23 جیتے، یہ ناقابلِ یقین ہے۔'

نیوزی لینڈ کی جانب سے آج بھی اچھی فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا، تاہم دو کیچ بھی ڈراپ ہوئے اور ایک مس فیلڈ بھی ہوئی۔

اس دوران گلین فلپس کی جانب سے شبھمن گل کا بہترین کیچ دیکھ ایک صارف مانیا نے لکھا کہ 'زمین کے 71 فیصد حصے پر پانی ہے، جبکہ باقی 29 فیصد پر کیوی فیلڈرز۔' ایک صارف نے لکھا کہ 'گلین فلپس کو دو فیلڈرز کے برابر سمجھا جانا چاہیے۔'

اس فتح پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے لکھا کہ 'مجھے اپنی ٹیم پر چیمپیئنز ٹرافی واپس لانے پر فخر ہے۔ انھوں نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔'

صحافی میلنڈا فیرل نے لکھا کہ 'انڈیا ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم تھی اور اس کو پہلے سے مختلف انداز میں ایڈوانٹج بھی حاصل تھا، لیکن نیوزی لینڈ انھیں پھر بھی دباؤ میں لے آئی، ایک بہترین آغاز کے بعد، یہ یقیناً ایک ناقابلِ یقین ہے۔'


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.