لائیو: قومی مفاد کو مقدم اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھیں، صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

image
اہم نکات:

مصطفیٰ عامر قتل کیس، ملزم ارمغان کے والد سے تحقیقات کی ہدایت

رمضان پیکج کے تحت فی خاندان پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے: شہباز شریف

بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں سندھ کے تین حجام قتل

طورخم بارڈر پر کشیدگی کم کرنے کی کوشش، 11 مارچ تک فائر بندی پر اتفاق

کوہاٹ میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

قومی مفاد کو مقدم اور ذاتی اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھیں، صدر مملکت

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایوانِ پارلیمنٹ کو سونپی گئی ذمہ داری کو پورا کرے، قوم کی تعمیر، اداروں کو مضبوط کرنے اور گورننس کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری طرف صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن نے شور شرابا کیا، حکومت کے خلاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔

پیر کو پارلیمنٹ کے مشرکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آئیے قومی مفاد کو مقدم رکھیں اور ذاتی اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھیں۔‘

’آئیے ہم اپنی معیشت کو بحال کرنے، اپنی جمہوریت کو مضبوط کرنے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں، آئیے ہم ایک ایسا پاکستان بنانے کی کوشش کریں جو منصفانہ، خوشحال اور ہمہ گیر ہو۔‘

صدر نے کہا کہ ’معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں کا معترف ہوں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، پالیسی ریٹ کم کیا، مہنگائی کم ہوئی اور سٹاک ایکسچینج میں بہتری خوش آئند ہے۔ ہمیں عوامی خدمت کے شعبے پر توجہ دینا ہو گی۔‘

مصطفیٰ عامر قتل کیس، ملزم ارمغان کے والد سے تحقیقات کی ہدایت

پولیس کے محکمہ پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ملزم ارمغان کے والد سے تحقیقات کی جائیں اور والد بھی کریمنل ریکارڈ چیک کیا جائے۔

محکمہ پراسکیوشن نے پولیس گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جن میں کہا گیا کہ ملزم ارمغان کے قبضے سے ملنے والی تمام اشیا کا فرانزک کرایا جائے۔

مرکزی ملزم ارمغان کے قریبی افراد کی سرگرمیوں کا جائزہ لے کر مقدمات درج کیے جائیں، ڈی ایچ اے کے سیکورٹی کے سربراہ اور مالک مکان سے بھی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات حاصل کی جائیں۔

گائیڈ لائنزنے میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزم ارمغان نے کب سے یہ سرگرمیاں جاری کررکھی تھیں تفصیلات حاصل کی جائیں۔

مزید کہا گیا کہ ملزم ارمغان کے کالعدم تنظیموں سے تعلق سے متعلق بھی تحقیقات کی جائیں۔

بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں سندھ کے تین حجام قتل

بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے تین حجاموں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جن کا تعلق سندھ سے تھا۔

عرب نیوز کے مطابق اتوار کو پیش آنے والے اس واقعے کی نیم فوجی لیویز فورس کے ایک سپاہی نے تصدیق کی ہے۔

لیویز سپاہی شکیل بلوچ نے بتایا کہ حملہ بلوچستان کے ضلع پنجگور سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقے گوارگو میں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نامعلوم مسلح افراد نے حجام کو اس وقت گولی مار دی جب وہ اتوار کی شام ایک ہوٹل کے باہر بیٹھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’صوبہ سندھ کے اضلاع میرپورخاص اور جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے تین حجام موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔‘

فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن ماضی میں بی ایل اے نے پنجابی مزدوروں اور حجاموں کے خلاف حملے قبول کیے ہیں۔

رمضان پیکج کے تحت فی خاندان پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان پیکج کے تحت 40 لاکھ مستحق خاندانوں میں شفافیت کے ساتھ رقم تقسیم کی گئی اور فی خاندان پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے۔

پیر کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہیڈ کوارٹر میں رمضان پیکج 2025 کے مانیٹرنگ نظام کے جائزے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز میں بدترین کرپشن ہوئی جسے اس نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیا گیا ہے۔ اس سہولت سے دو کروڑ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار 20 ارب روپے کا رمضان پیکج ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے دیا جا رہا ہے۔

طورخم بارڈر پر کشیدگی کم کرنے کی کوشش، 11 مارچ تک فائر بندی پر اتفاق

پاکستان اور افغانستان کے طورخم بارڈر پر کشیدگی کم کرنے پر دونوں ممالک کے جرگے کی پہلی نشست ختم ہو گئی ہے جس میں 11 مارچ تک فائر بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 11 مارچ تک سرحد کے دونوں جانب فوجی تعمیرات پر پابندی ہوگی، جبکہ جرگہ ممبران 11 مارچ کو افغان فورسز کی متنازعہ تعمیرات کا جائزہ لیں گے۔ تعمیرات کا تنازع حل ہونے کے بعد طورخم بارڈر کھول دیا جائے گا۔

پاکستان اور افغانستان کا طورخم بارڈر گذشتہ ماہ 21 فروری سے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث دونوں ممالک کا سفر کرنے والے افراد اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

خیبرپختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکام کے مطابق 1500 سے زائد مال بردار گاڑیاں طورخم کے قریب کھڑی ہیں جس سے تجارت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

صدر زرداری آج آٹھویں مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے 

صدر آصف علی زرداری آج آٹھویں مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کا بھی امکان ہے۔ 

صدر زرداری نے مشترکہ اجلاس پیر کی سہ پہر 3 بجے طلب کر رکھا ہے، جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین شریک ہوں گے۔ آئین کے آرٹیکل 56 کے تحت، صدر ہر پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہیں، جو حکومت کی پالیسی کی سمت متعین کرنے کا ایک رسمی موقع ہوتا ہے۔

صدر زرداری مشترکہ اجلاس سے سب سے زیادہ مرتبہ خطاب کرنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔

یہ خطاب ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حکومتی اتحادی جماعتوں، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔ اگرچہ پیپلز پارٹی کے پاس وفاقی کابینہ میں کوئی وزارت نہیں، مگر پارلیمنٹ میں اس کے ووٹ موجودہ حکومت کی بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

کوہاٹ کے قریب شدت پسندوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

کوہاٹ کے علاقے تانڈہ ڈیم کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جو کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں ڈیوٹی دے رہے تھے۔

پولیس کے مطابق لاشیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی۔

انسپکٹر جنر ل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حملے میں ملوث شر پسندوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت دی۔

آئی جی نے کہا کہ ’شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھی جائے گی۔‘

چین، ترکیہ اور سعودی عرب سمیت آٹھ ممالک سے 67 پاکستانی ڈی پورٹ

چین، ترکیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت آٹھ ممالک سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 67 پاکستانی ڈی پورٹ کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں بھیک مانگنے اور غیر قانونی قیام پر کارروائی کی گئی اور 36 پاکستانی بے دخل کیے گئے، جبکہ ایک کو بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا۔

یو اے ای میں مختلف جرائم میں ملوث 10 پاکستانی بے دخل کیے گئے۔ عراق میں غیر قانونی داخلے پر 12 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔

قبرص، ترکیہ، چین، ملائیشیا میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستانی ملک بدر کیے گئے اور

14 پاکستانی حراست میں لے کر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کیے گئے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے استور میں برفباری جاری ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن کے بعض مقامات، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 12 سے 16 مارچ کو بھی ان شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

14 اور 15 مارچ کو کوئٹہ، زیارت، چمن، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، اوکاڑہ، بھکر اور ملتان ڈویژن میں بارش کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ 9 مارچ کی شام سے داخل ہوا، 12 مارچ سے اس کی شدت میں اضافہ ہوگا جو 16 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

کمسن بچی کو ونی کرنے پر والد کی خودکشی، دو افراد گرفتار

خیبرپختونخوا میں کمسن بچی کو ونی کرنے پر والد نے خودکشی کر لی جس کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بچی بحفاظت ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے اور واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان جلد پولیس کی حراست میں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر چلنے والے وائس نوٹ میں خودکشی کرنے والے عادل نامی شخص نے غلام فرید اور کفایت وغیرہ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ زبردستی اس کی کمسن بچی سائرہ بی بی کا رشتہ (ونی) غلام فرید نے اپنے بیٹے سے کرایا۔

وائس نوٹ کے وائرل ہونے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فوری نوٹس لیا اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ جس کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم غلام فرید (لڑکے کے والد) اور کفایت کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔

مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم دینے کا اعلان

خیبرپختوخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں سولرائزیشن آف ہاؤسز منصوبے کا باقاعدہ اجرا کیا گیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔

پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ای بیلٹنگ کے ذریعے شفاف طریقے سے مستحق گھرانوں کا انتخاب مکمل کیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں 32,500 گھروں کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔ 30 ہزار ضم اضلاع کے گھرانے بھی منصوبے میں شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سولر یونٹ میں سولر پلیٹس، بیٹری، پنکھے اور لائٹس شامل ہیں۔

 

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.