وزیرِاعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کے ’سرغنہ‘ عثمان ججہ کی گرفتاری پر وفاتی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کو انعام دیا ہے۔اتوار کو ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے انسانی سمگلر عثمان ججہ کو گرفتار کرنے والے ہر افسر و اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام اور شیلڈز دی ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد مجید، انسپیکٹر آصف ندیم اور سب انسپیکٹر محمد ندیم کو شیلڈز دی گئیں۔عثمان ججہ سنہ 2024 میں یونان کشی حادثے میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داران کے مرکزی کرداروں میں سے ایک ہے۔
بیان کے مطابق ججہ گینگ متعدد پاکستانیوں کو غیرقانونی طور سمندر کے راستے کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔
یورپ داخلے کی کوشش میں کشتی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں کئی پاکستانی شہری ہلاک ہوئے۔وزیرِاعظم شہباز شریف کو ڈی جی ایف آئی اے جان محمد نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گذشتہ برس دسمبر میں غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں یونان کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں اپنے شہریوں کی اموات کے بعد واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔وزارت داخلہ کے مطابق کشتی کے حادثے میں پاکستانیوں کی اموات کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے پانچ روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرنی تھی۔انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف ملک گیر کارروائیاں شروع کرنے کی بھی ہدایات دی تھیں۔
وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔ (فوٹو: ایف آئی اے)
فیصل آباد اور کراچی کے ایئرپورٹس سے پانچ افراد گرفتارترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر جعلی تعلیمی اسناد اور سٹڈی ویزا پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے عمیر یوسف اور عثمان علی نامی افراد کو گرفتار کیا۔
ملزمان تعلیمی ویزے پر آذربائیجان جا رہے تھے۔ عمیر یوسف نے جعلی میٹرک سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر سٹڈی ویزا حاصل کیا۔ ملزم کے تعلیمی سرٹیفکیٹ پر لگی وزارت خارجہ کی مہریں بھی جعلی نکلی۔عمیر یوسف نے چار لاکھ روپے میں ایجنٹ الطاف سے جعلی سرٹیفکیٹ اور ویزا حاصل کیا جبکہ ملزم عثمان علی ایم بی بی ایس سٹڈی ویزا پر جا رہا تھا۔ ملزم سے میٹرک اور ایف ایس سی کی جعلی اسناد برآمد ہوئیں۔ملزم عثمان علی نے نو لاکھ روپے میں ایجنٹ احسن سے ویزے کا معاہدہ کیا، جبکہ وہ چار لاکھ روپے ادا کر چکا تھا۔گرفتار مسافروں کو آف لوڈ کر کے قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مسافر کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے راجہ مہران خالد اور شہروز جنید کو کراچی ائرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ (فائل فوٹو: ایکس)
دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر مشکوک ای ویزا پر البانیا جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو دو ایجنٹوں سمیت گرفتار کر لیا۔
مسافر کی جانب سے پیش کیا جانے والا ای ویزا جعلی تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے جعلی ویزا ایجنٹوں سے 22 لاکھ روپے کے عوض حاصل کیا۔ اور 15 لاکھ روپے بینک کے ذریعے ادا کیے۔مسافر کی نشاندہی پر ایف آئی اے امیگریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے راجہ مہران خالد اور شہروز جنید کو کراچی ائرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔