دبئی میں ماہِ رمضان کے دوران ایک منفرد روحانی منظر دیکھنے کو ملتا ہے، جہاں افطار کی وسیع پیمانے پر تقسیم نہ صرف بھوکوں کا پیٹ بھر رہی ہے بلکہ کئی غیر مسلموں کے دل بھی بدل رہی ہے۔
افریقی نژاد شیخ محمد عزیز، جو ملاوی سے تعلق رکھتے ہیں، نے نجی چینل سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ روزانہ دبئی کے 13 مختلف مقامات پر 33 ہزار سے زائد افطار پیکٹ تقسیم کرتے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس نیکی کے عمل میں کسی کی قومیت یا مذہب نہیں پوچھا جاتا، بلکہ ہر فرد کو 'اللّٰہ کا مہمان' سمجھ کر کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
یہی بے لوث خدمت اور انسانی ہمدردی وہ جذبہ ہے جو ہر سال متعدد غیر مسلموں کو اسلام کے قریب کر رہا ہے۔ شیخ عزیز کے مطابق، رمضان کے دوران کم از کم 10 غیر مسلم اسلام قبول کر لیتے ہیں، جو اسلامی سخاوت اور مہمان نوازی سے متاثر ہو کر ایک نئے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔
یہ سب کچھ ایک چھوٹے سے قدم سے شروع ہوا تھا، جب 2015 میں شیخ عزیز اور ان کے بھائی عمران عزیز نے مزدوروں اور نادار افراد کے لیے افطار تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ وقت کے ساتھ، یہ نیکی کی مہم ایک بڑی تحریک ’ہیپی ہیپی رمضان‘ میں بدل گئی، جس میں نہ صرف دبئی بلکہ یورپ اور برطانیہ سے سینکڑوں غیر مسلم رضاکار بھی شامل ہو چکے ہیں۔
برشا، دبئی انڈسٹریل ایریا، اور سونا پور جیسے علاقوں میں یہ افطار کیمپ قائم کیے جاتے ہیں، جہاں محبت، رواداری اور انسانیت کی روشنی ہر شام جگمگاتی ہے۔ دبئی حکومت نے بھی اس مہم کو خاص اجازت دے کر اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں کوئی بھوکا نہ رہے۔