نیو یارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں دو اہم قراردادیں منظور کر لی گئیں۔
ان قراردادوں کے رو سے 23 مارچ پاکستان امریکن ہیریٹیج ڈے اور 19 مارچ پاکستانی امریکن بزنس ڈے کے طور پرمنایا جائے گا۔
مذکورہ قراردادیں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ اور اس کے صدر علی راشدکی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جن میں پاکستانی قونصلیٹ نیو یارک کی مسلسل معاونت شامل رہی۔
ریاستی مقننہ کی جانب سے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کا بھرپوراعتراف کیا گیا، تعلیم، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار اور مختلف شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیوں کا اعتراف کیا گیا۔
اسکولوں کا معیار بہت گر چکا ، ٹرمپ نے محکمہ تعلیم بند کرنے کے حکمنامے پر دستخط کر دیئے
سفیر پاکستان رضوان سعید نے تاریخی قراردادوں کی منظوری پرنیویارک ریاستی اسمبلی اورسینیٹ کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ نیو یارک ریاست کی مقننہ اور حکومت کی جانب سے آنے والے سالوں میں اسی طرح کی سہولت کاری پاکستان اور نیو یارک کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری کے روابط کو بڑھانے کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ثقافتی ورثے اور پاک امریکن کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف سے متعلق متفقہ فیصلہ اہم سنگ میل ہے، پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اس قرارداد کی متفقہ منظوری سے عوامی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔