انڈیا میں ہنگامی حالات: 21 ایئرپورٹس اور سکول بند، 200 پروازیں منسوخ

image

انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی اور جھڑپوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کی افواج ہائی الرٹ پر ہیں۔

انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق دہلی اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ملک بھر میں خاص طور پر پاکستان کی سرحد سے متصل ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

جن ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں جموں کشمیر، پنجاب ہریانہ، اُتراکھنڈ اور راجستھان شامل ہیں۔

اے این آئی کے مطابق شمالی اور شمال مغربی انڈیا میں کم سے کم 21 ہوائی اڈے 10 مئی تک بند رہیں گے۔

امرتسر کے اے ڈی سی پی 2 سری ویننالا نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’مرکزی حکومت کے مطابق شمالی اور شمال مغربی انڈیا کے 21 ہوائی اڈے 10 مئی تک بند رہیں گے۔ ان مقامات کے لیے کوئی پرواز نہیں چلائی جائے گی۔‘

ٹائمز آف انڈیا نے ایئرپورٹ اتھارٹیز آف انڈیا کے جاری کردہ ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ لیہہ، سری نگر، چندی گڑھ، امرتسر، پٹیالہ اور ہلوارہ کے ہوائی اڈے ان میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شملہ، دھرم شالہ، جودھپور، بیکانیر، جیسلمیر، کشن گڑھ، بھج، جام نگر، راجکوٹ، مندرا، پوربندر، کاندلا اور کیشوڈ کے ایئرپورٹس بھی 10 مئی تک بند رہیں گے۔

یہ ایئرپورٹس انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر، پنجاب، راجستھان اور گجرات میں آتے ہیں جو کہ پاکستان سے متصل ریاستیں ہیں۔ 

اس کے علاوہ وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے گوالیار اور اُترپردیش کے ہِنڈن ایئرپورٹ بھی متاثرہ ایئرپورٹس کی فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سری نگر اور جموں کے لیے شہری فلائٹس منسوخ ہیں جبکہ ان مغربی ریاستوں کے لیے شہری پروازیں بہت کم ہو گئی ہیں۔

ان علاقوں سے بچنے کے لیے امریکی ایئرلائنز، کورین ایئر، اور لفتھانسا نے اپنے راستے بدل دیے ہیں۔ ڈچ ایئرلائنز کے ایل ایم نے بھی اپنا راستہ بدل لیا ہے۔ 

پاکستان کی سرحد سے متصل اضلاع ہائی الرٹ پر ہیں اور ہر طرح کی عوامی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انڈین ایئرلائنز انڈیگو اور ایئر انڈیا نے کہا کہ حکومت کے احکامات کے بعد انہوں نے ان مقامات کے لیے اپنی تقریباً 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے لکھا ہے کہ مذکورہ ایئرپورٹس کی عارضی بندش بتاتی ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان تنازع کتنی شدت اختیار کر گيا ہے۔

انڈین پنجاب کے ساتھ پاکستان کی 500 کلومیٹر سے زائد طویل سرحد ہے۔ حکومت پنجاب نے سرحد سے متصل اضلاع کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور ہر طرح کی عوامی تقریبات کو منسوخ کر دیا ہے۔

حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری احکامات کی پابندی کریں۔ فیروزپور، پٹھان کوٹ، امرتسر، گرداس پور، ترن تارن اور فضلیکا میں تمام سکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

یہ سکول 11 مئی تک یا تاحکمِ ثانی بند رہیں گے۔ تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیوں کو ’انتظامی وجوہات‘ کی بنیاد پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق اُتراکھنڈ میں اور بطور خاص نیپال کی سرحد سے متصل علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ریاستی پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا گيا ہے۔ مذہبی مقامات سمیت تمام حساس علاقوں کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

انڈین ریاست راجستھان کے ساتھ پاکستان کی سرحد ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ طویل ہے۔ بارمیر، بیکانیر، سری گنگانگر، جیسلمیر سمیت متعد اضلاع میں سکولوں کو تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے۔

 


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts