بلوچستان کے ضلع قلات میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے چار مزدور قتل

image
بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے چار مزدور ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے چاروں افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی شام کو قلات سے تقریباً 70 کلومیٹر دور تحصیل منگچر کے علاقے ملنگزئی میں پیش آیا۔

اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل عمرانی نے اردو نیوز سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ’چاروں مزدور ٹیوب ویل کی ڈرلنگ کا کام کر رہے تھے جب انہیں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، اور چاروں مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔‘

لیویز کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد سات سے آٹھ تھی جو موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقتولین کی شناخت منظور احمد ولد مختیار جٹ، ذیشان ولد خالد محمود جٹ، دلاور حسین جٹ ولد عابد حسین اور محمد امین آرائیں ولد منیر احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ چاروں کا تعلق پنجاب کے علاقے صادق آباد سے بتایا جاتا ہے۔

بلوچستان میں حالیہ مہینوں میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں، مسافروں اور سرکاری ملازمین کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ زیادہ تر واقعات کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے۔

رواں مہینے 11 مارچ کو کوئٹہ سے لاہور اور راولپنڈی کے راستے پشاور جانے والی مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر بھی حملہ کر کے چار سو سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا اور ان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 26 مسافروں کو قتل کیا گیا۔ فروری میں بارکھان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات مزدوروں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.