پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے سینیئر عہدے دار ایرک میئر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ملاقات فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔بیان کے مطابق ’ملاقات پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے تناظر میں ہوئی۔ امریکی وفد نے اپنی نوعیت کے اس پہلے فورم کے قیام کو سراہتے ہوئے معدنی دولت کی ترقی سے متعلق منافع بخش شراکت داری پر مبنی پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔‘ملاقات کے دوران ایرک میئر نے امریکی انتظامیہ کی ترجیحات کے بارے میں بات چیت کی جن میں معدنی ذخائر کی ڈویلپمنٹ مشترکہ دلچسپی کا اہم ترین شعبہ ہے۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ملاقات کے دوران فریقین کو بین الاقوامی امور اور پاکستان کی علاقائی سلامتی کی ضرورت پر اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ملا۔‘’فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا اور باہمی روابط کو جامع انداز مضبوط بنانے کے لیے موجودہ بین الحکومتی اور عوامی تعاون کو بڑھانے کے علاوہ تجارتی تعاون کے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔‘