ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 27 اپریل تک شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیشگی ایڈوائزری جاری کر دی ہے تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر اپنا سکیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں موسم کا مزاج الگ ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی حصوں میں آج بارش کی پیش گوئی ہے، جو گرمی سے تھوڑی راحت دے سکتی ہے۔
درجہ حرارت کی بات کریں تو جیکب آباد ایک بار پھر سب پر بازی لے گیا، جہاں پارہ 43 ڈگری تک پہنچا۔ مٹھی، بہاولنگر اور نوابشاہ بھی 42 ڈگری کے ساتھ پیچھے نہیں رہے۔ کراچی، قصور اور لسبیلہ میں گرمی 41 ڈگری تک جا پہنچی۔ لاہور میں 38، اسلام آباد 36، پشاور 35، مظفرآباد 33، کوئٹہ 25 اور گلگت میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری دھوپ سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں، پانی زیادہ پئیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔