کراچی، 21اپریل، 2025: پاکستان کے معروف اسلامی بینکوں میں سے ایک فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے تحت ”پاکستان فنانشل لٹریسی ویک 2025“ کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ 14 تا 18 اپریل 2025 منعقدہ ہفتہ کا عنوان ”باہمی تعاون اور جدت کے ذریعے مالیاتی تعلیم“ تھا۔
مالیاتی تعلیم کے ذریعے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے اور ملک بھر میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کے عزم کے تحت فیصل بینک نے اسٹیٹ بینک کے وژن کے مطابق جامع اقدامات کیے، جس میں عوام میں مالیاتی شعور بڑھانے اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔
فنانشل لٹریسی ویک کے دوران ملک بھر کے مختلف اضلاع میں آگاہی سیشنز کا انعقادکیا گیا، جن میں انٹرایکٹو کیمپس شامل تھے۔ ان کیمپس میں عوام کو اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت، ڈیجیٹل بینکنگ کے عملی مظاہرے اور مقامی مارکیٹوں و کمیونٹی سینٹرز میں معلوماتی مواد فراہم کیے گئے۔ اس مہم کے تحت پاکستان بھر کے مختلف اسکولوں میں معلوماتی کوئزز کا بھی انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد طلبا کی مالیاتی معلومات کو بہتر بنانا اور انہیں مستقبل میں مالیاتی نظام کا فعال حصہ بننے کی ترغیب دینا تھا۔ طلباء، نوجوانوں، خواتین اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے پرسنل فنانس، ڈیجیٹل آن بورڈنگ اور بجٹ سازی پر توجہ مرکوز کرنے والی ورکشاپس اور آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک کے بینکنگ سروسز کارپوریشن نے تمام بینکوں کے تعاون سے ملک کے 15 بڑے شہروں میں ”فنانشل لٹریسی واک“ کا بھی انعقاد کیا، جس میں فیصل بینک نے بھرپور حصہ لیا۔
فیصل بینک مالیاتی تعلیم کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچا کر ایک دیرپا تبدیلی میں اپنا کردار پوری طرح سے ادا کررہا ہے اور ایک بہتر مستقبل کی جانب رواں دواں ہے۔