کراچی کے مصروف علاقے کلفٹن میں ایک ہولناک سڑک حادثے نے سب کو لرزا کر رکھ دیا۔ ضیا اسپتال کے قریب ایک ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 42 سالہ منیر احمد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ زوردار تصادم کے نتیجے میں متوفی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ چھیپا فاؤنڈیشن کے رضاکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ٹریلر کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، تاہم ٹریلر کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایچ او ریاض نیازی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی شناخت کر لی گئی ہے اور جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔