وزیراعلیٰ سندھ کی عالمی بینک کے وفد سے ملاقات

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی بینک کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پانی اور صفائی ستھرائی کے منصوبوں کے آغاز اور صوبے میں سیلاب متاثرین کیلئے رہائشی اسکیموں کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والی اس ملاقات میں عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر اینا بیجارڈ، کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین اور بینک کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

بیان کے مطابق حکومت سندھ اور عالمی بینک نے واش پروجیکٹ کے مؤثر آغاز پر اتفاق کیا جس کا مقصد پورے صوبے میں صاف پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے طریقوں تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ مزید کہاکہ اس اقدام کے تحت سیلاب سے متاثرہ 3 ہزار 200 دیہاتوں کو صحت عامہ اور زندگی کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے روشنی ڈالی کہ واش پروجیکٹ 27 کروڑ ڈالر کے بجٹ سے شروع کیا گیا، جس سے تقریباً 15 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں، بریک ڈاؤن میں ورلڈ بینک سے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک سے ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 10 کروڑ ڈالر اور حکومت سندھ کی طرف سے 10 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔

ملاقات میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 2022 کے سیلاب میں سندھ کا 70 فیصد حصہ ڈوب گیا تھا، جس سے ایک کروڑ 23 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور 21 لاکھ گھر تباہ ہوئے۔ بیان میں وزیر اعلیٰ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ پروجیکٹ نے ایک کروڑ 50 لاکھ دیہی آبادی کا احاطہ کیا، جو دنیا کے 154 ممالک کی آبادی سے زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک فائدہ اٹھانے والوں کے ایک لاکھ 20 ہزار بینک اکاؤنٹس کھولے گئے، اور گیارہ لاکھ 50 ہزار افراد میں مالی امداد تقسیم کی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار گھروں کی بنیادیں مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ 5 لاکھ گھر تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں، مزید برآں 9 لاکھ خواتین کو زمین کے مالکانہ حقوق دیے گئے ہیں، جو انہیں معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بناتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے نے 10 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کیے، جس سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے اہم ذریعہ معاش فراہم کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران عالمی بینک کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک تصویری گیلری کا بھی دورہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آصفہ بھٹو زرداری نے عالمی بینک کے حکام کے ایک وفد کے ہمراہ سندھ کے ضلع شہید بینظیر آباد میں سیلاب بحالی ہاؤسنگ پروجیکٹ کا دورہ کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.