پاکستان میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں لگاتار کمی کی وجوہات کیا ہیں؟

پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملک کو عرصہ دراز سے درآمدات پر انحصار کر رہا ہے جس کے لیے قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے تیل و گیس کے شعبے میں غیر ملکی کمپنیاں پاکستان سے نکل چکی ہیںآ ایسا کیوں ہے؟
تیل و گیس کی پیداوار
Getty Images
موجودہ مالی سال کے پہلے نو مہینوں میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار بالترتیب گیارہ اور سات فیصد گری ہے

پاکستان میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں گذشتہ چند سالوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے بیرون ملک سے ان کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملک عرصۂ دراز سے درآمدات پر انحصار کر رہا ہے جس کے لیے قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔

تاہم حالیہ برسوں ملک میں ڈالروں کی کمی کی وجہ سے بیرون ملک سے درآمد پر ملک کا تجارتی اور جاری کھاتوں میں عدم توازن کی وجہ سے ڈالر کی قیمت بڑھی جس کا اثر براہِ راست ایک عام آدمی کے لیے مہنگی چیزوں کی صورت میں نکلا ہے۔

تیل اور گیس کے شعبے میں مقامی پیداوار میں ہونے والی کمی اور بیرون ملک سے ان کی درآمد کی وجہ سے عام آدمی کو ان کی فراہمی زیادہ قیمت پر ہوتی ہے۔

ملک میں اکثر تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی خبریں میڈیا پر نمودار ہوتی رہتی ہیں تاہم سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تیل و گیس کی پیداوار میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان میں تیل اور گیس کی پیداوار میں کمی کی وجوہات اور اس کے حکومت اور عام آدمی پر اثرات کے بارے میں توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سکیورٹی کے حالات اور حکومتی پالیسیوں میں عدم تسلسل کے ساتھ پاکستان سے غیر ملکی کمپنیوں کے نکل جانے کی وجہ سے اس شعبے میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔

تیل و گیس کی پیداوار
Getty Images

پاکستان میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار کتنی ہے؟

موجودہ مالی سال کے پہلے نو مہینوں میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار بالترتیب گیارہ اور سات فیصد گری ہے۔

پاکستان پٹرولیم انفارمیشن سروسز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں جنوری سے مارچ کی سہ ماہی میں بھی 13 اور آٹھ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران پاکستان کی بڑی تیل اور گیس کی فیلڈز میں پیداوار میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ان فیلڈز میں قادپور فیلڈ، سوئی فیلڈ، اُچ فیلڈ، ماڑی فیلڈ جیسی بڑی فیلڈز کے علاوہ دوسری فیلڈز میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں کام کرنے والی تیل اور گیس کی دریافت اور پیداوار کی بڑی کمپنیوں کی مقامی پیداوار میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تیل و گیس کی پیداوار
Getty Images
پاکستان میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں گذشتہ چند سالوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے بیرون ملک سے ان کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے

تیل اور گیس کی بیرون ملک سے کتنی درآمد کی جاتی ہے؟

پاکستان میں تیل و گیس کی طلب کو مقامی پیداوار سے پورا نہیں کیا جا سکتا اور اس کے لیے ملک کو عالمی منڈی سے تیل وگیس خریدنی پڑتی ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ میں توانائی کے شعبے کے ماہر محمد اقبال جاوید نے بی بی سی کو بتایا کہ مقامی پیداوار تیل اور گیس کی مقامی ضرورت کو پورا نہیں کر سکتی اس لیے اسے بیرون ملک سے درآمد بھی کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ملک میں گیس کی روزانہ طلب 5500 ایم ایم سی ایٖف ڈی ہے جبکہ مقامی پیداوار 3300 ایم ایم سی ایف ڈی ہے اور باقی بیرون ملک سے پوری کی جاتی ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ پاکستان طویل مدتی کنڑیکٹ کے تحت قطر سے آر ایل این جی منگوا رہا ہے۔

اقبال جاوید نے بتایا کہ ’کم گیس نکالنے کی وجہ سے خام تیل بھی کم مقدار میں نکل رہا ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک سے تیل درآمد کیا جاتا ہے۔‘

پاکستان ریفائنری لمٹیڈ کے چیف ایگزیگٹو زاہد میر نے اس سلسلے میں بی بی سی کو بتایا کہ تیل کی ضرورت کا صرف بیس فیصد تک خام تیل کی مقامی پیداوار سے پورا کیا جاتا ہے اور 80 فیصد خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات بیرون ملک سے درآمد کی جاتی ہیں۔‘

تیل و گیس کی پیداوار
Getty Images
پاکستان میں تیل و گیس کی طلب کو مقامی پیداوار سے پورا نہیں کیا جا سکتا اور اس کے لیے ملک کو عالمی منڈی سے تیل وگیس خریدنی پڑتی ہے

مقامی و درآمدی تیل و گیس کی قیمتوں میں کتنا فرق ہے؟

پاکستان میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار کی نسبت درآمدی تیل و گیس کے لیے ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں۔

مقامی طور پر پیدا ہونے والی تیل و گیس کیا درآمدی تیل و گیس کے مقابلے میں سستے ہیں اس کے بارے میں اس شبعے کے ماہرین کہتے ہیں کہ مقامی طور پر پیدا ہونے والی گیس کی قیمت اگرچہ کم ہے تاہم پاکستان کو قطر سے لانگ ٹرم کٹریکٹ کے تحت گیس منگوانی پڑتی ہے جو مہنگی ہے۔

اقبال جاوید نے بتایا کہ ’اس وقت قطر سے آنے والی گیس تیرہ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں درآمد کی جاتی ہے جب کہ مقامی طو ر پر گیس کی قیمت تین سے پانچ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں پڑتی ہے۔‘

انھوں نے کہا ’اگر مقامی گیس کی پیداوار زیادہ ہو تو لازمی طور پر یہ گیس سستی ہو گی جو درآمد ی گیس کے مقابلے میں کم ہو گی۔‘

تاہم مقامی طور پر پیدا ہونے والا خام تیل بیرونی دنیا میں اس کی قیمت سے منسلک ہے۔

اقبال جاوید نے بتایا کہ ’مقامی خام تیل کی قیمت عرب لائٹ خام تیل سے منسلک ہے یعنی جو قیمت اس کی ہو گی اسی پر مقامی خام تیل بھی ملے گا۔‘

زاہد میر نے اس بارے میں کہا کہ یہ ایک فارمولہ ہے جسے امپورٹ پیریٹی پرائس کہا جاتا ہے یعنی مقامی تیل کی پیداوار بھی امپورٹ کی جانے والی مصنوعات کے برابر ہو گی۔

زاہد میر نے کہا ’جب کوئی کمپنی خام تیل دریافت کرتی ہے تو معاہدے میں اس وقت کی خام تیل کی بین الاقوامی قیمت کو ڈالا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر معاہدے کے وقت خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمت چالیس ڈالر ہے تو کمپنی کو خام تیل چالیس ڈالر پر بیچنا پڑے گا۔‘

تیل و گیس کی پیداوار
Getty Images
پاکستان میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار کی نسبت درآمدی تیل و گیس کے لیے ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں

تیل و گیس کی مقامی پیداوار کا حکومت اور عام صارف کو کوئی فائدہ ہوتا ہے؟

تیل و گیس کی مقامی پیداوار کے حکومت اور عام صارف کو فائدے کے بارے میں پاکستان انسٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس میں توانائی کے شعبے کی ماہر ڈاکٹر عافیہ ملک نے بتایا کہ یقینی طور پر جب تیل و گیس کی مقامی پیداوار زیادہ بڑھے گی تو حکومت کو زرمبادلہ ذخائر کی بچت میں بڑا فائدہ ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’پاکستان کے لیے فارن کرنسی کی بہت زیادہ اہمیت ہے جس کی وجہ سے ملک میں بیرونی ادائیگیوں کا توازن خراب ہوتا ہے۔‘

انھوں نے کہا ’اگر مہنگی گیس بیرونِ ملک سے منگوائی جا رہی ہے تو ایک عام صارف کو بھی مہنگے داموں ملتی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’جب ڈالروں میں بیرون ملک سے گیس آتی ہے اور جو مقامی گیس ہے اس کی قیمت کم ہے تو یقینی طور پر عام آدمی کو فائدہ ہوتا ہے۔‘

اقبال جاوید نے کہا کہ ’گیس کی مقامی پیداوار کی کم قیمت کا عام صارف کو فائدہ پہنچتا ہے تاہم لانگ ٹرم کنٹریکٹ کی وجہ سے درآمدی گیس کی وجہ سے گیس فیلڈز سے زیادہ پیداوار حاصل نہیں ہو پاتی جس کی وجہ سے صارفین کو زیادہ فائدہ نہیں مل رہا۔‘

زاہد میر نے بتایا کہ خام تیل کی مقامی پیداوار کو ایک عام صارف کو پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں نہیں ہوتا کیونکہ جو مقامی خام تیل پیدا ہوتا ہے اس کی قیمت بین الاقوامی خام تیل کی قیمت میں سے منسلک ہے۔

انھوں نے کہا ’جو کمپنی معاہدے کے تحت یہ خام تیل دریافت کر کے اس کی پیداوار کر رہی ہے وہ خام تیل کی بین الاقوامی قیمت کے مطابق اسے حکومت کو بیچے گی۔‘

انھوں نے وضاحت کی کہ ’اس فارمولے کے تحت خام تیل کی مقامی پیداوار بھی بیرونِ ملک تیل کی قیمت پر بکتی ہے۔ تاہم اس میں حکومت کا اتنا فائدہ ہوتا ہے کہ اسے بیرون ملک سے تیل منگوانے کے لیے جو زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے اس کی بچت ہو جاتی ہے۔‘

تیل و گیس کی پیداوار
Getty Images
ڈاکٹرعافیہ ملک میں سکیورٹی کو اس ضمن میں ایک ثانوی ایشو قرار دیتی ہیں

پاکستان میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار میں کمی کی کیا وجوہات ہیں؟

پاکستان میں تیل اور گیس کی پیداوار میں کمی کی وجوہات کے بارے میں زاہد میر کہتے ہیں کہ بنیادی طور پر اس شعبے میں ایک اصطلاح ہوتی ہے جسے ریزو ری سیٹلمنٹ ریشو یعنی جو پرانے ذخائر ختم ہو رہے ہیں اس ان کے مقابلے میں کتنے نئے دریافت ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا ’پاکستان میں یہ کم ہو رہے ہیں اس لیے پیداوار میں کمی ہور ہی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’تیلاور گیس کی مقامی پیداوار کے لیے سرگرمی میں کمی کی ایک وجہ یہ بھی ہے دو صوبوں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سکیورٹی کی وجہ سے مسائل ہیں تو سمندر کے اندر ان کی تلاش کے لیے غیر ملکی کمپنیاں، ان کی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہوتی ہے جو پاکستان میں نہیں ہیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’گذشتہ کئی سالوں سے تیل اور گیس کے شعبے میں غیر ملکی کمپنیاں پاکستان سے نکل چکی ہیں کیونکہ ان کے مطابق ایک تو ملکی پالیسی میں تسلسل نہیں ہے اور جو پالیسی ہے اس پر عمل درآمد ہونے میں مسائل ہیں۔‘

ڈاکٹرعافیہ ملک میں سکیورٹی کو اس ضمن میں ایک ثانوی ایشو قرار دیتی ہیں۔ ان کے خیال میں ’سب سے بڑا مسئلہ پالیسی میں ٹیکس مراعات اور غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے بعد ان کے منافع کی بیرونی ملک ادائیگی اور تکنیکی طور پر تیل اور گیس کی پیداوار کے لیے بلاک مختص کرنے کے ایشو ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیاں اب پاکستان میں نہیں آ رہیں۔‘

انھوں نے کہا اسی طرح ’گردشی قرضے کی وجہ سے جو کمپنیاں اس کام میں ہیں انھیں پیسے نہیں مل رہے اس لیے وہ بھی سرمایہ کاری نہیں کر رہیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’جو گیس مقامی طور پر کم ڈالروں میں دستیاب ہے وہ پیداوار نہ بڑھانے کی وجہ سے زیادہ رعایتی قیمت میں دستیاب نہیں ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.