پاکستان کی جانب سے لانچ کیے گئے کامیاب آپریشن’ بنیان المرصوص ‘ کے ہاتھوں منہ کی کھانے والے بھارت کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔
حال ہی میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل امر پریت سنگھ اپنے ہی ملک میں دفاعی ساز وسامان کے حصول اور ڈلیوری میں ہونے والی تاخیر پر پھٹ پڑے۔
دہلی میں کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی سالانہ بزنس کانفرنس سے خطاب کے دوران بھارتی ائیر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی بار کسی معاہدے پر دستخط کرتے وقت ہمیں یقین ہوتا ہے کہ یہ وقت پر نہیں ہو پائے گا لیکن ہم اس کے باوجود یہ کانٹریکٹ کرتے ہیں، میں کہہ سکتا ہوں کہ ایک بھی پروجیکٹ وقت پر مکمل نہیں ہوا ہے۔
امر پریت سنگھ نے سوال اٹھایا کہ معاہدے پر دستخط کے وقت غیر حقیقی ٹائم لائنز کا وعدہ کیوں کیا جاتا ہے؟ بلآخر ہم ایک ایسا وعدہ کیوں کرتے ہیں جسے پورا نہیں کیا جاسکتا۔ بھارتی ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت میں دفاعی نظام کو ڈیزائن کرکے اس کی تکمیل کرنا شروع کرنا چاہیے، نہ کہ صرف انہیں پیش کرنا چاہیے۔
دوسری جانب بھارتی تجزیہ کار سوشانت نے کہا کہ بھارتی حکومت مسئلے کا حل نکالتی تو پاکستان کے ساتھ جنگ میں شاید اتنا نقصان نہ ہوتا، حکومت کو مسئلے کا حل نکالنا ہوگا، تاخیر کا ذمہ دار کسی حد تک ’سیاست‘ کو قرار دیا جاسکتا ہے۔