مون سون بارشیں: انڈیا میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تین فوجی اہلکار ہلاک، چھ لاپتہ

image
انڈین آرمی کے مطابق ملک کے شمال مشرقی حصے میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ریاست سِکم میں پیر کو تین فوجی اہلکار ہلاک اور چھ لاپتہ ہوگئے ہیں۔ 

حکام کے مطابق انڈیا کے شمال مشرق میں گزشتہ چار دنوں کے دوران مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں کم سے کم 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ 

خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے ایف پی کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کو ریاست سِکم سے ایک ہزار سے زیادہ سیاحوں کو محفوظ مقام منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ آرمی کی ریسکیو ٹیموں نے ریاست میگھالیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے پانچ سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو کیا۔

ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ میں ایک خاندان کے کم سے کم چار افراد لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جان سے گئے۔ بارش کی تباہ کاریوں اور سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر اتوار کو پہاڑی علاقوں رنگمتی، بندربند اور خگرچاری میں متاثرہ افراد کو منتقل کرنے کے لیے سینکڑوں پناہ گاہیں کھولی گئی ہیں۔

انڈیا کے شمال مشرق اور بنگلہ دیش میں موسلاھار بارشوں کا خطرہ ہوتا ہے جس سے مہلک لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب آ جاتے ہیں۔

ہر سال دونوں ملکوں میں لاکھوں لوگ موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے متاثر اور بے گھر ہو جاتے ہیں۔

آسام کے سلچر شہر میں سڑکیں اور مکانات سیلاب کی وجہ سے ڈوب گئے ہیں۔

سلچر کی مقامی شہری سونو دیوی نے اے این آئی کو بتایا کہ ’ہم بہت سے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ میرا ایک بچہ ہے اور اس کا بستر سیلاب میں ڈوب گیا ہے۔ ہم اس صورتحال میں کیا کریں گے۔ ہم نے ساری رات خود کو جگائے رکھا۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.