اسرائیلی جارحیت علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: اسحاق ڈار

image
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

سنیچر کو استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی بلا اشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی جارحیت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کوئی ایک واقعہ نہیں ہے۔ یہ جنگ پسندی کے ایک خطرناک اور مستقل تسلسل کا حصہ ہے جس کا مظاہرہ اسرائیل نے پورے مشرق وسطیٰ میں کیا ہے۔‘

’اسرائیلی جارحیت خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، اور یہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ ہم سب اس عدم استحکام کی گونج کو محسوس کر سکتے ہیں۔‘

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر ایران کی درخواست پر اس کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر بات چیت کے لیے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی مکمل حمایت کی۔ ہم نے اجلاس میں ایران کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔‘

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے ایران کی حمایت کے حوالے سے کیے گئے دیگر اقدامات میں بھی اس کا ساتھ دیا ہے۔ جس میں متعدد اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا بیان اور ایس سی او اور آئی اے ای اے شامل ہیں۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم اسرائیل کی واضح اور بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.