اسلام آباد میں اسرائیلی اور امریکی مظالم کے خلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ جس میں طلباء، خواتین اور بچوں سمیت ہر طبقے نے شرکت کی، شرکاء نے فلسطین، ایران، یمن اور لبنان کے مظلوم عوام سےیکجہتی کا اظہارِ کیا۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے، شرکاء نے پرجوش نعروں کے ذریعے اسرائیل، امریکہ اور اُن کے حمایت یافتہ ظالم نظاموں کی مذمت کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ احتجاج دنیا کو جگانے کی ایک کوشش ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ یہ خاموش رہنے کا وقت نہیں، ہم خواتین بھی میدان میں ہیں، کیونکہ مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنا ہمارا دینی اور انسانی فریضہ ہے۔
سینئر صحافی اور اینکر پرسن ہرمیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ظلم چاہے کسی بھی مذہب یا قوم کے خلاف ہو، وہ انسانیت کے خلاف ہے، ہم فلسطین، یمن یا ایران کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ درد اور انصاف کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
شرکاء نے مزید کہا کہ یہ ریلی محض احتجاج نہیں، ایک عالمی پیغام ہے، کہ ظالم چاہے اسرائیل ہو یا اس کا سرپرست امریکہ، ہم خاموش نہیں رہیں گے۔