نیویارک کے میئر کے لیے پہلے انڈین نژاد مسلمان امیدوار ظہران ممدانی کون ہیں؟

image
امریکی شہر نیو یارک کے میئر کے انتخاب کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کی پرائمری ریس میں 33 سالہ مسلمان سیاستدان ظہران ممدانی نے سابق گورنر اینڈریو کومو کو حیران کن طور پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیویارک کے 67 سالہ سابق گورنر اینڈریو کومو نے اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے میئر کے لیے پرائمری ریس جیتنے پر ظہران ممدانی کو مبارکباد کا فون کیا ہے۔

انڈین نژاد امریکی شہری ظہران ممدانی جب ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری الیکشن کی دوڑ میں شامل ہوئے تو وہ ووٹرز کے لیے ایک اجنبی چہرہ تھے جنہوں نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کرنے کا وعدہ کیا۔

غیرحتمی نتائج کے مطابق 44 فیصد ووٹرز نے ڈیموکریٹ امیدوار ظہران ممدانی کا انتخاب کیا جبکہ 36 فیصد کی پہلی چوائس سابق گورنر ینڈریو کومو تھے جبکہ 11 فیصد نے بریڈ لینڈر کا انتخاب کیا ہے۔

میئر کی دوڑ میں شامل دیگر نو ڈیموکریٹ امیدوار ظہران ممدانی سے کہیں زیادہ پیچھے تھے۔

اس جیت کے بعد ظہران ممدانی نومبر میں ہونے والے نیویارک کے میئر کے انتخابات کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کے باقاعدہ امیدوار ہوں گے۔ 

ظہران ممدانی نے جیتنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا ’آج۔۔ شہر کے لیے ایک ایسے وژن کے ساتھ جو نیویارک کا ہر رہائشی افورڈ کر سکے، ہم جیت گئے ہیں۔‘

انہوں نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے نیویارک کو ڈیموکریٹ پارٹی کے لیے ایک ماڈل شہر بنانے کا وعدہ کیا۔

اگرچہ آئندہ ہفتے تک حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان نہیں کیا جائے گا تاہم غیرسرکاری نتائج کے تحت دیگر امیدواروں نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

انڈین نژاد مسلمان امیدوار ظہران ممدانی نے پرائمری انتخاب میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ظہران ممدانی یوگینڈا میں پیدا ہوئے تھے جو جیتنے پر نیویارک کے پہلے انڈین نژاد مسلمان میئر ہوں گے اور جو فلسطینیوں کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

وہ نیویارک کے علاقے کوینز کی نشست پر ریاستی اسمبلی میں منتخب ہوئے اور اس دوران انہیں دو نمایاں ترقی پسند سیاستدانوں سینیٹر برنی سینڈرز اور الیکزانڈریہ اوکاسیا کی حمایت حاصل ہوئی۔

پرائمری انتخابی مہم کے دوران حریف اینڈریو کومو نے ظہران ممدانی کو ناتجربہ کار قرار دیا جبکہ مسلمان سیاستدان  نے ان پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔

سال 2018 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں اینڈیور کومو صدر کے خلاف ایک تنقیدی آواز بن کر ابھرے تھے جس کی بنیاد پر سابق صدر بل کلنٹن اور نیو یارک کے سابق میئر مائیکل بلومبرگ نے ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

انتخابی مہم کے دوران دونوں امیدواروں کے درمیان فرق واضح تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کے حمایت یافتہ اینڈریو کومو جو دس سال گورنر کے عہدے پر فائز رہے جبکہ ممدانی ایک ترقی پسند اور نیا چہرہ ہیں جنہوں نے ماضی کو ترک کرنے کا وعدہ کیا۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.