سمیتا پاٹل کی موت نے ٹوٹے گھر کو دوبارہ جوڑ دیا، مشہور اداکارہ کی زندگی اور موت دونوں نے ہی راج ببر کی زندگی کو بدل ڈالا

image
 
عام طور پر شوبز کی دنیا سے جڑے افراد کی زندگی کی کہانیاں بھی ڈراموں اور فلموں کی طرح ہی ہوتی ہیں جن کے بارے میں جان کر انسان کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے وہ کسی فلم کی کہانی سن رہے ہوں- ایسی ہی ایک کہانی سمیتا پاٹل اور راج ببر کی بھی ہے محبتوں کے اس تکون کی کہانی جس کا ایک کردار نادرہ بابر بھی تھیں-
 
محبتوں کے تکون کی ایسی کہانی جس کا ہر کردار اہم
محبتوں کے اس تکون کی کہانی کا آغاز اس وقت سے ہوا جب دہلی کے نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں راج ببر اور نادرہ ظہیر ایک دوسرے سے پہلی بار ملے- نادرہ راج سے چار سال سینئر تھیں اور بطور مصنفہ اور ڈائیریکٹر ڈرامے لکھ رہی تھیں- ان دونوں کی پہلی ملاقات نادرہ کے تحریر کردہ ایک اسٹیج ڈرامے کے دوران ہوئی جس میں راج ببر کردار ادا کر رہے تھے-
 
نادرہ اور راج ببر کی شادی
محبت کی یہ داستان فوراً ہی شادی کی درخواست میں تبدیل ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو اپنا ہم سفر بنانے کا فیصلہ کر لیا اور 1975 میں نادرہ راج ببر کی زندگی میں نادرہ ببر بن کر داخل ہو گئیں۔ جدوجہد کے ان دنوں میں راج ببر نادرہ کی والدہ کے گھر میں شفٹ ہو گئے اور ان کے ساتھ ہی رہنے لگے- اسی دوران ان کی پہلی بیٹی جوہی ببر نے ان کی زندگی کو اور محبت کو مکمل کر دیا اس دوران راج ببر نے اپنا اسکوٹر 6000 روپے میں بیچ کر نادرہ کے ہاتھ پر گھر کے خرچے کے لیے پیسے رکھے اور خود اپنی قسمت آزمانے بمبئی چلے گئے-
 
image
 
راج ببر کی کامیابی
خوش قسمتی سے راج ببر کو جلد ہی کامیابی ملنا شروع ہو گئی اور 1979 میں انہوں نے نادرہ اور اپنی بچی کو بھی اپنے پاس بمبئی بلا لیا اس وقت میں مستقل محنت اور کام کے سبب نادرہ کا وزن اتنا بڑھ چکا تھا کہ انہوں نے اداکاری کے کیرئير کو خیر آباد کہہ دیا اور خود کو صرف ڈائیریکشن تک محدود کر دیا اسی دوران 1981 میں اس جوڑے کو دو بڑی کامیابیاں ملیں ایک تو انہوں نے اپنی تھیٹر کمپنی کی بنیاد رکھی اور اسی سال ان کی دوسری اولاد آریا بابر بھی ان کی زندگی میں آئی-
 
بظاہر اس وقت یہ جوڑا اپنی زندگی کا بھرپور وقت گزار رہا تھا دو بچے کامیاب زندگی اور پیار کرنے والا لائف پارٹنر انسان کی زندگی کو مکمل کرنے کے لیے کافی تھا-
 
راج ببر کی زندگی میں سمیتا پاٹل کی آمد
راج ببر اپنی زندگی میں سمیتا پاٹل کی شمولیت کے حوالے سے کہتے ہیں کہ سمیتا پاٹل ان کی زندگی میں اس لیے نہیں آئیں کہ ان کی زندگی میں کوئی کمی تھی یا نادرہ کے ساتھ ان کے کوئی اختلافات تھے بلکہ سمیتا کا ان کی زندگی میں آنا لکھا ہوا تھا- یہی وجہ ہے کہ وہ خود بخود بس ان کی طرف کھنچنا شروع ہو گئے-
 
ایسی شادی جس نے کئی افراد کی زندگی کو متاثر کر دیا
نادرہ کا یہ کہنا تھا کہ افواہیں تو اس حوالے سے وہ سن ہی رہی تھیں مگر انہوں نے ان پر دھیان نہیں دیا تھا مگر جب ایک دن راج نے ان کے سامنے اپنے اور سمیتا پاٹل کے تعلق کو قبول کیا تو وہ بکھر کر رہ گئیں- اس وقت ان کے پاس صرف دو چیزیں تھیں جن میں چھپ کر انہوں نے اپنی زندگی کو آگے بڑھایا ایک ان کا کام اور دوسرا ان کے بچے۔
 
image
 
سمیتا پاٹل کی موت
راج ببر نے سمیتا پاٹل کو اپنا لیا اور نادرہ نے اپنے بچوں کے ساتھ ان سے کنارہ کشی اختیار کر لی مگر راج ببر کو اس وقت اس کا احساس نہ ہوا وہ اپنی محبت میں مگن تھے- سمیتا پاٹل جب امید سے ہوئیں تو راج ببر کی زندگی میں مزید خوشیاں آگئيں مگر 1986 میں پہلے بیٹے کی پیدائش کے دوران ہونے والی پیچیدگیوں کے سبب 31 سال کی عمر میں سمیتا راج اور اپنے بیٹے کو چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے جدا ہو گئیں-
 
محبت کرنے والی بیوی ایک بار پھر ساتھ
راج ببر کی تمام تر بے وفائی کے باوجود سمیتا پاٹل کی موت کے بعد اگر کسی نے ان کو سنبھالا وہ کوئی اور نہیں بلکہ نادرہ تھیں جنہوں نے راج کی تمام غلطیوں کو معاف کرتے ہوئے کھلے دل سے ان کو اپنا لیا-
 
اس موقع پر نادرہ کا یہ کہنا تھا کہ اکثر خواتین نے ان کے اس عمل پر ان کو تنقید کا نشانہ بنایا مگر ان کا یہ ماننا تھا کہ اس وقت میں عورتوں کے حقوق کی آواز اٹھانے والی عورتوں کا ساتھ دے کر ان کو وقتی طور پر تو میڈل مل جاتا مگر اس کا اثر ان کے اور ان کے بچوں کی زندگی پر پڑتا- اس وجہ سے سمیتا پاٹل کی موت کے بعد انہوں نے اپنے ٹوٹے گھر کو دوبارہ سے جوڑ لیا-
 
اس موقع پر اگرچہ سمیتا پاٹل کے بیٹے پراتیک کی پرورش اس کی نانی نے کی مگر نادرہ نے اس کو بھی کھلے دل سے نہ صرف قبول کیا بلکہ اس کو اپنے بچوں کی طرح ہی سمجھا جو کہ ان کے بڑے پن کی دلیل ہے-
 
آج جب کہ راج ببر نہ صرف ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ کامیاب سیاست دان بھی ہیں نادرہ اور ان کے بچے ان کی ہر کامیابی میں ان کے ساتھ شریک ہیں- نادرہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے سمیتا پاٹل کو کھلے دل سے معاف کر دیا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: