بہو خراب تو گھر برباد، ہمیشہ بہو مظلوم نہیں ہوتی بلکہ کبھی ڈرامہ سیانی جیسی بھی ہوتی ہے جس نے کسی کو نہیں بخشا

image
 
عام طور پر ہمارے معاشرے میں ایک تاثر یہ دیا جاتا ہے کہ جیسے لڑکی جب سسرال جاتی ہے تو سسرال میں اس کا واسطہ ظالم ساس اور دیگر سازشی رشتوں سے پڑتا ہے جو بہو پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیتے ہیں۔ اس تاثر کے سبب اگر میڈیا کو دیکھیں تو زیادہ تر ڈرامے بھی ایسے ہی دکھائے جاتے ہیں جہاں پر شوہر اور ساس کے ظلم کے سبب لڑکی پستی رہتی ہے-
 
مگر گزشتہ کچھ عرصے سے ایسے ڈرامے بھی پیش کیے جانے لگے ہیں جس میں عورت کو اور خاص طور پر بہو کو سازشی اور ظالم دکھایا گیا ہے ایسا ہی ایک ڈرامہ سیانی آج کل نجی چینل پر پیش کیا جا رہا ہے جس کو عوام اس کے مختلف پلاٹ اور اسٹوری میں آنے والے ٹوئسٹ کے سبب بہت پسند کر رہے ہیں-
 
ڈرامہ سیانی کی خراب بہو کے سسرال پر اثرات
ڈرامہ سیانی میں بہو کے کردار میں انمول بلوچ کرن کے کردار میں نظر آرہی ہیں۔ جو ایک بہت چالاک لڑکی دکھائي گئی ہے جس کا تعلق متوسط طبقے سے ہے مگر اس نے ایک امیر لڑکے کو دھوکہ دے کر اس سے شادی کر لی ہوتی ہے- اس سازش میں اس کی ماں نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ درحقیقت لڑکی سسرال میں سب سے اہم چیز جو لے کر جاتی ہے وہ اس کی ماں کی تربیت ہی ہوتی ہے۔ اس ڈرامے کے مطابق ایک سازشی بہو سسرالی لوگوں کی زندگی کو کیسے خراب کر سکتی ہے اس کے بارے میں ہم آپ کو بتائیں گے-
 
شوہر کو بہکانے کی کوشش
ایک اچھی بیوی شوہر کی زندگی کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وہ شوہر کو گھر کا سکھ دیتی ہے۔ اس کے آرام و سکون کا خیال رکھتی ہے اور اس کو اس کے ماں باپ سے دور کرنے کے بجائے قریب کرتی ہے- جب کہ سیانی جیسی خراب بہو شوہر کی زندگی کو اجیرن بنا دیتی ہے اور ہر وقت یہی کوشش کرتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح شوہر کو اس کے ماں باپ سے دور کر کے صرف اپنی حد تک محدود کر دے-
 
image
 
نند کا گھر برباد
بھابھی کے ساتھ نندوں کا تعلق اگر اچھا ہو تو بہنوں جیسا ہوتا ہے لیکن یہی تعلق اگر خراب ہو تو شادی شدہ نندوں کا اپنے میکے آنا بند کروا دیتی ہیں- جیسا کہ اس ڈرامے میں بتایا گیا ہے کہ سازشی بھابھی نے شادی شدہ نند کی زندگی کو اس کے سسرال والوں کے ساتھ مل کر جہنم بنا دیا۔ جب کہ دوسری طرف اپنے شوہر کے بھی اس طرح سے کان بھرے کہ وہ اپنی سگی بہن سے بد ظن ہو گیا-
 
دیور کی زندگی خراب
سسرال میں بہو کی حکومت کو ختم کرنے کے لیے اگر کوئی ٹکر کی شخصیت ہوتی ہے تو وہ دیورانی یا جٹھانی ہوتی ہے اس وجہ سے اس ڈرامے میں جب کرن کو یہ پتہ چلا کہ اس کا دیور اس کی کزن سے شادی کرنے کا خواہاں ہے تو اس سے اپنی سازشوں کے ذریعے نہ صرف ان دونوں کی راہیں جدا کر دیں بلکہ اس نے اپنی اس کزن کی شادی بھی ایسے لڑکے سے کروا دی جس نے اس کی زندگی برباد کر دی- جبکہ دوسری طرف دیور کی ازدواجی زندگی کو بھی اس نے ہر ہر طریقے سے خراب کرنے کی کوشش کی-
 
image
 
ساس سسر کے لیے عذاب
جیسا کہ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ ساس سسر شریف النفس لوگ ہیں۔ خاص طور پر ساس دوسری ساسوں کے قطع نظر اس بات کی کوشش کرتی نظر آتی ہے کہ اس کے سارے بچوں کی زندگی خوشگوار رہے- یہی وجہ ہے کہ اپنی بہو کی سازشیں اور عیاریاں جاننے کے باوجود کبھی بھی اس نے اپنے بیٹے کی زندگی میں سے اس کو ہمیشہ کے لیے نکالنے کی کوشش نہیں کی۔ جب کہ یہی بہو ان کی زندگی کو مسائل کا شکار کرنے کا ہر ہر حربہ استعمال کر رہی ہے- اس ڈرامے سے یہ سبق مل سکتا ہے کہ ہمیشہ بہو ہی مظلوم نہیں ہوتی ہے بلکہ بعض اوقات کچھ بہوئیں اپنی ماں کی غلط تربیت کے سبب سسرال والوں کے ساتھ ایسے ظلم کر دیتی ہیں کہ وہ دوسروں کا نام بھی بدنام کرنے کا سبب بن جاتی ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: