میری زندگی پر فلم نہیں بننی چاہیے، متھن چکرورتی کی زندگی پر اگر فلم بنی تو لوگوں کے لیے خطرناک کیوں؟ اداکار نے وجہ بتا دی

image
 
اس دنیا میں ہر اس فرد کو کامیاب تصور کیا جاتا ہے جس کے پاس عزت دولت اور شہرت ہو۔ اور اگر اس فرد کو سیاسی میدان میں بھی کامیابی حاصل ہو جائے تو اس کے پاس طاقت بھی آجاتی ہے جو کہ اس کی اس دنیا میں کامیابی کو چار چاند لگا دیتی ہے- تاہم اس کامیابی کے حصول کا سفر کیسے طے کیا گیا ہے اور اس میں کتنی مشکلات ہوتی ہیں اس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکتا ہے-
 
متھن چکروتی کی کامیابیوں کا سفر
بھارتی اداکار متھن چکرورتی جن کا تعلق بنگال سے ہے ان کو کچھ لوگ اس انڈسٹری کے ڈسکو کنگ کے نام سے یاد کرتے ہیں جب کہ کچھ ان کو متھن دا کے نام سے بھی مخاطب کرتے ہیں-
 
ڈسکو ڈانسر سے شہرت پانے والے متھن چکرورتی اب تک بھارتی فلم انڈسٹری کا ہر بڑا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں اس کے ساتھ ساتھ بھارتی سیاست میں بھی بہت اہم کردار ادا کرتے ہوئے نظر آتے ہیں-
 
کامیابی کے سفر کا ناکامی سے آغاز
جس طرح ہر بڑے انسان کی کامیابی کے پیچھے ایک بڑی جدوجہد پوشیدہ ہوتی ہے اسی طرح متھن جی کی اس کامیاب زندگی کے پیچھے بھی ایک طویل اور مشکل ترین جدوجہد ہے جس پر سے حالیہ دنوں میں انہوں نے پردہ ہٹاتے ہوئے نئی نسل کو بہت کچھ بتایا-
 
image
 
ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ زندگی کی جن مشکلات کا سامنا انہوں نے کیا ہے کسی اور کو کرنا پڑے کامیاب ہونے کے لیے مشکل دور سے تو سب ہی گزرتے ہیں مگر ان کی اس جدوجہد میں کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کی رنگت تھی- لوگ ان کی گندمی رنگ کے سبب نہ صرف برے برے ناموں سے پکارتے تھے بلکہ ان کی بے تحاشا تذلیل بھی کرتے تھے-
 
متھن کا اس وقت کے حوالے سےیہ بھی کہنا تھا کہ وہ ساری ساری رات اپنی رنگت کی وجہ سے روتے رہتے تھے اور دن چڑھے ان کے پاس کھانے کو بھی کچھ نہ ہوتا تھا جس کی وجہ سے ان کی رنگت مزید سیاہ ہو جاتی تھی-
 
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ وہ وقت تھا جب ان کو نہ تو پیٹ بھر روٹی ملتی تھی اور نہ ان کے سر پر کوئی چھت ہوتی تھی وہ فٹ پاتھ پر رات گزارنے پر مجبور ہوتے تھے-
 
میری زندگی پر فلم نہیں بننی چاہیے
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی زندگی پر کوئی فلم بنائی جائے اس کی وجہ انہوں نے بتائی کہ ان کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ اگر ان کی زندگی کی مشکلات کا نئی نسل کو پتہ چل گیا تو ان کو لگتا ہے کہ وہ ان دشواریوں کو دیکھ کر جن کا سامنا انہوں نے کیا ہمت ہار بیٹھیں گے اور پھر ہو سکتا ہے کہ کوئی اس صنعت میں قسم آزمائی کے لیے تیار نہ ہو-
 
image
 
ان کا یہ ماننا ہے کہ وہ اس وجہ سے کامیاب نہیں ہیں کہ انہوں نے کامیاب فلمیں دی ہیں بلکہ وہ کامیاب اس لیے ہیں کہ انہوں نے زندگی کی بڑی سے بڑی مشکل کا مقابلہ بڑی بہادری سے کیا اور ہر مشکل کو ہرا کر خود کو کامیاب کیا-
 
متھن کی زندگی اس شعبے میں محنت کرنے والوں کے لیے مثال ہے کہ اگر انسان میں صلاحیت ہو تو اسے کامیاب ہونے سےکوئی روک نہیں سکتا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: