دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے٬ ہر ایک منٹ میں کچھ نہ کچھ
ایسا ضرور ہوتا ہے جو کسی نہ کسی سطح پر لوگوں پر اپنے اثرات مرتب کرجاتا
ہے- اگر اسی حوالے سے صرف گزشتہ سال کی بات کی جائے تو معلوم ہوگا کہ سال
2017 کے دوران پاکستان میں بھی کئی ایسی خبروں نے جنم لیا جو نہ صرف بہت
زیادہ وائرل ہوئیں بلکہ انہوں نے پاکستان کی عوام٬ کھیل٬ سیاست اور معیشت
پر گہرے اثرات مرتب کیے- ہم یہاں سال 2017 دوران پاکستان میں بہت زیادہ
گردش کرنے والی خبروں یا واقعات پر ایک نظر ڈالیں گے-
|
پاکستان اور بھارت کے
درمیان چمپئینز ٹرافی 2017 کا فائنل
سال 2017 کرکٹ کا سال رہا- گزشتہ سال فروری اور مارچ میں پاکستان نے شاندار
چمپئینز ٹرافی 2017 ٹورنامنٹ کھیلا- ٹورنامنٹ کے آغاز میں پاکستان کی کرکٹ
ٹیم کا کھیل کوئی خاص نہیں تھا اور وہ بین الاقوامی رینکنگ میں 8ویں نمبر
پر تھی لیکن جلد ہی پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی-
یہاں تک کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر
ٹورنامنٹ کے فائنل میں جا پہنچی- فائنل میں اس کا سامنا اپنے روایتی حریف
بھارت سے ہوا- یہاں بھی پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ
کرتے ہوئے بھارت کو 180 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر قوم کا سر فخر سے
بلند کردیا- اس میچ سے قبل اور بعد میں فائنل کے حوالے سے خبروں کا سوشل
اور الیکٹرونک میڈیا پر ایک طوفان برپا رہا اور ایک طویل عرصے تک اس حوالے
سے مختلف خبریں گردش کرتی رہیں- |
|
پانامہ کیس کا فیصلہ
سال 2016 سے مقبول ہونے والا پانامہ کیس سال 2017 میں بھی سال بھر خبروں کی
زینت بنا رہا- ہر سماعت اور اس میں شریف خاندان کی پیشی کی خبریں مستقل
گردش کرتی ہیں- ٹی وی چینلز اس کیس کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال کو موضوع
بنا مسلسل ٹاک شوز منعقد کرتے رہے- نیوز چینلز کو پاکستان تحریکِ انصاف اور
مسلم لیگ ن کے درمیان جاری اس سیاسی رسہ کشی نے مصروف رکھا- بالآخر ایک
طویل انتظار کے بعد سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو پانامہ کیس کا فیصلہ
سناتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا-
|
|
ورلڈ الیون کی پاکستان آمد
سال 2017 میں بین الاقوامی کرکٹ کی 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے پاکستان
میں واپسی ہوئی- یہ سیریز ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے درمیان کھیلی
گئی- اس ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے شہر لاہور میں کیا گیا اور اس کا
نام “ آزادی کپ “ رکھا گیا- پاکستان اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے ساتھ ساتھ
اس میں فتح حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا- اور یوں پاکستان نے بین الاقوامی
کرکٹ کا اعتبار بھی حاصل کیا-
|
|
فیس بک پر فرینڈ ریکوسٹ بھیجنا ہراساں کرنا
ہے
گزشتہ سال آسکر ایوارڈ جیتنے والی شرمین عبید چنائے اپنے ایک بیان “ فیس بک
پر فرینڈ ریکوسٹ بھیجنا ہراساں کرنا ہے “ کے دیے جانے کے بعد شدید تنقید کی
زد میں آگئیں- دراصل فیس بک یہ فرینڈ ریکوسٹ ان کی ہمشیرہ کو ایک پرائیوٹ
اسپتال کے ڈاکٹر کی جانب سے بھیجی گئی تھی جسے شرمین عبید نے اپنی ایک
ٹوئیٹ میں ہراساں کیے جانے کے مترادف قرار دیا- لیکن اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا
پر ایک طوفان برپا کردیا اور شرمین عبید کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا-
|
|
ٹی 10 کرکٹ لیگ کا آغاز
گزشتہ سال ٹی 10 کرکٹ لیگ کا آغاز کیا گیا جو کہ کرکٹ کا ایک مختصر ترین
کھیل ہے- ٹی 10 صرف 10 اوور پر مشتمل ہے- ٹی 10 کرکٹ لیگ کے پہلے ٹورنامنٹ
کا انعقاد 14 دسمبر سے لے کر 17 دسمبر 2017تک کیا کیا- اس ٹورنامنٹ میں
دنیا بھر کے کھلاڑیوں نے شرکت کی- ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے نام پختونز٬
پنجابی لیجنڈ٬ کیرالہ کنگز٬ بنگال ٹائیگرز٬ مراٹھا عربینز اور ٹیم سری لنکا
کرکٹ تھے- ہر میچ تقریباً90 منٹ پر مشتمل ہوتا تھا-
|
|
عمران خان اہل جبکہ جہانگیر ترین نااہل
یہ سپریم کورٹ میں چلنے والا ایک اور ایسا مقدمہ تھا جس کے فیصلے کا شدت سے
انتظار کیا جارہا تھا- اس مقدمے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے حنیف عباسی کی
جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کے چئیرمین عمران خان اور جنرل سیکرٹری
جہانگیر ترین کو اثاثے چھپانے کے جرم میں نااہل قرار دیے جانے کی درخواست
دائر کی گئی تھی- تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں عمران خان کو الیکشن کے لیے
اہل جبکہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیا- اس فیصلے کی خبریں بھی بہت
زیادہ وائرل ہوںیں اور عوام اور میڈیا کی جانب سے اس فیصلے پر ملی جلی
تاثرات سامنے آئے-
|
|
کراچی میں بارش اور ژالہ باری
کراچی کے عوام 18 دسمبر 2017 کو صبح 4 بج 30 منٹ پر تقریباً چار سال بعد
ایک مرتبہ پھر ژالہ باری سے لطف اندوز ہوئے اور یہ ان کے لیے انتہائی
خوشگوار تجربہ ثابت ہوا- کراچی میں یہ موسمِ سرما کی پہلی بارش تھی اور اس
کے ساتھ گرنے والے اولوں کا دلچسپ نظارہ شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں
نے دیکھا- ان میں ڈیفنس٬ کلفٹن٬ صدر٬ شاہراہ فیصل٬ آئی آئی چند ریگر روڈ٬
ناظم آباد اور ملیر کے رہائشیوں سمیت دیگر کئی علاقوں کے رہائشی بھی شامل
تھے- |
|
2017- فبیہہ شیرازی پاکستان میں گوگل پر
بہت زیادہ سرچ ہونے والی شخصیات میں شامل
حال ہی میں گوگل کی جانب سے سال 2017 میں پاکستان سے بہت زیاد سرچ کی جانے
والی شخصیات کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے- حیران کن طور پر اس فہرست میں
پاکستانی گیم شو جیتو پاکستان میں میزبانی کے فرائض سرانجام دینے والے فہد
مصطفیٰ کی پرکشش اور خوبصورت معاون ساتھی فبیہہ شیرازی کا نام سرفہرست ہے-
دیگر قابلِ ذکر پاکستانی ناموں میں مومنہ مستحسن٬ احد رضا میر اور ہانیہ
عامر کا نام شامل ہے- |
|