کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز
میں پاکستان کے حسن علی کو سنہ 2017 کا ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار
دیا گیا ہے جبکہ چیمپیئز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کو شائقین نے سال کا
بہترین لمحہ چنا ہے۔
|
|
سنہ 2017 کے لیے آئی سی سی کے ایوارڈ کا اعلان جمعرات کو کیا گیا ہے اور
انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کو سال کا بہترین کرکٹر اور کپتان قرار دیا گیا
ہے۔
2017 کا ابھرتا ہوا عالمی کھلاڑی قرار دیے جانے پر حسن علی کا کہنا ہے کہ
یہ ایوارڈ ان کے لیے اور پاکستان کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔
حسن علی نے سنہ 2017 میں 18 ایک روزہ میچوں میں 17.04 کی اوسط سے 45 وکٹیں
حاصل کیں۔ وہ آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کے لیے بولروں کی عالمی درجہ
بندی میں اس وقت پہلے نمبر پر بھی ہیں۔
2017 کے لیے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے نام رہی جو
2012 میں بھی سال کے بہترین کرکٹر کا اعزاز جیت چکے ہیں۔
ان ایوارڈز کے لیے کوالیفیکیشن کا دورانیہ ستمبر 2016 سے 2017 کے اختتام تک
تھا۔ اس دوران کوہلی نے 77.80 کی اوسط سے 2203 ٹیسٹ رنز بنائے جن میں چھ
ڈبل سنچریاں شامل ہیں، اور ایک روزہ میچوں میں 1818 رنز 82.63 کی اوسط سے
بنائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ انڈیا کے ہی روی چندرن
ایشون کو ملا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کا انعام آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ کو ملا جن کی
بہترین بلے بازی نے حال ہی میں آسٹریلیا کی ایشز میں فتح میں اہم کردار ادا
کیا تھا۔
|
|
پاکستان کی انڈیا کو چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں شکست ’فین مومنٹ آف
دی ایئر‘ رہی۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ 2017 کی ایک روزہ میچوں کی بہترین ٹیم میں
بھی دو پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ان
کے علاوہ انڈیا کے تین کھلاڑی وراٹ کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بھمرا،
جنوبی افریقہ سے ابراہم ڈویلیئرز اور کوئٹن ڈی کوک، افغانستان کے نوجوان
سپنر راشد خان، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس، نیوزی
لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
2017 کی ٹیسٹ میچوں کی بہترین ٹیم کاگیسو رباڈا، ڈین الگار، کوئٹن ڈی کوک (جنوبی
افریقہ)، سٹیو ورانر، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک (آسٹریلیا)، کوہلی، چیتشوار
پوجارا، ایشون (انڈیا)، جیمز اینڈرسن، بن سٹوکس (انگلینڈ) پر مشتمل ہے۔
|