چیمپیئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کا جرسی پر پاکستان لکھنے سے انکار

image
 
چیمپیئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان ہے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے جرسی پر میزبان ملک کا نام نہ لکھنے کی ہدایت کی ہے، جس سے پاکستانی کرکٹ بورڈ ناراض ہے۔ پی سی بی نے بھارتی بورڈ پر کھیل میں سیاست کی آمیزش کا الزام عائد کیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے اب ایک تازہ تنازعہ سامنے یہ آیا ہے کہ بھارت نے مبینہ طور پر اپنی ٹیم کی جرسی پر میزبان ملک 'پاکستان' کا نام لکھنے پر اعتراض کیا ہے۔ پاکستان اس ٹورنامنٹ کا باضابطہ میزبان ہے، جبکہ بھارت نے پاکستان کا سفر نہ کرنے اور اپنے میچز دبئی میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے جب بھارت نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا، تو پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سخت مشاورت کے بعد ایک ہائبرڈ ماڈل کو قبول کیا گیا، تاہم میزبان ملک کا نام جرسی پر نہ لکھنے کی ہدایت پر ایک نیا تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔

کھیل میں سیاست کی آمیزش کا الزام
بھارت کے ایک خبر رساں ادارے اے این آئی نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے حکام سے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے لکھا ہے کہ پی سی بی کے ایک عہدیدار نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر الزام لگایا کہ وہ بھارتی ٹیم کی جرسیوں پر پاکستان کا نام پرنٹ کرنے سے انکار کر کے "کرکٹ میں سیاست" کی آمیزش کی کوشش کر رہا ہے۔

اس سے قبل اس طرح کی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بھارتی بورڈ نے مبینہ طور پر اپنی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو کپتانوں کی ہونے والی میٹنگ میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں کی موجودگی میں پاکستان میں ہونے والی ایک شاندار افتتاحی تقریب کے دوران چیمپیئنز ٹرافی کی رونمائی کی جانے والی ہے۔
 
image

بھارتی خبر رساں ادارے نے اپنی ایک پوسٹ میں نام مخفی رکھنے کی شرط پر پی سی بی کے ایک عہدیدار کے حوالے سے لکھا، "بی سی سی آئی سیاست کو کرکٹ میں لا رہا ہے، جو کہ کھیل کے لیے بالکل بھی اچھا نہیں ہے۔ پہلے انہوں نے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا، پھر وہ اپنے کپتان کو افتتاحی تقریب کے لیے (پاکستان) نہیں بھیجنا چاہتے اور اب اطلاعات ہیں کہ وہ نہیں چاہتے کہ میزبان ملک (پاکستان) کا نام ان کی جرسی پر پرنٹ کیا جائے۔"

ان کا مزید کہنا تھا، "ہمیں یقین ہے کہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی (آئی سی سی) ایسا نہیں ہونے دے گی اور اس پر پاکستان کی حمایت کرے گی۔"

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے تنازعات کا سلسلہ جاری ہے جو پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ کے پاکستان نہ سفر کرنے کے بعد سے شروع ہوا تھا۔ بالآخر ایک ہائی برڈ ماڈل پر اتفاق ہوا، تاہم اس نئے معاہدے کے تحت اب پاکستان کو بھی بھارت میں نہ کھیلنے کی آزادی ہوگی اور مستقبل میں جو بھی میچ پاکستان کو بھارت میں کھیلنے ہوں گے انہیں وہ کسی تیسرے مقام پر کھیل سکے گا۔

چیمپیئنز ٹرافی شروع ہونے میں اب تقریباً ایک مہینہ باقی ہے، تاہم یہ مسلسل تنازعات کے سبب سرخیوں میں ہے اور اب دیکھنا یہ ہو گا کہ اس کا آغاز کیسا رہتا ہے۔
 

Partner Content: DW Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: