مشاعروں کی اقسام

مشاعرہ برِصغیر پاک و ہند اور تہذیبِ فارس کا پروردہ شعار ہے۔اب اس شعار کی آبیاری مشرق نژاد مغرب آباد علمی و ادبی احباب پوری شدو مد سے کر رہے ہیں۔ اردو زبان و ادب کی طرح، مشاعرہ بھی مغرب کی ہواؤں کا لطف اٹھا رہا ہے اور امیدِ واثق اور خیالِ غالب ہے کہ آنے والا دور یورپ کی سرزمین پر اردو کی کاشتکاری کا دورہو گا۔ اردو ، انگلش سے بھی بڑی آبادی کی زبان کے طور پر سامنے آنے کے لئے پر تول رہی ہے، اور کسی حد تک آ بھی چکی ہے۔یہ باتیں واقفیت پر منحصر ہیں اس لئے میرے قاری مجھ سے زیادہ جانتے ہیں۔
درج ذیل اقسام ِ مشاعرہ خود ساختہ اور شخصی ہیں۔ ان میں بیک وقت سنجیدہ اور مزاحیہ انداز کا سنگھم ہو گیا ہے جو کہ میری شعوری کوشش نہ تھی۔ البتہ مجھے خود بھی محسوس ہو رہا ہے کہ یہ مضمون اپنی تمام تر سنجیدگی کے باوجود مزاحیہ احساس کو بھی چھو رہا ہے۔ خیر قارئین سے گزارش ہے کہ اپنی قیمتی رائے سے ضرور سرفراز فرمائیں۔
۱۔ ٹی کپ مشاعرہ
یہ ایسا مشاعرہ ہے جو چائے کے کپ پر ہوتا ہے۔ کوئی ایک شاعر یا کوئی اور شخص چائے کا انتظام کرتا ہے اور ایک چھوٹی سے گیدرنگ ہوتی ہے۔ یہ ہونے کو کہیں بھی ہو سکتا ہے۔ چائے کا پر تکلف ہونا بھی ضروری نہیں۔ یہ مشاعرہ چند شاعروں کے درمیان ، تھوڑی مدت کے کئے ہوتا ہے۔
۲۔ بریانی مشاعرہ
یہ مشاعرہ بریانی کی پلیٹ پر ہوتا ہے۔ بریانی ایک ضروری نہیں کہ پلیٹ میں ہی پیش کی جائے ۔ ڈسپوزیبل ڈبا بھی بریانی پیک بن سکتا ہے۔اس مشاعرے کے شرکا کافی زیادہ ہو سکتے ہیں۔ اس کی مدت بھی کئی گھنٹوں ہو سکتی ہے۔ اس کا انتظام کوئی مخیر شخص، یا شاعر یا ایک تنظیم کر سکتی ہے۔ اس میں مشاعرے کا روایتی ماحول بھی بنایا جاتا ہے۔
۳۔ کیک ،سموسہ مشاعرہ
یہ مشاعرہ ٹی کپ اور بریانی مشاعروں کے درمیان آتا ہے۔ اس میں چائے، بوتل، کیک، سموسہ ،برفی وغیرہ پیش کی جا سکتی ہے۔
اس کا انعقاد بھی ایک شخص یا ایک تنظیم کی طرف سے ہو سکتا ہے۔اس کا دورانیہ بریانی مشاعرے کے قریب قریب جا سکتا ہے۔
۴۔ چکن مشاعرہ
یہ مشاعرہ چکن کی مزیدار پلیٹ پر ہوتا ہے۔یہ ذرا کھل کے کھانے کا موقع دیتا ہے۔ اس کا انتظام کسی بہت زیادہ امیر شخص یا کسی بڑی تنظیم یا ادارے کی طرف سے ہو سکتا ہے۔ اس میں حاضرین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔ اس کا دوارنیہ بھی کئی گھنٹوں پر محیط ہو سکتی ہے۔
۵۔ بیف مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں کھانے میں بیف پیش کیا جائے بیف مشاعرہ کہلاتا ہے۔ اس کا انتظام درمیانے درجے کے مخیر شخص کی طرف سے یا درمیانے درجے کے ادارے کی طرف سے ہو سکتا ہے۔
۶۔ مٹن مشاعرہ
یہ مشاعرہ شاید ہی شاعروں کے نصیب میں لکھا ہو۔ اس میں مٹن پیش کیا جاتا ہے لیکن شاید یہ جنت میں ہی ہو سکے گا۔
۷۔ واٹرمشاعرہ
یہ مشاعرہ پانی کے گلاس پر منعقد ہوتا ہے۔ اس پر خرچ نہیں آتا۔ یہ انتہائی محدود اور سخت گرمی کے موسم میں ہو سکتا ہے جس میں چائے پینے کو بھی دل نہ کرے۔ یہ سب سے زیادہ غیر رسمی ماحول میں ہوتا ہے۔اور اس کے شرکا آپس میں بے تکلف ہوتے ہیں۔
۸۔ کا رنر مشاعرہ
یہ مشاعرہ چند شاعروں کا کسی گوشے میں بیٹھ کر اپنا اپنا کلام سننانے کا ہے۔ اس میں کسی قسم کا بھی تکلف نہیں برتا جاتا کہ کچھ کھانے پینے کو بھی ہو۔ بس ایک ایک دودو غزلیں یا نظمیں سنائیں اور محفل برخاست کر دی۔ ویسے کچھ تکلف ہو بھی جائے تو کوئی بات نہیں۔
۹۔ ذاتی مشاعرہ
یہ مشاعرہ ایک شاعر کا اپنا کلام اپنے آپ کو سننانے کا نام ہے۔ کوئی شاعر جسے گھر میں تنہائی میسر ہو اور فرصت بھی دستیاب ہو وہ اپنے آپ کو اپنا یا کسی کا کلام سنائے تو اسے ذاتی مشاعرے کا نام دیا جا سکتا ہے۔
۱۰۔ چندشخصی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں تین ، چار شاعر ہی شریک ہوں، سننے والے سامعین بھی ہوں چند شخصی مشاعرہ کہا جا سکتا ہے۔
۱۱۔ ٹی وی مشاعرہ
جیسا کہ نام ہی سے واضح ہے ایسا مشاعرہ جو ٹی وی سٹوڈیو میں ریکارڈ کر کے نشر کیا جائے یا براہِ راست سنایا جائے ٹی وی مشاعرہ کہلاتا ہے۔ اس کے سامعین و ناظرین لا محدود ہو جاتے ہیں جبکہ حاضرین محدود ہی ہوتے ہیں۔
۱۲۔ ریڈیو مشاعرہ
یہ مشاعرہ بھی ٹی وی مشاعرے کی طرز پر ریڈیو سٹوڈیو میں ریکاڑ کر کے یا وہاں سے براہِ راست نشر ہو سکتا ہے۔اسے صرف سنا جا سکتا ہے دیکھا نہیں جا سکتا۔
۱۳۔ قومی مشاعرہ
وہ مشاعرہ جو کسی جگہ پر پورے ملک سے شعرا کرام کو مدعو کر کے منعقد کروایا جائے، قومی مشاعرہ کہلاتا ہے۔یہ بہت زیادہ اخراجات کا تقاضا کرتا ہے۔ اس کے انتظامات بہت وسیع و عریض ہوتے ہیں۔
۱۴۔ بین الاقوامی مشاعرہ
یہ مشاعرہ ایک ملک کے شاعروں تک محدود نہیں رہتا۔ اس میں دنیا بھر سے شاعروں کو شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے۔ ان کے آنے جانے کے ہوئی سفر کے ٹکٹ تک جاری کروائے جاتے ہیں۔ اس کا انتظام ایسی تنظیمیں ہی کر سکتی ہیں جنہیں حکومت کی سرپرستی حاصل ہو یا وہ خود بہت زیادہ فنڈ رکھتے ہوں۔
۱۵۔ فل مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کافی بھر پور ہو۔ شاعروں کی تعداد دس یا اسے زیادہ ہو۔ مشاعرے کے تکلفات بھی پورے کرتا ہو۔
۱۶۔ ضلعی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ کو ایک ضلع کی سطح پر کیا جائے۔ اس کا انعقاد کوئی ادارہ، تنظیم یا ضلعی انتظامیہ کر سکتی ہے۔
۱۷۔ کالجی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی کالج کی سطح پر ہو ۔ جس میں ایک کالج یا کئی کالجوں کے سٹوڈنٹس یا اساتذہ شرکت کریں۔ یا کالج میں کسی مہمان شاعر کو مدعو کیا جائے۔
۱۸۔ کلاسی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو ایک کلاس یا جماعت کی سطح پر ہو ۔ جس میں ایک ٹیچر اپنی کلاس یا ادارے کے دوسرے سٹوڈنٹس جو شاعری کرتے ہوں ان کو اپنا کلام سنانے کا موقع دے۔
۱۹۔ دفتری مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی دفتر کا ملازم آپس میں کر لیں اگر ان میں ایک یا دو شاعر ہوں اور وہ ایک دوسرے کو اپنا کلام سنائیں اور دوسرے لوگ سن لیں تو اسے دفتری مشاعرہ کا نام دیاجا سکتا ہے۔
۲۰۔ گھریلو مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو گھر کی سطح پر ہو جس میں ایک شاعر اپنے گھر کے افراد کو اپنا کلام سنائے یا اس کے چند شاعر دوست گھر آ جائیں اور شاعری کی محفل سجا لیں۔
۲۱۔ مشرقی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو مشرقی ممالک میں منعقد ہو اسے مشرقی مشاعرہ کہا جا سکتا ہے۔
۲۲۔ ولایتی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو مغربی دنیا کے ممالک میں منعقد ہو اسے ولایتی مشاعرہ کا نام دیا جا سکتا ہے۔
۲۳۔ ہوٹلی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی ہوٹل میں منعقد کروایا جائے ہوٹلی مشاعرہ کہلاتا ہے۔
۲۴۔ صحافتی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی پریس کلب میں منعقد ہو اور اس کا انعقاد بھی صحافی لوگ کروائیں۔
۲۵۔ وکیلی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی بار کونسل کی طرف سے یا کسی اور وکیلوں کی تنظیم کی طرف سے منعقد کیا جائے۔
۲۶۔ ڈاکٹری مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو ڈاکٹروں کی طرف سے ارینج کیا جائے، یا کسی ادویات ساز کمپنی کی طرف سے سپانسر کیا جائے۔

۲۷۔ سیاسی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی سیاست دان کی طرف سے منعقد ہو یا کسی سیاسی پارٹی کی طرف سے ہو اپنی حمایت اور سیاسی پروپیگنڈا کے لئے۔
۲۸۔ ماہانہ مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو ہرماہ منعقد کیا جائے ماہانہ مشاعرہ کہلائے گا۔ بڑے شہروں میں ان کا رواج زیادہ ہے۔
۲۹۔ سالانہ مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو ہر سال منعقد کرایا جائے۔ یہ سالانہ تقریبات کا حصہ بھی ہو سکتا ہے اور سالانہ تہواروں کے ساتھ بھی منسلک ہو سکتا ہے۔
۳۰۔ روزانہ مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیا جائے ۔ ایسا مشاعرہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہتا اور چند دنوں یا ہفتوں میں ہی دم تھوڑ سکتا ہے۔
۳۱۔ شبانہ مشاعرہ
اییسا مشاعرہ جو رات کے رومانوی ماحول میں منعقد کرایا جائے۔اکثر مشاعرے شبانہ ہی ہوتے ہیں لیکن ضروری نہیں۔
۳۲۔ قمری مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو چاند کی کسی خاص تاریخ کو منعقد کیا جائے جیسے چودہویں یا اکیسویں وغیرہ۔
۳۳۔ شمسی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو سریوں کی دھوپ میں بیٹھ منعقد کیا جائے۔
۳۴۔ سپیکری مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں آواز کو دور تک پہنچانے کے لئے لاؤڈ سپیکر کا استعمال بھی کیا جائے۔

۳۵۔ طرحی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں پڑھنے کے لئے پہلے سے ہی ایک طرحی مصرعہ دیا گیا ہو ۔ ایسا مشاعرہ اب خال خال ہی ہوتا ہے اور یہ استاد شاعروں کا کام ہے۔
۳۶۔ نظمی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں صرف نظم پڑھنے کی دعوت یا اجازت ہو ۔
۳۷۔ غزلی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں سرف غزل پڑھنے کی دعوت یا اجازت ہو ۔
۳۸۔ قصیدی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں کسی کی شان میں قصیدے پڑھے جانے ہوں۔
۳۹۔ نعتیہ مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد ﷺ کی شان مبارک میں نعتیہ کلام پیش کیا جائے۔
۴۰۔ حمدیہ مشاعرہ
ایسامشاعرہ جس میں حمدیہ کلام سنایا جائے، حمدیہ کلام اردو میں کچھ کم کم لکھا جا رہا ہے۔
۴۱۔ منقبتی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں کسی ہستی کی منقبتیں سنائی جانی ہوں۔
۴۲۔ طنزیہ مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں کسی خاص بات پر طنز کرنا مقصود ہو ، جیسی نشے کی لعنت وغیرہ۔
۴۳۔ طربیہ مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں خوشی کی باتیں کرنا زیادہ مقصود ہو جیسے موسمِ بہار کا مشاعرہ ہو سکتا ہے۔

۴۴۔ قنوطیہ مشاعرہ
ایسامشاعرہ جس میں مایوسی کی باتیں زیادہ ہو جیسے کسی کے غم میں منعقد کیا گیا مشاعرہ۔
۴۵۔ آزاد نظمی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں آزاد نظمیں سنائی جانی ہوں۔
۴۶۔ ہائیکو مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں شاعر لوگ اپنی اپنی ہائیکو پیش کریں۔
۴۷۔ مرثیاتی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں ایلِ بیت کے غم میں مرثیہ جات پڑھے جائیں۔
۴۸۔ آزاد مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں کسی قسم کے کلام کی قید نہ ہو۔ شاعر جو چاہے سنا سکے۔
۴۹۔ رباعی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں رباعیاں پیش کی جائیں رباعی مشاعرہ کہا جا سکتا ہے۔ رباعی بھی اب کم ہوتی جا رہی ہے اس لئے ایسا مشاعرہ بھی غالباً صرف تعریف کی حد تک رہ سکتا ہے۔
۵۰۔ محرمی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو محرم کے مہینے میں منعقد کیا جائے اور اس میں غم کا ماحول پیدا کیا جائے۔
۵۱۔ عیدی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو عید کے موقع پر منعقد ہو اور یہ ہمیشہ ہی مزاحیہ ہوتا ہے۔
۵۲۔ میلادی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو سرکارِ دوعالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کے مہینے یعنی ربیع الاول میں منعقد کیا جائے یا اس موقع کی نسبت سے سال میں کسی بھی وقت منعقد کر لیا جائے۔
۵۳۔ جنگی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو کسی جنگ کے دوران، افواج اور عوام کے حوصلے بلند کرنے کے لئے منعقد کیا جائے ۔
۵۴۔ سفری مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جو سفرکے دوران منعقد ہو جائے۔ سٹوڈنٹس کا کوئی ٹوئر ہو جس کے دوران شعروشاعری ہو جائے وغیرہ۔ یا دو شاعر اتفاق سے اکٹھے سفر کریں اور سفر کے دوران ایک دوسرے کو کلام سنائیں۔
۵۵۔ استادی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں استاد شعرا ہی شریک ہوں۔
۵۶۔ شاگردی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں استاد شعرا اپنے شاگردوں کا لائیں اور ان سے کلام سنوائیں۔
۵۷۔ مخلوط مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں مرد شعرا اور خواتین شعرا شرکت کریں۔
۵۸۔ نسوانی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں صرف خواتین شعرا شریک ہوں لیکن ایسا مشاعرہ ابھی تک میرے دیکھنے یا سننے میں نہیں آیا ۔ لیکن میری خواتین شعرا سے گزارش ہے کہ وہ کبھی ایسا مشاعرہ منعقد کرائیں جس میں کوئی مرد شاعر شامل نہ ہو۔ ایسا کرنا مذید خواتین شعرا کی حاصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گا خاص طور پر گرلز کالجوں میں یہ ماحول بنایا جا سکتا ہے۔
۵۹۔ رباعی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں رباعیاں پیش کی جائیں رباعی مشاعرہ کہا جا سکتا ہے۔ رباعی بھی اب کم ہوتی جا رہی ہے اس لئے ایسا مشاعرہ بھی غالباً صرف تعریف کی حد تک رہ سکتا ہے۔
۶۰۔ فرشی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں تما م حاضرین فرش پر دریاں وغیرہ بچھا کر براجمان ہوں فرشی مشاعرہ کہا جا سکتا ہے۔شعر سنانے والا بھی اسی فرش کی زینت ہو۔
۶۱۔ کرسی مشاعرہ
ایسا مشاعرہ جس میں تمام حاظرین و ناظرین کرسیوں اور صوفوں وغیرہ پر تشریف فرما ہوں اور شاعر لوگ چاہے سٹیج کے فرش یا کرسیوں پر تشریف رکھتے ہوں۔
ان اقسام کے علاوہ بھی کسی شخص کے ذہن میں کوئی قسم آ سکتی ہے کیوں کہ ادب میں کوئی بات حرفِ آخر تو نہیں ہے۔
 

Niamat Ali
About the Author: Niamat Ali Read More Articles by Niamat Ali: 178 Articles with 313190 views LIKE POETRY, AND GOOD PIECES OF WRITINGS.. View More