آپ کے مسائل اور ان کا شرعی حل

(1) اگر میں امام کے ساتھ پہلی رکعت میں بحالت رکوع شامل ہوتا ہوں تو کیا دوسری رکعت میں مجھے ثنا پڑھنا پڑے گا ؟
جواب : ثنا پڑھنے کا مقام پہلی رکعت کا قیام ہے ۔ یہاں سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ رکوع میں ملنے سے رکعت ہوگی یا نہیں ؟ اس میں شدید اختلاف ہے ،دونوں طرف دلائل ہیں جن کا دل جس پرمطمئن ہوجائے عمل کرے تا ہم میری نظر میں اس رکعت کوشمار نہ کرنا ہی قوی معلوم ہوتا ہے ۔ اب سوال کا جواب یہ ہوگا کہ مدرک رکوع نے رکعت مان لی تو اگلی رکعت میں ثنا پڑھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کا مقام گزر چکا ہے لیکن اگر اس رکعت کو لوٹانا ہے تو اگلی رکعت میں ثنا پڑھے کیونکہ وہ اس کی پہلی رکعت ہوگی ۔
(2) جو امام کے ساتھ قرات کی حالت میں ملے وہ سورہ ثنا کیسے پڑھے ؟
جواب : شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ نے ایسے سوال کا جواب یہ دیا ہے کہ جو امام کو قرات فاتحہ میں پائے تو خاموش رہے اورامام کی قرات مکمل ہونے پر ثنا پڑھے پھر سورہ فاتحہ پڑھے لیکن جو امام کو سورہ فاتحہ کے علاوہ قرآن کی دوسری قرات میں پائے تو ثنا نہ پڑھے صرف فاتحہ پڑھے ۔
(3) نبی ﷺ کے جنازہ کی نماز جماعت سے کیوں نہیں پڑھی گئی ؟
جواب : یہ بات صحیح ہے کہ کسی نے نبی ﷺ کے جنازہ کی نماز جماعت سے نہیں پڑھائی ہے ، ہر صحابی نے الگ الگ نماز جنازہ ادا کی ۔ اس کی کئی وجوہات بیان کی جاتی ہیں ۔ ایک یہ ہے کہ آپ ﷺ نے صحابہ کو ایسی ہی وصیت کی تھی ۔ دوسری وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ آپ کی عظمت شان کی وجہ سے کسی نے امامت نہیں کرائی ۔ تیسری وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ نبی ﷺدنیا میں سب کے امام وقائد تھے تو آپ کی اجازت کے بغیرکسی نے امامت کرانا مناسب نہیں سمجھا ۔ ایک وجہ یہ بھی بیان کی جاتی ہے کہ آپ کی فضیلت واحترام میں ہر صحابی انفرادی طور پر نماز جنازہ پڑھ کر فیض وبرکت حاصل کرنا چاہ رہے تھے بایں طور کہ ان کا کوئی دوسرا امام نہ ہو۔ یہ وجہ زیادہ قوی معلوم ہوتی ہے۔
(4) نبی ﷺ اور حضرت عیسی علیہ السلام کے درمیان کتنا فاصلہ ہے ؟
جواب : بخاری شریف میں سلمان رضی اللہ عنہ کا ایک اثر موجود ہے جس میں چھ سو سال مذکور ہے۔
(5) باپ کی موجودگی میں لڑکی کا بہنوئی اس کا ولی بن سکتا ہے ؟
جواب : لڑکی کا بہنوئی اس کی شادی میں ولی نہیں بن سکتا کیونکہ ولی عصبات میں سے ہوتا ہے یعنی جنہیں میراث میں حصہ ملتا ہے، نیز قریبی ولی کی موجودگی میں دور والے کی ولایت صحیح نہیں ہےمثلا باپ کی موجودگی میں بھائی کی ولایت ۔
(6) چوڑی میں کھنکھنانے کی آواز ہوتی ہے کیا آواز والی چوڑی عورت گھر میں یا باہر استعمال کرسکتی ہے ؟
جواب : سورہ نور میں اللہ نے عورتوں کو پیر سے آواز نکال کر چلنے سے منع کیا ہے ، تفسیرابن کثیر میں اس بابت مذکور ہے کہ زمانہ جاہلیت میں اکثر ایسا ہوتا تھا کہ عورتیں زور سے پاؤں زمین پر رکھ کر چلتی تھیں تاکہ پیر کا زیور بجے اسلام نے اس سے منع فرمادیا۔ لہذا کسی عورت کے لئے کھنکھنانے والی چیز پہن کر باہر نکلنا یا اجنبی مردوں کے سامنے آنا جائز نہیں ہے البتہ شوہر کے گھر میں جہاں اجنبی نہ ہوں وہاں کھنکھناتی چوڑیا ں یا کھنکھناتے پازیب پہننے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔
(7) کوئی حاجی ایسے خریدار سے زمین بیچ کر حج کرتا ہے جس کا مال سودی قرض پر لیا گیا ہواور حاجی کو معلوم بھی ہو ایسے حج کا کیا حکم ہے ؟
جواب : اس کاحج صحیح ہے لیکن چونکہ اسے معلوم تھا کہ خریدار سود پر لئے پیسے سے قیمت ادا کرے گا اس وجہ سے اس معاملہ میں گنہگار ہے کیونکہ یہ ایک طرح سے سود پر تعاون ہے ۔ اپنے اس گناہ کی اللہ سے توبہ مانگے ۔
(8) کوئی آدمی صحراء میں ہو اور کپڑے کی پاکی یا ناپاکی پریقین نہ ہو تو نماز کے وقت کیا کرے جبکہ ساتھ میں معمولی مقدار میں پانی بھی ہو؟
جواب : اگر کپڑے میں ناپاکی کی علامت موجود نہیں اور نہ ہی نجاست لگنے کا یقین ہو تو اسی کپڑا میں وضو کرکے نماز پڑھے ،محض شک کی بنیاد پر کپڑا نجس نہیں مانا جائے گا۔
(9) نکاح شغار کی حقیقت واضح کریں ۔
جواب : نکاح شغار ممنوع ہے اس کا طریقہ یہ ہے کہ کوئی آدمی اپنے بیٹے یا بھائی کی شادی کسی آدمی کی بیٹی یا بہن سے کرواتا ہے اس شرط کے ساتھ کہ وہ بھی اپنے بیٹے یا بھائی کی شادی اس کی بیٹی یا بہن سے کرے ۔ یہ دونوں شادی ایک دوسرے پہ منحصر ہوتی ہے ، ایک باقی تو دوسری باقی اور ایک ٹوٹی تو دوسری بھی ٹوٹ جاتی ہے۔ اس قسم کے نکاح کو شغار کہا جاتا ہے جوکہ اسلام میں جائز نہیں ہے خواہ نکاح میں مہر ہو یا نہ ہو ۔
(10) نشہ کرنے والے جہنم میں طوائف کی شرمگاہ سے بہنے والا پانی پئے گا کیامجمع الزوائد میں ایسی کوئی حدیث ہے؟
جواب : یہ حدیث مسند احمد، مستدرک حاکم اور صحیح ابن حبان وغیرہ میں اس طرح سے آئی ہے ۔
مَن مات مُدمِنًا للخمرِ سقاه اللهُ جلَّ وعلا مِن نهرِ الغُوطةِ قيل: وما نهرُ الغُوطةِ ؟ قال: نهرٌ يجري مِن فُروجِ المومِساتِ يُؤذي أهلَ النَّارِ ريحُ فُروجِهنَّ ۔(أخرجه ابن حبان :1380 و1381 والحاكم :4/146 وأحمد :4/399)
ترجمہ: ہمیشہ شراب پینے والاجو مرا اللہ تعالیٰ اس کو نہر غوطہ پلائے گا۔ پوچھا گیا کہ نہر غوطہ کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: زانیہ عورتوں کی شرمگاہوں سے جاری ہوئی نہر ہے ان کی بدبو سے دوزخیوں کو تکلیف دی جائے گی۔
اس حدیث کو امام حاکم نے صحیح الاسناد کہا اور امام ذہبی نے ان کی موافقت کی ہے ۔ ہیثمی نے اس کے رجال کو صحیح کہا ہے اور منذری نے صحیح یا حسن یا ان کے قریب بتلایا ہے ۔
(11) زمین کے معاملے میں دلالی کی شرعی حیثیت کیا ہے ؟
جواب : کمیشن جسے اردو اور عربی میں دلالی کہتے ہیں۔ عربی میں سمسرہ بھی کہتے ہیں ، اسی لفظ سے امام بخاری نے اپنی صحیح میں باب باندھا ہے۔ خرید و فروخت یا بازار کے حوالے سے دلالی کافی مشہور ہے ۔ دلال بائع اور مشتری کے درمیان سودا کرواتاہے۔ عموما دلالی کی اس وقت ضرورت پڑتی ہے جب آدمی کو کسی چیز کے متعلق گہری معلومات نہ ہو۔ مگر دلالی میں بے راہ روی اور من مانی کی وجہ سے بلاضرورت افراد کو بھی پھنسا لیا جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب سماج میں دلالی کو معیوب پیشہ تصور کیا جاتا ہے اور دلال سے گھن جاتا ہے ۔
امین بن کر دلالی کرنا کوئی معیوب نہیں ہے اور بائع اور مشتری میں سودا کرنے پہ طے شدہ اجرت لینے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔امام بخاری رحمہ اللہ نے صحیح بخاری میں "بَاب أَجْرِ السَّمْسَرَةِ" کے تحت ذکر کیا ہے کہ ابن سیرین، عطاء اور حسن رحمہم اللہ اجمعین دلالی کی اجرت لینےمیں کوئی حرج محسوس نہیں کرتے تھے ۔ دلال کے لئے ضروری ہے کہ وہ سودا طے کرانے میں امین ہو، خریدار سے سامان کی وہی صفت بیان کرے جو اس سامان میں ہے اور اپنی اجرت سودا طے کرانے سے پہلے طے کرلے ۔ بائع کو کچھ قیمت اور مشتری کو کچھ قیمت بتاکر زیادہ مال ہڑپنا حرام ہے ۔
(12) فوٹوگرافر کا پیشہ اختیار کرنا کیسا ہے؟
جواب : تصویر صرف ضرورت کے وقت جائز ہے اور فوٹو گرافر کوضروری وغیر ضروری ہر قسم کی تصویر بنانی پڑے گی اس وجہ سے کسی مسلمان کے لئے یہ پیشہ اختیار کرنا جائز نہیں ہے ۔ افادیت کی غرض سے اسلامی بیانات کی ویڈیوز بنانے کو بعض علماء نے جائز کہا ہے ان علماء کے قول کی روشنی میں اسلامی بیانات کی ویڈیوز بنانا جائز ہوگا۔
(13) زنا سے کوئی عورت حاملہ ہوگئی اسی سے زانی مرد کی شادی کا کیا حکم ہے ؟
جواب : زنا اسلام کی نظر میں بہت بڑا گناہ ہے اس لئے اس کی سزا بھی بڑی ہے ، اے کاش! یہ سزا دنیا میں نافذ ہوجائے تو زانیوں کو عبرت ملے ۔توبہ کا دروازہ کھلا ہے ، دونوں سچی توبہ کرلیں تو آپس میں نکاح کرسکتے ہیں ۔
(14) کوئی آدمی روز امام کے سلام پھیرنے کے بعد پیٹھے ہٹ کر بیٹھتا ہے اس کا یہ روزانہ کا عمل کیسا ہے ؟
جواب : امام کے ساتھ پھیرنے کے بعد نمازیوں کو اسی جگہ پر بیٹھے بیٹھے نماز کے بعد کے اذکار کا اہتمام کرنا چاہئے ، صف میں تنگی کے باعث کوئی مصلی آگے پیچھے کسک جاتا ہے تو کوئی حرج نہیں ہے لیکن بلاضرورت کوئی پیچھے کسکنے کومعمول بنا لیتا ہے تو اس سے نمازیوں کےلئے سوء ظن اور پچھلی صف والوں کے لئے دقت کا باعث ہے لہذا اس عمل سے باز آئے ۔
(15) ایک آدمی نےکسی عورت سے اس کی عدت میں نکاح کرلیا اب دونوں شرمندہ ہیں تو کیا کرنا پڑے گا ؟
جواب : دونوں نےگناہ کبیرہ کا ارتکاب کیاہے اس لئے سچے دل سے اللہ تعالی سے توبہ کرے اور پھر سے عقد مسنون کرے کیونکہ پہلاوالا نکاح باطل ہے۔
(16) میری ظہر کی نماز چھوٹ گئی ،عصر کے وقت مسجد میں داخل ہواتو پہلے کون سی نماز ادا کروں ؟
جواب : اگر عصر کی جماعت ہونے میں کچھ وقت باقی ہے تو اس دوران ظہر کی نماز ادا کرلیں اور اگر جماعت شروع ہونے والی ہے یا ہوگئی ہےتو آپ ظہر کی نیت سے امام کے ساتھ مل جائیں ۔ یہ آپ کی ظہر کی نمازہوگئی پھر بعد میں عصر کی نماز پڑھ لیں ۔ جنگ خندق کے موقع سے رسول اللہ ﷺ سے عصر کی نماز فوت ہوگئی تو آپ نے پہلے عصر کی نماز پڑھی حالانہ مغرب کا وقت تھا اور پھر مغرب کی نماز پڑھی ۔
(17) میں طالب علم ہوں ، میں اپنا کپڑا محض میلا ہونے کی وجہ سے ایسے دھوبی سے صاف کرواتا ہوں جو ہندومسلم کے کپڑوں کو ایک ساتھ دھوتا ہے کیا کافر کے نجس کپڑوں میں رکھ کر صاف کرنے سے میرا کپڑا پاک ہوجائے گا؟
جواب : نجس اور میلے کپڑوں کو ایک ساتھ پاک پانی سے دھونے پر کپڑے پاک ہوجائیں گے ، نجس کپڑے خواہ مسلم کے ہوں یا کافر کے ۔
(18) موبائل میں موجود لڈو گیم کھیلنے کا کیا حکم ہے اورکیا یہ چوسر ہے جس سے منع کیا گیا ہے ؟
جواب : علماء نے لڈو کو نردشیر(چوسر) میں شمار کیا ہے کیونکہ یہ لعبۃ الطاولہ یعنی لکڑی کے تختوں پرکھیلا جانے والاایک کھیل ہے ۔
(19) لڑکا اور لڑکی پر روزہ کب فرض ہوتا ہے نماز کے بارے میں معلوم ہے کہ دس سال پر مارنے کا حکم دیا گیاہے اس لئے دس سال سے نما ز ادا کرنا ضروری ہے ؟
جواب : لڑکے اور لڑکیا ں بلوغت کے بعد شریعت کا مکلف ہوتے ہیں ،نماز اور روزے کی فرضیت بلوغت کے بعد ہے اس سے پہلے نہیں ۔ دس سال پہ نماز کے لئے مارنے کا حکم محض تادیبا ہے ۔ ہاں باشعور اور روزے کی طاقت رکھنے والے بچوں سے تربیت کے طور پر بلوغت کے پہلے سے ہی روزہ رکھوایا جائے گا۔
(20) جس نے وتر کی نماز نہیں پڑھی اور فجر کے وقت آنکھ کھلی تو وہ وتر کی نماز کب اور کیسے ادا کرے ؟
جواب : وتر کا وقت عشاء کے بعدسےلیکرفجر تک ہے ، فجر کی اذان سے پہلے پہلے ادا کرسکتا ہے لیکن جب اذا ن ہوجائے تو چاشت کی نمازتک مؤخر کرے اورپھر اس کی قضا کرے کیونکہ نبی ﷺ نے فرمایا: جو وتر کی نماز سے سو جائے یا بھول جائے تو جب یاد آئے اسے پڑھ لے ۔
(21) تسبیح فاطمی میں اکبر اللہ 33 بار کہنا ہے یا 34 بار کہنا ہے ؟
جواب : دونوں قسم کی روایتیں موجود ہیں اور صحیح درجہ کی ہیں لہذا 33 بار اور 34 بار دونوں طرح کی تسبیح درست ہیں ۔
(22) کسی مسلم عورت نے کافر سے شادی کرلی دو بچے بھی ہوگئے ،اب اپنے عمل پر شرمندہ ہے اسے کیا کرنا ہے اور اس کے بچوں کا کیا حکم ہے ؟
جواب : اس عورت کو اللہ سے سچے دل سے توبہ کرنا چاہئے تاکہ اللہ اس سے ہوئے بڑے گناہ کو معاف کردے اور پھر وہ اس طرح کی بڑی غلطی کا ارتکاب نہ کرے۔ زنا کے نتیجے میں پیدا ہونے والا بچہ ماں کی طرف منسوب ہوگا۔
(23) کیا نبی ﷺ نے سعودی عرب والوں کے لئےخاص قسم کی دعا کی ہے ؟
جواب : نبی ﷺ کے زمانے میں سعودی عرب تو تھا ہی نہیں اس کا قیام شاہ عبدالعزیز السعود کے وقت ہوا پھر سعودی عرب والوں کے لئے کوئی خاص دعا کیسے ہوگی ؟ ہاں اس وقت سعودی عرب کے جو شہر تھے ان میں سے بعض شہروں کے لئے خصوصی دعا کی ہے مثلا مکہ مکرمہ اورمدینہ طیبہ کے لئے اور ابھی سعودی عرب سے کئی عربی ممالک الگ الگ ہیں ان میں سے بھی بعض کے لئے دعا وارد ہے جیسے شام ویمن ۔
(24) ذہن میں ہمیشہ غلط وسوسے آتے ہیں حتی کہ اللہ اور اس کے رسول کے بارے میں بھی مجھے اسلام سے کوئی علاج بتلائیں ۔
جواب : یہ جان لیں کہ دل میں برے وسوسے شیطان کی طرف سے پیدا ہوتے ہیں اس سے بچنے کے لئے سب سے اہم وسیلہ دعا کے ذریعہ اللہ سے پناہ طلب کرنا ہے ۔ اس کی توفیق ہوگی تو ہر قسم کے شر سے محفوظ ہوسکتے ہیں ۔ دعا کے علاوہ کچھ مزید کچھ اسباب اپنانے ہوں گے مثلا استغفار کی کثرت، ذکر الہی کا اہتمام، اعمال صالحہ کی طرف کثرت توجہ، برائی کا خوف اور اسباب برائی سے اجتناب، اچھی صحبت کا انتخاب اور عبادت پر جہد مع التسلسل وغیرہ ۔
(25) شیر خوار بچے کو چھوڑ کر حج پر جانے سے حج نہیں ہوتا ہے ایسا کسی امام نے کہہ کر ایک صاحب کو شک میں ڈال دیا ہے آپ سے اس کی وضاحت مطلوب ہے ۔
جواب : اگر بچے کی دیکھ ریکھ کرنے والا کوئی ہے تو اسے چھوڑ کر حج پر جانے میں کوئی حرج نہیں ہے اس سے حج کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور یقینا بچے کی دیکھ بھال کرنے والاکوئی ہوگا تبھی توکوئی اپبے بچوں کو چھوڑ کر آسکتا ہے اور حج کے دوران بہت قسم کی مشکلات ہیں لہذا بچوں کو چھوڑ کر آنے میں ہی بھلائی ہے اگر اس کی دیکھ ریکھ کا بہتر بندوبست ہے۔ جہاں تک امام کی بات ہے وہ سوائے وسوسہ کے اور کچھ نہیں ہے ، اس پر دھیان نہیں دیا جائے ۔
(26) ایک لڑکا اپنی پسند سے کسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہے مگر اس کے والد راضی نہیں ہیں میرا سوال یہ ہے کہ کیا کوئی لڑکا والد کی رضامندی کے بغیر اپنی پسند سے شادی کرسکتا ہے ؟
جواب : رضامندی اصل میں صرف لڑکی کو اپنے ولی کی چاہئے ، لڑکے کو ولی اور اس کی رضامندی کی ضرورت نہیں ہے ، والد کی عدم رضامندی سے ہوئی شادی اپنی جگہ صحیح ہےتاہم والدین کے انکار کی وجہ جاننی چاہئے اور ان کی رضامندی سے شادی کرنا زیادہ بہتر ہے تاکہ شادی کے بعد آپس میں ناچاقی، مقاطعہ اور سوء ظن کے خطرات سے بچا جا سکے ۔
(27) نکاح کو اتنا آسان کرو کہ زنا مشکل ہوجائے ،ایسی کوئی حدیث یا کوئی قول کہیں ملتا ہے ؟
جواب : نبی ﷺ کے فرامین میں اس قسم کی کوئی صحیح حدیث موجود نہیں ہے حتی کہ مجھے اس معنی کی کوئی ضعیف روایت بھی نہیں ملی ۔ ممکن ہے کسی نے گھڑ لیا ہو لہذااس بات کو نبی ﷺ کی طرف منسوب کرنا یا بطور دلیل پیش کرنا جائز نہیں ہے۔
(28) کسی شادی شدہ عورت کو ایک مرد نے بھگاکر شادی کرلی ، اس وجہ سے اس کے شوہر نے بیوی کو طلاق دیدی مگر اسے ایک ماہ بعد اس کی خبر ہوئی تو طلاق کب سے شمار ہوگی اور عدت کہاں گزارے گی جبکہ اس کے لئے سسرال ومیکے دونوں کےدروازے بند ہیں ؟
جواب : جس وقت عورت کو طلاق دی گئی اسی وقت سے طلاق شمار ہوگی خواہ اس کی خبر بیوی کو دیر سے پہنچے اور عدت تو شوہر کے گھر گزارنی چاہئے مگر مذکورہ صورت میں جہاں اس کے لئے امن ہو وہاں عدت گزارے ۔ یہاں عورت کے لئے عدت گزارنے سے زیادہ اہم شوہر کو چھوڑ کر اجنبی مرد کے ساتھ بھاگ جانا ہے،یہ اسلامی اعتبار سے بہت ہی بڑا گناہ ہے ، اس گناہ کے لئے اللہ سے معافی طلب کرے اور آئندہ ایسی غلطی نہ کرنے کا عزم مصمم کرے ۔ اللہ بہت ہی معاف کرنے والا ہے۔
(29) ایک مولانا سے میری دوستی ہے اسے اکثر گاؤں والے دعوت دیتے رہتے ہیں تو وہ مجھے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں ،کیا اس کے ساتھ میرا جانا درست ہے ؟
جواب : اس طرح آپ کا دعوت میں شریک ہونا درست نہیں ہے کیونکہ دعوت دینے والے نے صرف مولانا کو دعوت دی ہے ۔ ہاں اگر مولانا صاحب دعوت دینے والے سے آپ کوساتھ لینے کی منظوری لے لیں تو اس وقت درست ہے۔
(30) ایک مرغی کہیں سے میرے گھر چلی آئی ہے ، پاس پڑوس میں پتہ کیا تو کسی نے میرا ہے نہیں کہا، ایسی صورت میں کیا اس مرغی کو ذبح کو کرکے کھا سکتا ہوں ؟
جواب : گم شدہ سامان کو ایک سال تک پہنچان کرانے کا حکم ملا ہے لہذااگر آپ نےجلدبازی میں ذبح کرکے کھالیا اور بعد میں مرغی والا مطالبہ کرنے آیا تو اس کی قیمت لوٹانی پڑے گی ۔ آپ اسے گھر سے باہر بھگادیں جہاں سے آئی تھی چلی جائے گی ۔

 

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 315 Articles with 311471 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.