جزیرہ جو ملک بدلتا رہتا ہے

اگلے ہفتے فرانس بغیر ایک بھی گولی چلائے اپنی زمین کا تین ہزار مربع میٹر علاقہ سپین کے حوالے کر دے گا۔ لیکن اس کے چھ ماہ بعد سپین رضاکارانہ طور پر اس علاقے کو فرانس کو لوٹا دے گا۔

بی بی سی کے نامہ نگار کرس بوکمین کے مطابق یہ سلسلہ گزشتہ ساڑھے تین سو سال سے جاری ہے۔
 

image


دریا کے بیچ میں واقع فیزاں نامی یہ پرامن جزیرہ درختوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ یہاں کوئی نہیں رہتا البتہ یہاں ایک قدیم یادگار قائم ہے جو 1659 میں ہونے والے ایک واقعے کی یاد دلاتی ہے۔

فرانس اور سپین کے درمیان طویل جنگ زوروں پر تھی۔ اس دوران فیزاں جزیرے کو غیرجانب دار علاقہ تصور کیا گیا اور دونوں سرحدوں کی طرف سے شہتیروں کے پل بنائے گئے۔ مذاکراتی ٹیمیں پہنچ گئی اور اس جزیرے میں امن مذاکرات شروع ہوئے جو تین ماہ تک چلتے رہے۔

اس دوران دونوں طرف فوجیں تیار کھڑی تھیں۔

انجام کار امن معاہدہ طے پایا۔ علاقے تقسیم ہوئے اور سرحدوں کا نئے سرے سے تعین کیا گیا۔ معاہدے کی سیاہی پکی کرنے کے لیے فرانس کے بادشاہ لوئی چاردہم نے ہسپانوی شہنشاہ فلپ چہارم کی بیٹی سے شادی کر لی۔

معاہدے میں ایک شق یہ بھی شامل تھی کہ یہ جزیرہ دونوں ملکوں میں برابر تقسیم کیا جائے گا۔ اس کا علاقہ نہیں، بلکہ اقتدار تقسیم ہو گا، یعنی چھ ماہ تک ایک ملک کے پاس رہے گا اور بقیہ چھ ماہ دوسرے کے پاس۔

ویسے تو اس کا انتظام و انصرام فرانسیسی اور ہسپانوی نیول کمانڈروں کے ذمے ہے، لیکن درحقیقت قریبی قصبوں ارون اور ہینڈائی کے میئر ہی اس کی دیکھ ریکھ کرتے ہیں۔

ہینڈائی قصبے کے پارک ڈویژن کے نگران بیوئی نے مجھے بتایا کہ وہ ہر سال کشتی کے ذریعے ایک ٹیم بھیجتے ہیں جو یہاں گھاس کاٹتی ہے اور درختوں کی شاخ تراشی کرتی ہے۔

کبھی کبھار یہاں عوام کو آنے کی اجازت ملتی ہے لیکن بینوئی کہتے ہیں کہ صرف معمر لوگ ہی اس میں دلچسپی لیتے ہیں اور نوجوانوں کو اس کی تاریخی اہمیت کا کچھ پتہ نہیں۔
 

image


جزیرہ ننھا منا ہے۔ اس کی لمبائی دو سو میٹر اور چوڑائی صرف 40 میٹر ہے۔ اور یہ رقبہ بھی رفتہ رفتہ گھٹتا جا رہا ہے کیوں کہ دریا جزیرے کو کاٹ رہا ہے۔ گذشتہ صدیوں میں جزیرے کا رقبہ نصف ہو کر رہ گیا ہے، لیکن دونوں حکومتوں کو اسے بچانے کے پشتے تعمیر کرنے کے لیے پیسے خرچ کرنے میں دلچسپی نہیں ہے۔

جزیرے پر کوئی جھنڈا نصب نہیں کیا جاتا۔ ایک خیال تھا کہ جن چھ ماہ میں یہ جزیرہ جس ملک کے پاس ہے اس کا پرچم وہاں لہرایا جائے، لیکن میئر نے مجھے کہا کہ اس سے باسک علیحدگی پسندوں کو شہہ ملے گی کہ وہ اس جھنڈے کو اتار کر وہاں اپنا جھنڈا لگا دیں۔

اگلے چند دنوں میں دنیا کا سب سے غیر متنازع جزیرہ اپنا ملک تبدیل کر لے گا۔ اس کے بعد اگست میں یہ دوبارہ فرانس کے قبضے میں آ جائے گا، بشرطیکہ سپین ساڑھے تین سو سالہ معاہدے سے روگردانی پر نہ اتر آئے!


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Next week, France will hand over 3,000 sq m (32,000 sq ft) of its territory to Spain without a single shot being fired. But in six months' time Spain will voluntarily hand back the land to France. As Chris Bockman reports, it's been that way for more than 350 years.