انجمن اسلام ممبئی کا ایک موقر تعلیمی ادارہ ہے جو اپنی
تعلیمی جہات اور علمی تحریکات کے حوالے سے ایک عبقری ادارے کی حیثیت اختیار
کرچکا ہے ،اس کا سبب یہ ہے کہ ابتدائے آفرینش سے ہی اس ادارے کو ملت کے
مخلصین اور جاں نثاروں کا تعاون حاصل رہا ہے اور آج یہ ادارہ کسی عظیم
یونیورسٹی کی طرح پوری شان و شوکت کے ساتھ سر اٹھائے کھڑا ہے ،اردو ریسرچ
انسٹی ٹیوٹ اس ادارے کی ایک ذیلی شاخ ہے جس کے زیر انتظام سہ ماہی مجلہ
نوائے ادب بڑی پابندی کے ساتھ شائع ہورہا ہے ۔گذشتہ ۱۷؍ اکتوبر۲۰۱۷ءکو
سرسید احمد خاں کے یوم پیدائش کے موقع پر نوائے ادب نےبھی اپنا خصوصی شمار
ہ شائع کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔۲۶۴؍صفحات پر مشتمل اس شمارے میں
سرسید مرحوم کی زبردست تعلیمی جدوجہد اور تحریکات کا بھرپور جائزہ لیا گیا
ہے ۔کسی بھی تحریک کے آغاز میں کچھ منفی اور غیر ضرور ی عوامل بھی سامنے
آتے ہیں سرسید کے ساتھ بھی یہی ہوا کہ ملت کے ایک بڑے طبقے جن میں علمائے
کرام کی بھی ایک معتدبہ تعداد شامل تھی اس تحریک کے خلاف کھڑ ی ہوگئی ان
میں بھی دو قسم کے افراد تھے ایک وہ جو اس تحریک کو اپنے ذاتی مفاد پر ضرب
کاری سمجھ بیٹھے لیکن ایک طبقہ ایسا بھی تھا جو اس تحریک کو انگریزدوستی
اور اسلام دشمنی پر محمول کرتا تھا ۔ان ساری مخالفتوں کے باوجود سرسید کی
تحریک جاری رہی اور کامیابی سے ہمکنار ہوگئی اور آج صورتحال یہ ہے کہ اب
ہر کوئی اس تعلیمی تحریک اور اس کے خوش کن نتائج پر لبیک کہہ رہا ہے ۔مجلہ
میں کل ۲۵؍ مضامین شامل ہیں جن میں مختلف زاویوں سے سرسید احمد خاں کی
کوششوں اور تحریکا ت کا جائزہ لیا گیا ہے ۔مضمون نگارو ں میں ڈاکٹر مولوی
عبدالحق ، محمد حبیب الرحمان خاں شیروانی ، آل احمد سرور، محمد احسن
فاروقی ، عبدالرؤف قریشی ، پروفیسر اصغر عباس ، پروفیسر شمیم حنفی ،
پروفیسر ابوالکلام قاسمی ، ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب ، پروفیسر عتیق اللہ ،
پروفیسر عبدالستار دلوی ، پروفیسر عمرالدین ، ڈاکٹر سعیدہ پٹیل، محمد یاسین
قدوسی ، فاطمہ بیگم پروین ،سید مظفر اقبال اور ڈاکٹر بی بی رضا خاتون
وغیرہم شامل ہیں ۔یہ مجلہ سرسید کی تحریکی جدوجہد اور اس کی افادیت کے پیش
نظر ایک دستاویزی حیثیت کا حامل ہے جس کا سہرا انجمن اسلام اور اردو ریسرچ
انسٹی ٹیوٹ کے سر جاتا ہے ۔اس کا مطالعہ بلا شبہ دور جدید کے تعلیمی تقاضوں
اور ضرورتوں کیلئے قارئین میںحوصلوں اور امنگوں کی لہر دوڑا سکتا ہے جس کی
فی زمانہ اشد ضرورت ہے ۔ اس خصوصی شمارے کی قیمت 200/-روپئے رکھی گئی ہے ۔شائقین
اس کے حصول کیلئے انجمن اسلام اردو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ۹۲ دادا بھائی نوروجی
روڈ ممبئی ۴۰۰۰۰۸سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔فون : 22651353
|